وزیراعظم عمران خان کی متحدہ عرب امارات کے ہم منصب سے ملاقات
وزیراعظم عمران خان ایک روزہ سرکاری دورے پر متحدہ عرب امارات (یو اے ای) پہنچ گئے ہیں جہاں ان کی ہم منصب شیخ محمد بن راشدالمختوم سے ملاقات ہوئی۔
پی ٹی آئی کی جانب سےجاری ایک بیان کے مطابق وزیراعظم نے شیخ محمد بن راشد المختوم سے ملاقات کی جو وزیراعظم کا منصب سنبھالنے کے بعد عمران خان کی دبئی کے حکمراں سے پہلی ملاقات ہے۔
ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور اہم عالمی اور علاقائی مسائل بھی زیر بحث آئے۔
آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ،وزیرخزانہ اسد عمر، وزیر پیٹرولیم غلام سرور اور مشیر تجارت بھی وزیراعظم کے ہمراہ ہیں۔
قبل ازیں صدارتی محل پہنچنے پر ابوظہبی کے ولی عہد شیخ محمدبن زید بن سلطان النہیان نے وزیراعظم کا استقبال کیا۔
وزیراعظم عمران خان کو گارڈ آف آنر بھی پیش کیا گیا، اس موقع پر یو اے ی کی مسلح افواج کے ڈپٹی کمانڈر بھی موجود تھے۔
شیخ محمدبن زید بن سلطان النہیان نے وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کی جس میں دوطرفہ تعلقات کو فروغ دینے پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔
دونوں رہنماؤں کے درمیان دو طرفہ تعلقات، علاقائی اور عالمی اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعظم عمران خان کی متحدہ عرب امارات کے حکام سے ملاقاتوں کے بعد جاری مشترکہ اعلامیے کے مطابق دونوں فریقین نے تعاون کو آگے بڑھانے اور تجارت، سرمایہ کاری، معاشی ترقی، توانائی، انفراسٹرکچر اور زراعت کے شعبوں میں شراکت داری کے لیے ایک واضح روڑ میپ کے خاکے پر اتفاق کیا تاکہ معاشی شراکت داری سے فوری فائدہ حاصل کیا جاسکے۔
اعلامیے کے مطابق متحدہ عرب امارات کے حکام نے پاکستانی ماہرین کے ساتھ ساتھ مزدوروں کی ریاست کی ترقی میں اہم کردار کو سراہا اور دونوں فریقین نے لیبر سےمتعلق معاملات میں تعاون کو بڑھانے پر بھی اتفاق کیا۔
اس سے قبل دبئی انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر یو اے ای کے وزیر مملکت سلطان بن جابر نے پاکستانی وفد کا استقبال کیا۔
قبل ازیں ریڈیو پاکستان کی رپورٹ میں سفارتی ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا کہ وزیراعظم کو اس دورے کی دعوت ابوظہبی کے ولی عہد شیخ محمد بن زید بن سلطان النیہیان نے دی تھی۔
دورے کے دوران سرمایہ کاری امور پر مذاکرات ہوں گے۔
مزید پڑھیں: وزیراعظم عمران خان سرکاری دورے پر چین پہنچ گئے
وزیر اعظم عمران خان کا یہ دورہ دوست ممالک سے اقتصادی تعاون کے حصول کی کوششوں کا حصہ ہے، جہاں سعودی عرب اور چین کے بعد سب سے بڑا پیکیج ملنے کا امکان ہے۔
وزیر اعظم عمران خان یو اے ای کے نائب صدر اور وزیر اعظم شیخ محمدبن راشد المکتوم سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔
اس سے قبل ستمبر 2018 کو وزیراعظم عمران خان نے اپنے پہلے غیرملکی سرکاری دورے میں سعودی عرب کے فرماں روا شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد محمد بن سلمان سے جدہ میں ملاقات کی، جہاں انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا جس کے بعد وہ وفد کے ہمرا متحدہ عرب امارات پہنچے تھے۔
وزیراعظم اور ان کا وفد متحدہ عرب امارات کے امیر کی دعوت پر ابو ظہبی روانہ ہوا تھا اور ولی عہد محمد بن زید النیہان نے ائرپورٹ پر ان کا استقبال کیا تھا، جہاں متحدہ عرب امارات کے حکام سے ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور پر گفتگو ہوئی تھی۔
یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم عمران خان کی سعودی فرمان روا شاہ سلمان سے ملاقات
بعد ازاں 2 نومبر کو وزیراعظم عمران خان عوامی جمہوریہ چین کے سرکاری دورے پر چین کے دارالحکومت بیجنگ گئے تھے۔
وزیراعظم کے بیجنگ پہنچنے پر چین کے وزیر ٹرانسپورٹ لی زیاؤپنگ، پاکستان کے لیے چینی سفیر یاؤ جنگ اور چین میں پاکستانی سفیر مسعود خالد نے ان کا استقبال کیا تھا۔