• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:07pm
  • LHR: Maghrib 5:10pm Isha 6:33pm
  • ISB: Maghrib 5:12pm Isha 6:37pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:07pm
  • LHR: Maghrib 5:10pm Isha 6:33pm
  • ISB: Maghrib 5:12pm Isha 6:37pm

قونصلیٹ حملہ: 'پاکستانی سیکیورٹی اداروں کی بروقت کارروائی کو سراہتے ہیں'

شائع November 23, 2018
چینی وزارت خارجہ کے ترجمان جینگ شوانگ — فائل فوٹو
چینی وزارت خارجہ کے ترجمان جینگ شوانگ — فائل فوٹو

چین نے کراچی میں قائم ان کے قونصل خانے پر دہشت گردی کے حملے کی شدید مذمت کی اور پاکستان سے درخواست کی کہ چینی شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے۔

فرانسیسی خبر رساں ادارے 'اے ایف پی' کی رپورٹ کے مطابق چینی وزارت خارجہ کے ترجمان جینگ شوانگ نے پریس بریفنگ کے دوران بتایا کہ دہشت گردی کے حملے میں چینی قونصل خانے کا تمام عملہ اور ان کے خاندان مکمل طور پر محفوظ رہے۔

انہوں نے کہا کہ ’سفارتی ایجنسی کے خلاف دہشت گرد حملے کی پُرزور مذمت کرتے ہیں اور پاکستان سے درخواست کرتے ہیں کہ ملک میں چینی شہریوں اور اداروں کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے‘۔

مزید پڑھیں: کراچی: چینی قونصل خانے پر حملے کی کوشش ناکام، 2 پولیس اہلکار شہید

دوسری جانب پاکستان میں موجود چینی سفارتخانے نے کراچی میں موجود چینی قونصل خانے پر حملے کے دوران پاک فوج، پولیس اور دیگر سیکیورٹی اداروں کی بروقت کارروائی کو سراہا۔

چینی سفارتخانے نے پاکستان میں چینی قونصل خانے پر حملے کی شدید مذمت کی۔

انہوں نے کہا کہ اب صورتحال کنٹرول میں ہیں اور 3دہشت گردوں کو ہلاک کردیا گیا جبکہ حملے میں کوئی چینی شہری ہلاک یا زخمی نہیں ہوا۔

چینی سفارتخانے کا کہنا تھا کہ حملے کے خلاف بروقت کارروائی پر پاکستانی فوج اور پولیس کی تعریف کرتے ہیں۔

بیان میں کہا گیا کہ حملے میں دو پاکستانی پولیس اہلکاروں کی شہادت پر افسوس کا اظہار کرتے ہیں، ہمیں یقین ہے کہ پاکستان اپنے ملک میں موجود چینی اداروں اور حکام کی حفاظت یقینی بنائے گا۔

سفارتخانے نے یہ بھی واضح کیا کہ پاک چین تعلقات کو نقصان پہنچانے کی ہر کوشش ناکام ہوگی۔

خیال رہے کہ آج صبح کراچی کے علاقے کلفٹن میں قائم چینی قونصل خانے کے قریب فائرنگ سے 2 پولیس اہلکار شہید، 2 نامعلوم افراد جاں بحق اور ایک سیکیورٹی گارڈ زخمی ہوگیا تھا جبکہ جوابی کارروائی میں تینوں حملہ آور مارے گئے تھے۔

مذکورہ چینی قونصل خانہ سفارت کاروں اور دیگر عملے کو رہائش بھی فراہم کرتا ہے۔

حملہ آوروں نے قونصل خانے کے قریب سیکیورٹی گارڈز پر فائرنگ کی تھی اور عمارت میں داخل ہونے کی کوشش کی تاہم رینجرز، پولیس اور نجی سیکیورٹی گارڈز کی بروقت کارروائی کی مدد سے حملہ ناکام بنادیا گیا۔

وزیراعظم عمران خان نے حادثے کی پرزور مذمت کی اور کہا کہ ’ایسے واقعات پاک–چین تعلقات کو خراب کرنے میں کامیاب نہیں ہوسکتے‘۔

اس کے ساتھ ہی سابق وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف سمیت دیگر سیاسی رہنماؤں کی جانب سے بھی حملے کی مذمت کی گئی ہے۔

امریکا اور بھارت کا اظہار مذمت

امریکا کے چارجڈ افیئرز (سی ڈی اے) سفارتکار پال جونز نے اسلام آباد میں قائم امریکی سفارت خانے کی جانب سے ایک ٹوئٹ میں کہا کہ ’امریکا، کراچی میں قائم چینی قونصل خانے پر حملے کی پُرزور مذمت کرتا ہے‘۔

یہ بھی پڑھیں : وزیر اعظم سمیت دیگر رہنماؤں کی دہشتگردی کے واقعات کی مذمت

بھارتی وزارت خارجہ کے ترجمان رویش کمار کی جانب سے ایک ٹوئٹ میں کہا گیا کہ ’ہم اس حملے کے نتیجے میں قیمتی جانوں کے نقصان پر اظہار تعزیت کرتے ہیں، دہشت گردی کے کسی بھی عمل کی کوئی وضاحت نہیں دی جاسکتی۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ ’اس حملے کی سازش میں ملوث لوگوں کو انصاف کے کٹہرے میں لانا چاہیے، ایسے دہشت گردی کے حملے عالمی برادری میں دہشت گردی کے خلاف اقدامات کو مضبوط بناتے ہیں‘۔

کارٹون

کارٹون : 5 نومبر 2024
کارٹون : 4 نومبر 2024