• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

سپریم کورٹ کے موجودہ 8 ججز چیف جسٹس بنیں گے

شائع November 16, 2018
جسٹس آصف سعید خان کھوسہ 18 جنوری 2019 کو چیف جسٹس کا عہدہ سنبھالیں گے — فوٹو: بشکریہ سپریم کورٹ
جسٹس آصف سعید خان کھوسہ 18 جنوری 2019 کو چیف جسٹس کا عہدہ سنبھالیں گے — فوٹو: بشکریہ سپریم کورٹ

سپریم کورٹ کے موجودہ 16 ججز میں سے 8 کو چیف جسٹس کا منصب سنبھالنے کا موقع ملے گا۔

چیف جسٹس سپریم کورٹ آف پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثار آئندہ سال 17 جنوری کو اپنی مدت مکمل کررہے ہیں، ان کی ریٹائرمنٹ کے بعد 8 ججز کو بالترتیب یہ عہدہ سنبھالنے کا موقع ملے گا۔

اس فہرست میں جسٹس آصف سعید خان کھوسہ، جسٹس گلزار احمد، جسٹس عمر عطا بندیال، جسٹس قاضی فائز عیسیٰ ، جسٹس اعجاز الاحسن، جسٹس سید منصور علی شاہ، جسٹس منیب اختر اور جسٹس یحییٰ آفریدی شامل ہیں۔

آئین کے مطابق سپریم کورٹ کے جج کی ریٹائرمنٹ کی عمر 65 سال مقرر ہے اور چیف جسٹس کی ریٹائرمنٹ کے بعد سینئر ترین جج کو چیف جسٹس کا عہدہ تفویض کیا جاتا ہے۔

سپریم کورٹ کے ججز کی موجودہ سنیارٹی لسٹ کے مطابق 8 ججز کو چیف جسٹس سپریم کورٹ آف پاکستان بننے کا موقع میسر آئے گا۔ اس کے علاوہ سپریم کورٹ کے دیگر 8 ججز صاحبان چیف جسٹس کے منصب پر پہنچنے سے قبل ہی ریٹائر ہوجائیں گے۔

واضح رہے کہ سپریم کورٹ میں چیف جسٹس سمیت 17 ججز صاحبان ہیں، جن میں سے 8 کو چیف جسٹس کا عہدہ سنبھالنے کا موقع ملے گا تاہم 8 ججز صاحبان یہ اہم ترین عہدہ ملنے سے قبل ہی ریٹائر ہوجائیں گے۔

17 جنوری 2019 کو چیف جسٹس میاں ثاقب نثار کے ریٹائر ہونے کے بعد 18 جنوری کو جسٹس آصف سعید خان کھوسہ چیف جسٹس کا عہدہ سنبھالیں گے اور وہ اسی سال 20 دسمبر کو ریٹائر ہوجائیں گے۔

ان کے بعد جسٹس گلزار احمد اس عہدہ پر فائز ہوں گے اور وہ یکم فروری 2022 تک چیف جسٹس کے عہدہ سے ریٹائر ہوجائیں گے، ان کے بعد 2 فروری کو جسٹس عمر عطاء بندیال، چیف جسٹس کا منصب سنبھالیں گے اور وہ 16ستمبر 2023 تک اس عہدے پر برقرار رہیں گے۔

جسٹس عمر عطا بندیال کی ریٹائرمنٹ کے بعد جسٹس قاضی فائز عیسیٰ، چیف جسٹس سپریم کورٹ آف پاکستان کا عہدہ سنبھالیں گے اور وہ 25 اکتوبر 2024 تک چیف جسٹس کے عہدے پر فائز رہیں گے۔

ان کی ریٹائرمنٹ کے بعد جسٹس اعجاز الاحسن، چیف جسٹس مقرر ہوں گے اور وہ 4 اگست 2025 کو ریٹائر ہو جائیں گے، ان کی جگہ جسٹس سید منصور علی شاہ، چیف جسٹس کا عہدہ سنبھالیں گے۔

جسٹس سید منصور علی شاہ 27 نومبر2027 کو ریٹائرمنٹ کی عمر کو پہنچیں گے اور ان کی جگہ جسٹس منیب اختر کو چیف جسٹس سپریم کورٹ آف پاکستان کا عہدہ سنبھالنے کا موقع ملے گا۔

جسٹس منیب اختر 13 دسمبر 2028 کو ریٹائرمنٹ کی عمر کو پہنچ کر سبکدوش ہوں گے اور ان کی جگہ جسٹس یحییٰ آفریدی چیف جسٹس سپریم کورٹ آف پاکستان مقرر ہوں گے جبکہ وہ 22 جنوری 2030 کو ریٹائر ہوں گے۔

عدالت عظمیٰ کے دیگر ججز میں سے جسٹس شیخ عظمت سعید آئندہ سال 27 اگست، جسٹس مشیر عالم 17 اگست 2021، جسٹس مقبول باقر 4 اپریل 2022، جسٹس منظور احمد ملک 30 اپریل 2021، جسٹس سردار طارق مسعود 10 مارچ 2024، جسٹس فیصل عرب 4 نومبر 2020، جسٹس مظہر عالم خان میاں خیل 13 جولائی 2022 اور جسٹس سجاد علی شاہ 13 اگست 2022 کو ریٹائر ہوں گے۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024