• KHI: Maghrib 6:11pm Isha 7:26pm
  • LHR: Maghrib 5:37pm Isha 6:58pm
  • ISB: Maghrib 5:41pm Isha 7:04pm
  • KHI: Maghrib 6:11pm Isha 7:26pm
  • LHR: Maghrib 5:37pm Isha 6:58pm
  • ISB: Maghrib 5:41pm Isha 7:04pm

پی ٹی وی بدعنوانی کیس: شاہد مسعود جسمانی ریمانڈ پر ایف آئی اے کے حوالے

شائع November 24, 2018
سابق ایم ڈی پی ٹی وی کو ایف آئی اے نے گرفتار کیا تھا—فائل فوٹو
سابق ایم ڈی پی ٹی وی کو ایف آئی اے نے گرفتار کیا تھا—فائل فوٹو

اسلام آباد کی مقامی عدالت نے پاکستان ٹیلی ویژن (پی ٹی وی) بدعنوانی کیس میں گرفتار ادارے کے سابق ایم ڈی اور معروف اینکر ڈاکٹر شاہد مسعود کو 5 روزہ جسمانی ریمانڈ پر وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کے حوالے کردیا۔

ہفتہ وار تعطیل کے باعث ڈاکٹر شاہد مسعود کو ایف آئی اے کی عدالت کے بجائے اسلام آباد کی مقامی عدالت میں پیش کیا گیا، جہاں سول جج عامر عزیز نے ریمانڈ کی درخواست پر سماعت کی۔

دوران سماعت ایف آئی اے کی جانب سے ڈاکٹر شاہد مسعود کے 10 روزہ ریمانڈ کی استدعا کی گئی، جس پر سابق ایم ڈی پی ٹی وی کے وکیل شاہ خاور نے مخالفت کی۔

مزید پڑھیں: حکومت پر تنقید کرنے کی وجہ سے ایف آئی اے نشانہ بنا رہی ہے، شاہد مسعود

وکیل شاہ خاور نے نے اعتراض اتھاتے ہوئے کہا کہ اتنے طویل ریمانڈ کی ضرورت نہیں 24 گھنٹے کا ریمانڈ کافی ہے، اس سے زیادہ ریمانڈ نہ دیا جائے۔

جج عامر عزیز نے ایف آئی اے حکام سے استفسار کیا کہ کیا آپ نے تحقیقات کرلی؟ جس پر انہوں نے جواب دیا کہ ملزم نے اپنے آپ کو خود حوالے نہیں کیا تھا، اس لیے کافی چیزیں باقی ہیں۔

جج عامر عزیز نے مزید استفسار کیا کہ کیا یہ پہلا ریمانڈ ہے یا اس سے پہلے بھی ریمانڈ لیا گیا ہے؟ جس پر ایف آئی اے نے جواب دیا کہ ملزم کو کل ضمانت خارج ہونے پر اسلام آباد ہائیکورٹ سے گرفتار کیا تھا اور یہ ان کا پہلا ریمانڈ ہے۔

بعد ازاں عدالت نے ایف آئی اے کی 10 روز کی استدعا مسترد کردی جبکہ ڈاکٹر شاہد مسعود کا 5 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرتے ہوئے انہیں ایف آئی اے کے حوالے کردیا۔

واضح رہے کہ 23 نومبر کو ایف آئی اے نے پی ٹی وی بدعنوانی کیس میں ادارے کے سابق ایم ڈی ڈاکٹر شاہد مسعود کو عبوری ضمانت مسترد ہونے پر گرفتار کیا تھا۔

اس سے قبل 25 اکتوبر کو اسلام آباد کی مقامی عدالت نے سینئر صحافی ڈاکٹر شاہد مسعود کو گرفتار کرکے پیش کرنے کا حکم دیا تھا، تاہم ایف آئی اے کی جانب سے اس وقت ان کی گرفتاری کی کوشش کی گئی تھی لیکن کامیابی نہیں ملی تھی۔

شاہد مسعود پر الزامات

ڈاکٹر شاہد مسعود پر بطور ایم ڈی پی ٹی وی مبینہ طور پر 3 کروڑ 80 لاکھ روپے خوربرد کا الزام ہے۔

یہ بھی پڑھیں: عبوری ضمانت کی درخواست مسترد ہونے پر ڈاکٹر شاہد مسعود گرفتار

شاہد مسعود پر الزام ہے کہ انہوں نے ایم ڈی پی ٹی وی کے عہدے پر فائز رہتے ہوئے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے میڈیا رائٹس حاصل کرنے کے لیے جعلی کمپنی سے معاہدہ کیا تھا، جس سے پی ٹی وی کو کروڑوں روپے کا نقصان اٹھانا پڑا تھا۔

شاہد مسعود کے خلاف مبینہ طور پر 3 کروڑ 80 لاکھ روپے کے الزام پر رواں سال جون میں اسلام آباد کی مقامی عدالت نے ان کے نا قابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے تھے۔

کارٹون

کارٹون : 9 اکتوبر 2024
کارٹون : 8 اکتوبر 2024