گلگت بلتستان کو سی پیک میں نظر انداز کیا گیا، بلاول بھٹو زرداری
ہنزہ: پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو نے الزام لگایا ہے کہ گلگت بلتستان (جی بی) کو پاک ۔ چین اقتصادی راہداری (سی پیک) منصوبوں میں نظر انداز کیا گیا۔
گلگت بلتستان کے ضلع نگر میں عوامی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے دعویٰ کیا کہ گلگت بلتستان کے حقوق کے لیے موثر آواز اٹھائیں گے اور اب یہاں کے حقوق کی جنگ لڑنا ہماری اولین ترجیح ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ’دوسروں کی سیاست انہی پر لیکن پیپلز پارٹی کی سیاست عوام پر ختم ہوتی ہے‘
انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے ہر برے دن میں گلگت بلتستان کے جیالوں نے ہر اول دستہ بن کر کام کیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ جب بھی پیپلز پارٹی کو دہشت گردوں کے ذریعے ٹارگٹ کرنے کی کوشش کی گئی تو یہاں کے کارکنوں نے اپنی جانوں کا نظرانہ پیش کیا، چاہے وہ سانحہ کارساز ہو یا کوئی اور افسوس ناک واقعہ۔
بلاول بھٹو نے واضح کیا کہ گلگت بلتستان میں پیپلز پارٹی کی بنیاد نگر سے رکھی گئی اور 9 جولائی 2017 کو حکومتی اتحاد، حریف جماعت کے ساتھ ہونے کے باجود نگر کے جیالوں نے پیپلز پارٹی کو ووٹ دیا اور کامیاب بنایا جس پر مبارکباد دیتا ہوں۔
مزید پڑھیں: 'نگراں حکومت نے پولیس کو پیپلز پارٹی توڑنے کا ٹاسک دیا تھا'
انہوں نے امید ظاہر کی کہ ’جیالے آئندہ بھی اس تسلسل کو برقرار رکھیں گے‘۔
چیئرمین پیپلز پارٹی نے وزیر اعظم پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ 'عمران خان نے روزگار دینے کا وعدہ کیا تھا لیکن آج ان کی حکومت میں پڑھے لکھے نوجوان ڈگریاں جلا رہے ہیں۔'
ان کا کہنا تھا کہ عوام پر مہنگائی کا بم گرا دیا گیا جس کی واضح مثال گیس، بجلی اور پیٹرول کی قیمتوں میں اضافہ ہے۔