• KHI: Fajr 5:58am Sunrise 7:19am
  • LHR: Fajr 5:37am Sunrise 7:02am
  • ISB: Fajr 5:45am Sunrise 7:12am
  • KHI: Fajr 5:58am Sunrise 7:19am
  • LHR: Fajr 5:37am Sunrise 7:02am
  • ISB: Fajr 5:45am Sunrise 7:12am

’پانی کا بحران حل نہیں ہوا تو لوگ ملک سےہجرت کرنے پر مجبور ہوجائیں گے‘

شائع November 22, 2018
چیف جسٹس ثاقب نثار کی پاکستانی نژاد برطانوی اراکین پارلیمنٹ سے ملاقات ہوئی—فوٹو: بشکریہ ریڈیو پاکستان
چیف جسٹس ثاقب نثار کی پاکستانی نژاد برطانوی اراکین پارلیمنٹ سے ملاقات ہوئی—فوٹو: بشکریہ ریڈیو پاکستان

چیف جسٹس پاکستان میاں ثاقب نثار کا کہنا ہے کہ ڈیم کی تعمیر پاکستان کے لیے ناگزیر ہے، پانی کے بحران کا حل نہیں نکالا گیا تو لوگ ملک سے ہجرت کرنے پر مجبور ہوجائیں گے۔

ریڈیو پاکستان کی رپورٹ کے مطابق چیف جسٹس نے یہ بات پاکستانی نژاد برطانوی اراکینِ پارلیمنٹ سے گفتگو میں کہی۔

ان کا کہنا تھا کہ دیا مر بھاشا ڈیم کی تعمیر کے لیے فنڈز کی ضرورت ہے اور بیرونِ ملک مقیم پاکستانی ڈیم فنڈ میں عطیات دینا چاہتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: چیف جسٹس میاں ثاقب نثار 9 روزہ دورے پر آج لندن روانہ ہوں گے

چیف جسٹس نے برطانوی پارلیمنٹ کا دورہ بھی کیا اور ایوان میں سوالات وجوابات کے سیشن میں شرکت کی، اس موقع پر نظامِ انصاف کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ کوئی معاشرہ انصاف کے بغیر نہیں چل سکتا۔

لندن میں پاکستانی ہائی کمیشن کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ چیف جسٹس پاکستان میاں ثاقب نثار کے اعزاز میں سینٹرل لندن برطانیہ کے وکلا نے استقبالیہ دیا۔

مذکورہ استقبالیے سے خطاب کرتے ہوئے چیف جسٹس نے کہا کہ سمندر پار پاکستانی اپنے ملک کے لیے بہترین کام اور اس کا نام روشن کر رہے ہیں اس کے ساتھ معیشت کو مستحکم کرنے میں بھی اپنا اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان میں مقیم تمام قوموں کو برابری کی بنیاد پر انصاف فراہم کیا جارہا ہے، یہاں خوشحالی بھی آرہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ’میں کسی ایک قبقے کا نہیں بلکہ پورے پاکستان کا چیف جسٹس ہوں، پاکستان میں انصاف کے تقاضے پورے کیے جارہے ہیں‘۔

واضح رہے کہ چیف جسٹس میاں ثاقب نثار 20 نومبر کو 9 روزہ دورے پر برطانیہ روانہ ہوئے تھے۔

ان کے دورے کا مقصد اپنے بیٹے نجم ثاقب کی گریجویشن کی تقریبِ اسناد میں شرکت اور سپریم کورٹ دیا مربھاشا ڈیم کے لیے فنڈ جمع کرنے کے حوالے سے مہم میں حصہ لینا تھا۔

مزید پڑھیں: سپریم کورٹ کے موجودہ 8 ججز چیف جسٹس بنیں گے

اس کے ساتھ برطانیہ میں مقیم پاکستانی کمیونٹی سے ملاقاتیں بھی چیف جسٹس کے شیڈول میں شامل ہیں جن کی درخواست پر چیف جسٹس دورہ کر رہے ہیں۔

یاد رہے کہ چیف جسٹس میاں ثاقب نثار اپنے غیر ملکی دورے کے تمام اخراجات اپنی جیب سے ادا کررہے ہیں۔

خیال رہے کہ چیف جسٹس کا دورہ برطانیہ 20 نومبر سے 28 نومبر تک جاری رہے گا، اس دوران وہ برطانیہ کے شہر لندن، مانچسٹر، برمنگھم اور بریڈ فورڈ کے دورے کے دوران ڈیم فنڈ سے متعلق تقریبات میں شرکت کریں گے۔

ان کی غیر موجودگی میں ان کی جگہ جسٹس گلزار احمد قائم مقام چیف جسٹس کے فرائض سرانجام دے رہے ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 15 جنوری 2025
کارٹون : 14 جنوری 2025