• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

ہاکی ٹیم کی مشکل آسان، ورلڈ کپ سے قبل اسپانسر مل گیا

شائع November 11, 2018 اپ ڈیٹ November 16, 2018
جاوید آفریدی پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر سے مصافحہ کر رہے ہیں — فوٹو، عبدالغفار
جاوید آفریدی پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر سے مصافحہ کر رہے ہیں — فوٹو، عبدالغفار

پاکستان کے قومی کھیل ہاکی کو اپنے ماضی کے عروج پر دوبارہ لانے کے لیے پشاور زلمی کے مالک جاوید آفریدی کرکٹ کے بعد ہاکی میں خدمات کے لیے سرگرم ہوگئے۔

پاکستان کے قومی کھیل کو ترقی دلانے کے لیے جاوید آفریدی میدان میں آگئے، اور ان کی کمپنی ہائیر پاکستان آئندہ 2 برس کے لیے قومی ٹیم کی اسپانسر بن گئی۔

پاکستان ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف) کے عہدیداران اور پشاور زلمی کے چیئرمین جاوید آفریدی کے درمیان اہم ملاقات میں ٹائٹل اسپانسر شپ کا اہم معاملہ طے پاگیا۔

لاہور میں مفاہمت کی یادشت سے متعلق ہونے والی اس تقریب میں جاوید آفریدی نے کہا کہ قومی کھیل دنیا بھر میں پاکستان کی پہچان رہا ہے۔

مزید پڑھیں: ہاکی ٹیم کیلئے فنڈز نہ ملے تو پاکستان کی جگ ہنسائی ہو گی، شہباز

انہوں نے کہا کہ پاکستان ہاکی ٹیم نے ماضی میں چار مرتبہ عالمی کپ، تین مرتبہ چیمپیئنز ٹرافی اور تین مرتبہ اولمپکس میں گولڈ میڈل جیت کر پاکستان کا سبز ہلالی پرچم بلند کیا۔

جاوید آفریدی نے مزید کہا کہ پاکستان میں کرکٹ کی طرح ہاکی کے کھیل میں بھی باصلاحیت کھلاڑی موجود ہیں جو قومی ٹیم کو اس کی کھوئی ہوئی ساکھ واپس دلواسکتے ہیں۔

پشاور زلمی کے چیئرمین نے باور کروایا کہ ان کی کمپنی ہی 2020 تک ہاکی ٹیم اور پی ایچ ایف کی اسپانسر ہوگی۔

انہوں نے یقین دلایا کہ ان کی کمپنی بین الاقوامی مقابلوں کے ساتھ ساتھ مقامی ایونٹس کے انعقاد کے لیے بھی پی ایچ ایف کا بھرپور ساتھ دے گا۔

یہ بھی پڑھیں: ہاکی ورلڈ کپ کیلئے پاکستان کو ویزا جاری کرنے کی یقین دہانی

اس موقع پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر خالد سجاد کھوکھر اور سیکریٹری شہباز سینئر نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جاوید آفریدی نے ایسے وقت میں پاکستان ہاکی کی مدد کی جب اسے اس کی اشد ضرورت تھی۔

خیال رہے کہ ہاکی کا عالمی میلا رواں ماہ 28 نومبر سے بھارت کے شہر بھوبنیشور میں شروع ہوگا۔

یاد رہے کہ 5 نومبر کو پی ایچ ایف کے سیکریٹری شہباز سینئر نے کہا تھا کہ اگر ہاکی ٹیم کے لیے 7 روز میں فنڈز نہیں ملے تو قومی ٹیم کی ورلڈ کپ میں شرکت مشکل ہو جائے گی۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ پی ایچ ایف پر بھاری جرمانے عائد ہوسکتے ہیں جبکہ پاکستان ہاکی کی پوری دنیا میں جگ ہنسائی بھی ہو گی۔

تبصرے (1) بند ہیں

Talha Nov 11, 2018 05:14pm
Kiya hiee acha ho keh agar yeh Sahib apnay employees ka ziyadah acha khayal karein? tou yehi sab sey badhiee khidmat ho giee ies mulk kiee na keh yeh dikhawa kartay phirain.......

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024