• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

تبلیغی جماعت کے امیر حاجی محمد عبدالوہاب انتقال کرگئے

شائع November 18, 2018 اپ ڈیٹ November 19, 2018

پاکستان میں تبلیغی جماعت کے امیر اور معروف مذہبی شخصیت حاجی محمد عبدالوہاب طویل علالت کے بعد لاہور میں انتقال کر گئے۔

رائے ونڈ میں قائم تبلیغی مرکز کے عہدیداروں کے حوالے سے میڈیا کو بتایا گیا کہ عبدالوہاب کی نماز جنازہ اور تدفین بعد نماز مغرب کردی گئی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق حاجی عبدالوہاب گزشتہ کئی روز سے نجی ہسپتال میں زیر علاج تھے اور وینٹی لیٹر پر تھے۔

مزید پڑھیں: بااثر مسلم شخصیات میں شامل پاکستانی

رپورٹس میں تبلیغی مرکز رائے ونڈ کے اعلامیے کے حوالے سے بتایا گیا کہ حاجی عبدالواہاب کو ڈینگی بخار کے باعث ہسپتال منتقل کیا گیا تھا، اس کے علاوہ انہیں سانس اور سینے کی تکلیف بھی تھی۔

حاجی محمد عبدالوہاب یکم جنوری 1923 کو برصغیر ہندوستان کے شہر دہلی میں پیدا ہوئے، انہوں نے اسلامیہ کالج لاہور سے گریجویشن مکمل کیا تھا جبکہ وہ تبلیغی جماعت کے تیسرے امیر تھے۔

حاجی محمد عبدالوہاب نے اپنی پوری زندگی تبلیغ دین اور اس کی اشاعت کے لیے وقف کر رکھی تھی۔

خیال رہے کہ اکتوبر 2014 کو عمان کے تحقیقی ادارے رائل اسلامک اسٹریٹجک اسٹیڈیز سینٹر نے دنیا کی 5 سو بااثر ترین مسلمان شخصیات کی فہرست شائع کی تھی جس میں پاکستان کی عالمی سطح پر سب سے بااثر قرار پائی جانے والی شخصیات میں تبلیغی جماعت کے سربراہ حاجی محمد عبدالوہاب کا 10واں نمبر تھا۔

یہ بھی پڑھیں: ڈاکٹر شیخ احمد 500 بااثر مسلم شخصیات میں سہر فہرست

اس کے علاوہ اردن کے رائل اسلامک اسٹریٹجک اسٹڈیز سینٹر نے دنیا بھر کی 5 سو با اثر ترین مسلم شخصیات سے متعلق اپنی 2018 کی رپورٹ جاری کی تھی۔

اسلامک اسٹڈیز سینٹر کی شائع ہونے والی رپورٹ 272 صفحات پر مشتمل تھی جس میں اسلامی دنیا کی سب سے بااثر شخصیت الازہر یونیورسٹی کے پروفیسر ڈاکٹر شیخ احمد کو قرار دیا گیا تھا جب اس فہرست میں پاکستان میں تبلیغی جماعت کے سربراہ حاجی محمد عبدالوہاب بھی شامل تھے۔

حاجی محمد عبدالوہاب کے انتقال پر اہم شخصیات کا اظہار تعزیت

حاجی عبدالوہاب کے انتقال پر ملک کی سیاسی اور سماجی شخصیات سمیت دیگر نے اظہار تعزیت کرتے ہوئے انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔

چیف جسٹس سپریم کورٹ آف پاکستان میاں ثاقب نثار نے تبلیغی جماعت کے امیر کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا۔

انہوں نے امیر تبلیغی جماعت کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے ان کے پسماندگان کے لیے صبر کی دعا کی۔

وزیراعظم عمران خان نے تبلیغی جماعت کے امیر حاجی عبدالوہاب کی وفات پر گہرے رنج و غم کا اظہارکیا ہے۔

انہوں نے ایک تعزیتی پیغام میں کہا کہ ایک دینی مبلغ کی حیثیت سے ان کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔ وزیراعظم نے سوگوار خاندان سے تعزیت کی اور مرحوم کے درجات کی بلندی کیلئے دعا کی۔

