امریکا: شاپنگ مال میں فائرنگ سے 2 افراد زخمی
امریکا کی ریاست الاباما کے مال میں 'بلیک فرائیڈے' کی شاپنگ کے دوران ہونے والی فائرنگ کے نتیجے میں 2 افراد زخمی ہوگئے جبکہ پولیس افسر کی فائرنگ سے حملہ آور ہلاک ہوگیا۔
واشنگٹن پوسٹ کی رپورٹ کے مطابق حکام کا کہنا ہے کہ فائرنگ کا واقعہ رات 9:30 بجے ہوور میں واقع ریورچیس گیلیریا مال میں پیش آیا۔
ریورچیس گیلریا انتظامیہ کا کہنا ہے کہ شاپنگ مال تاحکم ثانی بند رہے گا۔
ادھر سی این این کی رپورٹ کے مطابق پولیس نے بتایا کہ ریورچیس گیلریا مال میں 18 سالہ نوجوان اور 21 سالہ حملہ آور کے دوران معمولی جھگڑا ہوا جس کے بعد فائرنگ کی گئی۔
مزید پڑھیں: امریکا: یہودی عبادت گاہ میں فائرنگ، 11 افراد ہلاک
ہوور پولیس کے کیپٹن گریگ ریکٹر کا کہنا تھا کہ ‘پولیس کے علم میں نہیں آیا کہ حملے کا آغاز کیسے ہوا لیکن ہم نہیں مانتے کہ 18 سالہ لڑکے کے پاس اسلحہ موجود تھا۔'
انہوں نے بتایا کہ جیسے ہی حملہ آور نے جائے وقوع سے فرار ہونے کی کوشش کی ایک افسر نے اس پر فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں وہ ہلاک ہوگیا۔
گریگ ریکٹر نے بتایا کہ فائرنگ کے نتیجے میں 12 بچی لڑکی بھی زخمی ہوئی۔
انہوں نے سی این این کو بتایا کہ ’لڑکی کو ایک گولی لگی تھی، اس کی سرجری کی جاچکی ہے اور اس کی حالت خطرے سے باہر ہے۔'
عینی شاہدین نے بتایا کہ انہوں نے 'تھینکس گِونگ ڈے' کے موقع پر شاپنگ مال کے اندر فائرنگ کی آواز سنی، جس کے بعد وہاں بھگدڑ مچ گئی۔
واضح رہے کہ امریکا کی مختلف ریاستوں کی میں فائرنگ کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے۔
چند ہفتے قبل امریکا کے شہر پٹس برگ میں یہودی عبادت گاہ میں فائرنگ کے نتیجے میں 11 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے تھے۔
یہ بھی پڑھیں: امریکا: اسکول میں فائرنگ سے پاکستانی طالبہ سمیت 10 ہلاک
رواں برس مئی میں امریکا کی ریاست ٹیکساس کے ہائی اسکول میں مسلح شخص کی فائرنگ سے پاکستانی طالبہ سبیکا عزیز شیخ سمیت 10 طلبہ ہلاک ہوئے تھے۔
سبیکا عزیز شیخ کینیڈی لوگر یوتھ ایکسچینج پروگرام کے تحت امریکا میں پڑھائی کرنے گئی تھیں۔
رواں سال کے اوائل میں فلوریڈا کی ہائی اسکول میں فائرنگ سے 17 طلبہ ہلاک ہوئے تھے، جس کے بعد ملک بھر میں ’گن کنٹرول‘ کی حمایت میں بڑے پیمانے پر مظاہرے ہوئے تھے۔