• KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:54am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:20am Sunrise 6:47am
  • KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:54am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:20am Sunrise 6:47am

’سرور کو کنٹرول کریں‘ طارق بشیر چیمہ کا جہانگیر ترین سے شکوہ

شائع November 10, 2018 اپ ڈیٹ November 11, 2018
جہانگیر ترین اور ق لیگ  رہنماؤں کی ملاقات کی ویڈیو لیک ہوگئی— فوٹو : ڈان نیوز
جہانگیر ترین اور ق لیگ رہنماؤں کی ملاقات کی ویڈیو لیک ہوگئی— فوٹو : ڈان نیوز

وفاقی وزیر طارق چیمہ نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینئر رہنما جہانگیر ترین سے گورنر پنجاب چوہدری سرور کی شکایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’سرور کو کنٹرول کریں، یہ آپ کے وزیرِ اعلیٰ کو بھی نہیں چلنے دیں گے‘۔

پی ٹی آئی رہنما جہانگیر ترین نے لاہور میں اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الٰہی سے ان کے گھر پر ملاقات کی اور اس موقع پر وفاقی وزیر طارق چیمہ سمیت مسلم لیگ (ق) کے دیگر رہنما بھی موجود تھے۔

اس ملاقات کی ویڈیو لیک ہوگئی جس میں وفاقی وزیر طارق بشیر چیمہ کو جہانگیر ترین سے گورنر پنجاب چوہدری سرور سے متعلق شکوہ کرتے ہوئے دیکھا گیا۔

انہوں نے پی ٹی آئی کے سینئر رہنما سے کہا کہ ’سرور کو کنٹرول کریں، وہ آپ کے وزیرِ اعلیٰ کو بھی چلنے نہیں دیں گے‘۔

ڈان نیوز کے مطابق کچھ عرصے سے رپورٹس سامنے آرہی تھیں کہ گورنر پنجاب چوہدری سرور، وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کے کاموں میں مداخلت کررہے ہیں جس کی وجہ سے وزیراعلیٰ سیکریٹریٹ اور گورنرہاؤس میں تناؤ کی صورتحال پیدا ہوگئی ہے۔

مزید پڑھیں : پنجاب اسمبلی میں عثمان بزدار کے خلاف قرارداد، استعفیٰ کا مطالبہ

ویڈیو کو تحریک انصاف کے میڈیا سیل کی جانب سے جاری کیا گیا تھا تاہم امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ میڈیا سیل کی جانب سے ملاقات کی اس ویڈیو کی آواز بند کرکے شائع نہ کرنے کی غلطی ہوگئی۔

خیال رہے کہ عموماً ایسا ہوتا ہے کہ ویڈیوز میں آواز شامل نہیں ہوتیں تاکہ پارٹی ملاقات کی گفتگو باہر نہ جاسکے۔

تاہم یہ بھی کہا جارہا ہے کہ ہوسکتا ہے کہ ویڈیو میں دانستہ طور پر آواز شامل کی گئی تاکہ یہ پیغام دیا جاسکے کہ گورنر پنجاب کی مداخلت بہت زیادہ ہے۔

تجزیہ کاروں کا ماننا ہے کہ مسلم لیگ (ق) کے نمائندگان کے شکوے شکایات سے ظاہر ہوتا ہے کہ پنجاب کے معاملات درست سمت میں نہیں جارہے جس کی سب سے بڑی رکاوٹ گورنر پنجاب ہیں۔

بعض ممبران کو حلقے میں مداخلت کی شکایت ہے ، چوہدری پرویز الٰہی

اسپیکر پنجاب اسمبلی اور رہنما ق لیگ چوہدری پرویز الٰہی کا کہنا ہے کہ کچھ ممبران نے شکایت کی کہ ان کے حلقے میں مداخلت ہورہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ گورنر پنجاب چوہدری سرور سے ہمارے بہت اچھے تعلقات ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : تحریک انصاف سے اتحاد میں برکت ہے، چوہدری پرویز الٰہی

چوہدری پرویز الٰہی نے کہا کہ گلےشکوے کوئی نئی بات نہیں، ہم بات کریں گے تو مسائل حل ہوں گے۔ پارٹی کی اندرونی میٹنگ گھرکی کہانی ہوتی ہے۔

اسپیکر پنجاب اسمبلی نے وفاقی وزیر طارق چیمہ کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ طارق چیمہ صاف گو آدمی ہیں جو ٹھیک سمجھتے ہیں کہہ دیتے ہیں۔

پی ٹی آئی اور مسلم لیگ (ق) کے درمیان کوئی اختلاف نہیں، فیاض الحسن چوہان

ویڈیو سے متعلق صوبائی وزیر اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ (ق) اور تحریک انصاف میں کوئی اختلاف نہیں ہے، سارے اختیارات وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کے پاس ہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ق) کو کسی قسم کے کوئی تحفظات نہیں ہیں بلکہ طارق بشیر چیمہ نے ایک مسئلے پر اپنی تجویز دی ہے، تاہم اسے سیاق و سباق سے ہٹ کر صرف اختلاف بتایا جارہا ہے۔

فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ اس وقت پنجاب میں سب سے طاقت ور شخصیت صرف وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار ہیں اور تمام وزرا ان کے شانہ بشانہ ہیں۔

ثابت ہوگیا عثمان بزدار ایک کمزور وزیراعلیٰ ہیں ، عظمٰی بخاری

جہانگیر ترین اور پرویز الہٰی کی ملاقات کی ویڈیو لیک ہونے پر مسلم لیگ (ن) کی رہنما عظمیٰ بخاری کا کہنا ہے کہ ثابت ہوگیا ہے کہ عثمان بزدار ایک کمزور وزیراعلیٰ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ فوٹیج دیکھ کر کوئی حیرت نہیں ہوئی چوہدری سرور خودساختہ وزیراعلیٰ بنے ہوئے ہیں اور علیم خان پنجاب میں ایک الگ طاقت ہے۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024