• KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • ISB: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • ISB: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm

’چینی ہمارے دوست ہیں، اس لیے ہم دونوں کے دشمن زیادہ بن گئے ہیں‘

شائع November 24, 2018
مراد علی شاہ نے چینی سفیر سے ملاقات کی—فوٹو:ڈان نیوز
مراد علی شاہ نے چینی سفیر سے ملاقات کی—فوٹو:ڈان نیوز

کراچی: وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ چینی ہمارے دوست اور ترقیاتی کاموں میں شراکت دار ہیں، اس لیے ہمارے دشمن بہت بن گئے ہیں۔

کراچی میں چینی قونصل خانے پر حملے کے بعد وزیر اعلیٰ سندھ نے آج (24 نومبر کو) چینی سفیریاؤ جنگ سے ملاقات کی، اس دوران چینی قونصل جنرل وانگ یو، چیف سیکریٹری ممتاز شاہ، انسپکٹر جنرل (آئی جی) سندھ پولیس کلیم امام، پرنسپل سیکریٹری ساجد جمال ابڑو موجود تھے۔

مزید پڑھیں: کراچی: چینی قونصل خانے پر حملے کی کوشش ناکام، 2 پولیس اہلکار شہید

چینی سفیر نے وزیر اعلیٰ سندھ سے کہا کہ گزشتہ روز یہ واقعہ پیش آیا اور آج میں آپ سے ملنے آیا ہوں، میں آپ کا شکر گزار ہوں کہ آپ نے فوری ہم سب سے رابطہ کیا اور حملے کو ناکام بنایا۔

اس موقع پر وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ چینی ہمارے بھائی ہیں، ان کی سیکیورٹی ہمارے لیے بہت اہم ہے، واقعے کے فوری بعد میں نے چینی قونصلیٹ کا دورہ کیا اور امن امان کی صورتحال پر اجلاس بلایا۔

وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ میں نے قونصلیٹ کی سیکیورٹی آڈٹ کی ہدایت کی ہے جبکہ ہم ان تمام پولیس اہکاروں کو جو قونصلیٹ کی ڈیوٹی پر مامور ہیں بلٹ پروف جیکٹس دیں گے۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ چینی ہمارے دوست اور ترقیاتی کاموں میں شراکت دار ہیں، اس لیے ہمارے دشمن بہت بن گئے ہیں۔

وزیر اعلیٰ سندھ نے یاؤ جنگ کو چینی قونصل خانے کو بہترین سیکیورٹی دینے کی یقین دہانی کرائی اور کہا کہ سیف سٹی پروجیکٹ کو ہم جلد مکمل کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ چینی قونصل خانے پر حملہ کرنے والے دہشت گرد بلوچستان سے آئے تھے، میں نے وزیر اعلیٰ بلوچستان سے بھی بات کی ہے، ہم مل کر دونوں صوبوں کی سرحد پر سیکیورٹی کے مزید سخت انتظامات کریں گے۔

یہ بھی پڑھیں: کراچی: چینی قونصلیٹ پر کس طرح حملے کی کوشش کی گئی؟

خیال رہے کہ گزشتہ روز کراچی کے علاقے کلفٹن میں چینی قونصل خانے پر دہشت گردوں نے حملہ کیا تھا، جسے قانون نافذ کرنے والے اداروں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ناکام بنا دیا تھا۔

اس حملے کو ناکام بنانے میں 2 پولیس اہلکاروں نے جانوں کا نذرانہ پیش کیا تھا جبکہ ویزے کے لیے آئے ہوئے باپ، بیٹا بھی جاں بحق ہوئے تھے تاہم فورسز کی جوابی کارروائی میں تمام دہشت گرد ہلاک ہوگئے تھے۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024