گوگل نے پاکستان کو ڈیجیٹل دنیا میں تیزی سے ابھرتا ہوا ملک قرار دیدیا
دنیا کی معروف ترین ٹیکنالوجی کمپنی 'گوگل' کا کہنا ہے کہ پاکستان تیزی سے ڈیجیٹل ملک بن کر ابھر رہا ہے جس کا مطلب ہے کہ متعدد برانڈز کے لیے یہاں لاتعداد مواقع ہیں جہاں وہ اپنے صارفین سے براہ راست ’رابطہ‘ قائم کر سکتے ہیں۔
گوگل کی حالیہ رپورٹ کے مطابق پاکستان میں چھوٹے اور محدود پیمانے پر لاتعداد کاروبار انٹرنیٹ کی بدولت پروان چڑھ رہے ہیں اور اسے بتدریج مزید تقویت مل رہی ہے، جس کی ایک بڑی وجہ انٹرنیٹ صارفین کی تعداد میں اضافہ اور بڑا سرمایہ رکھنے والی غیر ملکی کمپنیوں کی دلچسپی ہے۔
گوگل نے پاکستان میں ڈیجیٹل اشتہارات کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے پانچ اہم نکات کا ذکر کیا۔
پاکستان جلد دنیا کی پانچویں بڑی آبادی والا ملک بن جائے گا
پاکستان کی آبادی تقریباً 20 کروڑ سے تجاوز کرچکی ہے جس کا مطالبہ ہے کہ ہر روز انٹرنیٹ استعمال کرنے والوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔
ایک تحقیق کے مطابق پاکستان میں شہری علاقوں کا پھیلاؤ تیزی سے ہورہا ہے، لوگ دیہی علاقوں سے نکل کر شہر کی زندگی اپنا رہے ہیں، پاکستان میں شہری آبادکاری کا رجحان بھارت کے مقابلے میں کہیں زیادہ ہو چکا ہے اور تقریباً 40 فیصد آبادی شہروں میں رہائش پذیر ہے۔
دنیا کی چوتھی بڑی ابھرتی ہوئی معاشی ریاست
پاکستان کا موجودہ فی کس جی ڈی پی تقریباً ایک ہزار 641 ڈالر ہے، اگر جی ڈی پی کی یہی رفتار برقرار رہی تو 2030 میں پاکستان چوتھی بڑی ابھرتی ہوئی معاشی ریاست بن جائے گا۔
پاکستان میں تقریباً 90 فیصد چھوٹی اور محدود پیمانے کی کمپنیاں (ایس ایم ایز) ہیں اور یہ چھوٹی کمپنیاں ملکی ضروریات کا 40 فیصد پورا کرتی ہیں جو ملکی جی ڈی پی کا 305 ارب ڈالر بنتا ہے۔
اسمارٹ فون میں اضافہ، بزنس میں بہتری
پاکستان میں تقریباً 5 کروڑ 90 لاکھ اسمارٹ فون کے صارفین ہیں جس میں اندازاً 83 فیصد 'اینڈرائڈ موبائل' استعمال کرتے ہیں، گزشتہ چند برس میں اینڈرائڈ موبائل کی قیمتوں میں کمی کے باعث اسے استعمال کرنے والوں کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے، جتنے اسمارٹ موبائل صارفین بڑھیں گے اس طرح آن لائن صارفین کی تعداد بھی بڑھے گی۔
انٹرنیٹ کے پھیلاؤ میں مسلسل اضافہ
پاکستان میں انٹرنیٹ صارفین کی تعداد 4 کروڑ 46 لاکھ (آبادی کا 22 فیصد) ہے، اس حقیقت کے تناظر میں آئندہ برسوں میں انٹرنیٹ صارفین کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہوگا، گزشتہ تین برس میں یوٹیوب کو دیکھنے والوں کی تعداد میں تقریباً 60 فیصد اضافہ ہوا ہے۔
چینی کمپنیوں کی سرمایہ کاری
پاکستان میں پاک ۔ چین اقتصادی راہداری (سی پیک) منصوبوں کے تحت چین 60 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کررہا ہے اور اسی منصوبے میں ملک کے اندر انٹرنیٹ تک رسائی کے لیے 820 کلومیٹر لمبی فائبر اپٹک کیبل بھی ڈالی جارہی ہے، جس کے نتیجے میں چین موبائل نامی کمپنی ملک میں 3 جی اور 4 جی میں سرمایہ کاری کر سکے گی۔
واضح رہے کہ اسی کمپنی نے 3 اور 4 جی میں مزید وسعت پیدا کرنے کے لیے مجموعی طور پر پاکستان میں 2.4 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کا اعلان کیا ہے۔