سابق وزیراعظم اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے تاحیات قائد محمد نواز شریف، پارٹی کے صدر شہباز شریف، پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز، پارٹی کے رہنما انجینئر امیر مقام اور پارٹی کی ترجمان مریم اورنگزیب نے تبلیغی جماعت کے امیر حاجی محمد عبدالوہاب کے انتقال پر رنج و غم کا اظہار کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ حاجی عبدالوہاب ان بزرگوں میں نمایاں مقام رکھتے ہیں جنہوں نے دین کی تبلیغ کے لیے اپنی زندگی وقف کی اور اسلامی طرز زندگی کے احیاء اور آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی سنت طیبہ کی تعلیم و تربیت میں آپ کا کردار ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے تبلیغ کو ایک تحریک کی شکل دی اور اسے پوری دنیا میں پھیلایا۔

رہنماؤں کا کہنا تھا کہ اللہ سبحانہ وتعالی کے پیغام اور آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی سیرت پاک کی دعوت و تبلیغ میں آپ کا کردار ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

سیاسی رہنماؤں کا کہنا تھا کہ مولانا عبدالوہاب نے انسانوں کے اخلاق و عمل کو دین اسلام کے اصولوں کے مطابق ڈھالنے کے لیے شاندار خدمت انجام دیں اور تبلیغی جماعت کی صورت میں ان کا یہ کار خیر انشاءاللہ جاری و ساری رہے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ حاجی عبدالوہاب نے لوگوں کو سکھایا کہ اخلاق، محبت اور اخلاص کی قوت سے زندگیاں تبدیل کی جا سکتی ہیں اور دین اسلام کی موجودہ دور کی ایک بڑی شخصیت کا انتقال عالم اسلام کے لیے ایک بڑا نقصان ہے۔

انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالی مرحوم کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور لواحقین کو ان کی رحلت کا صدمہ برداشت کرنے کی ہمت اور صبر دے، آمین۔

امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق، لیاقت بلوچ اور قائم مقام امیر حافظ محمد ادریس نے بھی حاجی عبدالوہاب کے انتقال پر گہرے دکھ اور رنج کا اظہار کیا۔

ایک جاری پیغام میں ان کا کہنا تھا کہ حاجی عبد الوہاب نے پوری زندگی اسلام کی دعوت و تبلیغ کا کام کیا اور وہ دین کو دنیا کے ہر فرد تک پہنچانے کے لیے کوشاں رہے جبکہ اسلام کی تبلیغ و اشاعت کے لیے ان کی خدمات ناقابل فراموش ہیں۔

جمعیت علماء اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن نے تبلیغی جماعت کے امیر حاجی محمد عبدالوہاب کی رحلت پر دلی دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حاجی عبدالوہاب کی دینی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ اللہ تعالی ان کے درجات بلند کرے اور انہیں جنت میں اعلیٰ مقام عطا کرے، ان کی دین کے لیے خدمات کو بھلایا نہیں جاسکتا۔

امیر جماعت الدعوہ حافظ محمد سعید اور دیگر رہنماؤں، عبدالرحمٰن مکی اور مولانا امیر حمزہ نے حاجی محمد عبدالوہاب کی وفات پر اظہار تعزیت کرتے ہوئے گہرے رنج و غم کا اظہار کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ حاجی محمد عبدالوہاب نے زندگی دعوت دین کے لیے وقف کررکھی تھی اور ان کی دینی خدمات کو تادیر یاد رکھا جائے گا۔

علاوہ ازیں پشاور زلمی کے چیئرمین جاوید آفریدی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک پیغام میں تبلیغی جماعت کے امیر کے انتقال پر رنج کا اظہار کرتے ہوئے ان کے بلند درجات کے لیے دعا کی۔

معروف نیوز اینکر مبشر لقمان نے بھی اپنے ٹوئٹر پیغام میں حاجی عبدالوہاب کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے ان کے پسماندگان کے لیے صبر کی دعا کی۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024