• KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • ISB: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • ISB: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm

ہندو لڑکی کی مسلمان لڑکے سے محبت دکھانے پر انتہا پسندوں کا فلم پر پابندی کا مطالبہ

شائع November 12, 2018
فلم کو آئندہ ماہ 7 دسمبر کو ریلیز کیا جائے گا—اسکرین شاٹ
فلم کو آئندہ ماہ 7 دسمبر کو ریلیز کیا جائے گا—اسکرین شاٹ

بولی وڈ کے چھوٹے خان سیف علی خان کی بیٹی سارہ علی خان یوں تو اب اپنی دوسری فلم ’سمبا‘ کی شوٹنگ میں بھی مصروف ہیں۔

تاہم ان کی پہلی فلم ’کیدر ناتھ‘ شروع سے ہی مشکلات کا شکار رہی ہے۔

اگرچہ تمام مشکلات اور طویل انتظار کے بعد گزشتہ ماہ 30 اکتوبر کو ’کیدر ناتھ’ کا مختصر ٹیزر جاری کیا گیا تھا، تاہم ٹیزر سامنے آتے ہی فلم کی ٹیم کی مشکلات مزید بڑھ گئیں۔

ٹیزر کے بعد 12 نومبر کو اگرچہ فلم کی ٹیم نے ‘کیدر ناتھ‘ کا ٹریلر بھی جاری کردیا ہے، جس میں سیف علی خان کی بیٹی سارہ علی خان کو ایک ہندو زائر اور اداکارہ سشانت سنگھ راجپوت کو مسلمان گائیڈڈ کے طور پر دکھایا گیا ہے۔

تاہم ٹریلر سے قبل ہی اس کے ٹیزر کو دیکھتے ہی ہندو انتہاپسندوں کا غصہ باہر آچکا تھا اور انہوں نے فلم کی ٹیم پر ’لو جہاد‘ کو فروغ دینے کا الزام لگا کر فلم پر پابندی کا مطالبہ کردیا۔

ویب سائیٹ ’دی وائر‘ نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ حکمران جماعت بھارتی جنتا پارٹی (بی جے پی) سے وابستہ ایک اہم شخص نے بھارت کے فلم سینسر بورڈ کو خط لکھ کر ’کیدر ناتھ‘ پر پابندی عائد کرنے کا مطالبہ کیا۔

رپورٹ کے مطابق بی جی پی اتراکھنڈ کے میڈیا ریلیشن کے عہدیدار اجندرا اجے نے سینٹرل بورڈ آف فلم سرٹیفکیشن (سی بی ایف سی) کو خط لکھ کر فلم کو ہندوؤں کے خلاف قرار دیا اور مطالبہ کیا کہ فلم کی نمائش پر پابندی عائد کی جائے۔

یہ بھی پڑھیں: افواہیں ختم ’کیدر ناتھ’ میں سارہ علی خان اور سشانت سنگھ کا رومانس سامنے آگیا

اجے وجندرا نے دعویٰ کیا کہ فلم سے ہندؤوں کے جذبات کو ٹھیس پہنچتی ہے، کیوں کہ اس میں ہندؤوں کے مذہبی تہوار کے دوران آنے والے قدرتی سیلاب کو دکھایا گیا ہے، ساتھ ہی فلم میں مذہبی تہوار میں شرکت کے لیے آنے والی نوجوان ہندو لڑکی کو ایک نوجوان گائیڈڈ کے ساتھ بوس و کنار کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے، جس سے ہندؤوں کے جذبات متاثر ہوئے۔

سشانت سنگھ راجپوت مسلمان کے روپ میں  نظر آئیں گے—اسکرین شاٹ
سشانت سنگھ راجپوت مسلمان کے روپ میں نظر آئیں گے—اسکرین شاٹ

انہوں نے اپنے خط میں فلم کے پوسٹرز اور ٹیزر میں ٹیم کی جانب سے دیے گئے جملے ’پیار ایک زائر کی طرح ہے‘ کو بنیاد بنا کر الزام عائد کیا کہ فلم ’لو جہاد‘ کو فروغ دیتی ہے۔

مزید پڑھیں: سارہ علی خان کی پہلی فلم ریلیز سے قبل تنازعات کا شکار

اگرچہ انہوں نے اپنے خط میں یہ نہیں بتایا کہ فلم میں ایک ہندو لڑکی کو مسلمان لڑکے سے محبت کرتے دکھایا گیا ہے، تاہم اب فلم کے ٹریلر میں دو مختلف مذاہب کے نوجوانوں کو پیار کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔

فلم میں سارہ علی خان نے ہندو لڑکی اور سشانت سنگھ راجپوت نے مسلمان لڑکے کا کردار ادا کیا ہے اور دونوں کو اس وقت محبت ہوجاتی ہے، جب سارہ علی خان ہندو مذہبی عبادات کے لیے کیدر ناتھ کے مقام پر پہنچتی ہے اور سشانت سنگھ راجپوت ان کے گائیٓڈڈ کا کردار ادا کرتے نظر آتے ہیں۔

فلم میں سارہ علی خان ہندو زائر کا کردار ادا کرتی نظر آئیں گی—اسکرین شاٹ
فلم میں سارہ علی خان ہندو زائر کا کردار ادا کرتی نظر آئیں گی—اسکرین شاٹ

فلم میں 2013 میں کیدر ناتھ کے مقام پر آنے والے تباہ کن سیلاب کو بھی دکھایا گیا ہے۔

ٹریلر میں ہندو زائر لڑکی کو مسلمان گائیڈڈ سے پیار کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے، ساتھ ہی دکھایا گیا ہے کہ ان کے اس رشتے کو سارہ علی خان کے گھر والے نہیں مانتے، لیکن تمام مخالفت کے باوجود وہ گائیڈڈ سے پیار کرتی دکھائی دیتی ہیں۔

اس فلم کو آئندہ ماہ 7 دسمبر کو ریلیز کیے جانے کا اعلان کیا گیا ہے، جب کہ فلم سینسر بورڈ نے تاحال ہندو انتہا پسندوں کے خط پر کوئی رد عمل نہیں دیا۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024