کرتارپور کوریڈور کھلنے سے تعلقات بہتر ہوں گے، نریندر مودی
نئی دہلی: بھارتی وزیرِاعظم نریندر مودی نے پاکستان کی کرتار پور سرحد کھولنے کے اقدام کے تعریف کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ کوریڈور دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو بہتر بنانے کے لیے ایک ’پُل‘ ہے۔
ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بھارتی وزیرِ اعظم کا کہنا تھا کہ امید ہے کہ کرتار پور کی سرحد کھولنے سے دونوں ممالک کے لوگوں کے درمیان تعلقات مضبوط ہوں گے۔
اکنامک ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق انہوں نے کہا کہ لوگوں کے لوگوں سے رابطے میں بہت زیادہ طاقت ہوتی ہے۔
بھارتی وزیرِ اعظم کا یہ بھی کہنا تھا کہ کرتارپور کوریڈور پاکستان اور بھارت کے عوام کے درمیان پُل کا کام کرے گا۔
مزید پڑھیں: کرتار پور راہدرای کی تعمیر کے اعلان پر سکھ یاتریوں کی خوشی دیدنی
نریندر مودی نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان حکومتی سطح پر تعلقات میں بہتری اور تنازعات کا حل وقت پر ہی نکلے گا۔
یاد رہے کہ وزیرِ اعظم عمران کی تقریب حلف برداری کے دوران آرمی چیف جنرل قمر جاوید باوجوہ نے تقریب کے لیے آئے ہوئے سابق بھارتی کرکٹر اور ریاست پنجاب کے وزیرِ بلدیات نوجوت سنگھ سدھو سے ملاقات کی تھی۔
ملاقات کے دوران آرمی چیف نوجوت سنگھ سدھو سے بغل گیر ہوئے تھے اور ان سے کہا تھا کہ وہ گرو نناک صاحب کے یوم پیدائش کے موقع پر بھارتی سکھ یاتریوں کے لیے کرتارپور کی سرحد کھولنے سے متلعق بات کریں گے۔
یہ بھی پڑھیں: 'کرتارپور سرحد کی افتتاحی تقریب میں مدعو کیا گیا تو ایک ٹانگ پر چل کر بھی آؤں گا'
بعدِ ازاں پاکستانی حکومت کی جانب سے بھارتی حکومت کو باقاعدہ طور پر کرتارپور کی سرحد کھولنے سے متعلق پیشکش کی تھی۔
22 نومبر کو بھارتی حکومت نے پاکستان کی جانب سے کرتارپور کی سرحد کھولنے کی پیشکش کو قبول کرلیا، جبکہ بھارتی کابینہ نے سرحد کھولنے سے متعلق منظوری بھی دے دی۔
پاکستانی وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پاکستان نے پہلے ہی بھارتی حکومت کو بتا دیا تھا کہ وہ گرو نانک صاحب کے 550ویں یومِ پیدائش کے موقع پر کرتارپور سرحد کھولنے کا فیصلہ کرلیا۔
مزید پڑھیں: ’پاک بھارت جنگ کی بات کرنا احمقانہ سوچ ہے‘
ان کا مزید کہنا تھا کہ وزیرِ اعظم عمران خان 28 نومبر کو کرتارپور کوریڈور کا سنگِ بنیاد رکھیں گے۔
بھارتی وزارتِ خارجہ نے بھی نئی دہلی میں پاکستانی ہائی کمیشن کو خط لکھا اور کرتار پور سرحد کو کھولنے سے متعلق حکومتِ پاکستان کے فیصلے کو خوش آئند قرار دیا تھا۔
خط میں کہا گیا تھا کہ بھارتی حکومت ضلع گرداس پور میں ڈیرہ بابا نانک صاحب سے لے کر بین الاقوامی سرحد تک ’کرتار پور کوریڈور‘ قائم کرے گی۔
تبصرے (1) بند ہیں