دورہ ملائیشیا پر مہاتیر محمد کا وزیراعظم عمران خان سے اظہارِ تشکر
وزیراعظم پاکستان عمران خان ملائیشیا کے دو روزہ سرکاری دورے سے کے بعد وطن واپس پہنچ چکے ہیں۔
ان کے دورے کے بعد ملائیشین وزیراعظم مہاتیر محمد نے بطورِ خاص سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ٹوئٹ کر کے ان کا شکریہ ادا کیا اور اسے دونوں ممالک کے لیے خوش آئند قرار دیا۔
پیغام میں ملائیشیا کے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ’میں ملائیشیا کا دورہ کرنے پر آپ کا شکریہ ادا کرتا ہوں اور امید کرتا ہوں کہ آپ کا اور آپ کے وفد کا وقت ثمر آور رہا ہوگا‘۔
مہاتیر محمد کامزید کہنا تھا کہ’ مجھے یقین ہے کہ آپ کا دورہ دونوں ممالک، خطے اور عوام کے درمیان بہترین تعاون کے فروغ اور تبادلے کا باعث بنے گا‘۔
اپنے پیغام کے ساتھ ڈاکٹر مہاتیر محمد کی جانب سے وزیراعظم پاکستان عمران خان اور ان کے وفد کے دورہ ملائیشیا کی تصاویر بھی شیئر کی گئیں۔
واضح رہے کہ وزیر اعظم عمران خان 20 نومبر کی رات کو ملائیشیا کے 2 روزہ دورے پر اپنے وفد کے ہمراہ کوالالمپور پہنچے تھے۔ وزیراعظم کے ہمراہ ملائیشیا جانے والے وفد میں و زیر خارجہ شاہ محمود قریشی، وزیر خزانہ اسد عمر اور مشیر برائے تجارت عبدالرزاق داؤد بھی موجود تھے۔
جہاں انہوں نے ملائیشیا کے وزیر اعظم مہاتیر محمد کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس کی اور انہیں 23 مارچ 2019 کو یومِ پاکستان کی تقریبات میں شرکت کے لیے پاکستان آنے کی دعوت دی۔
یہ بھی پڑھیں: 'اسلام آباد، ملائیشیا کے تجربے سے استفادہ کرنے کا خواہشمند'
ملائیشین وزیر اعظم نے پاکستانی ہم منصب کی دعوت قبول کرتے ہوئے کہا کہ وہ مارچ میں پاکستان کا دورہ کریں گے، ان کا مزید کہنا تھا کہ دونوں ممالک نے باہمی بات چیت کا سلسلہ جاری رکھنے پر اتفاق کیا تھا۔
بعد ازاں وزیراعظم پاکستان نے ملائیشیا کے بادشاہ سے بھی ملاقات کی تھی اور ملائیشیا میں موجود پاکستانیوں کے ایک اجتماع سے بھی خطاب کیا تھا ۔