• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

سری لنکا ناکام، انگلینڈ پہلے ٹیسٹ میں 211رنز سے فتحیاب

شائع November 10, 2018
انگلینڈ کے معین علی نے میچ میں 8وکٹیں حاصل کیں— فوٹو: اے ایف پی
انگلینڈ کے معین علی نے میچ میں 8وکٹیں حاصل کیں— فوٹو: اے ایف پی

معین علی اور بلے بازوں کی عمدہ کارکردگی کی بدولت انگلینڈ نے سری لنکا کو پہلے ٹیسٹ میچ میں 211رنز کے بڑے مارجن سے شکست دے کر سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کر لی۔

گال میں کھیلے گئے سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ میں انگلینڈ نے پہلی اننگز میں 342رنز بنائے جس کے جواب میں سری لنکن ٹیم 203رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔

دوسری اننگز میں اوپنر کیٹن جیننگز کی ناقابل شکست 146رنز کی اننگز کی بدولت انگلینڈ نے 322رنز 6 کھلاڑی آؤٹ پر اپنی اننگز ڈکلیئر کردی اور سری لنکا کو میچ میں فتح کے لیے 462رنز کا ہدف دیا۔

جمعہ کو میچ کے چوتھے دن سری لنکن ٹیم نے اپنی دوسری ادھوری اننگز 15 رنز بغیر کسی نقصان کے دوبارہ شروع کی تو کرونا رتنے 7 اور کوشل سلوا 8 رنز پر کھیل رہے تھے۔

دونوں کھلاڑیوں کے درمیان پہلی وکٹ کی شراکت میں 51 قیمتی رنز بنے جس کے بعد کوشل سلوا 30 رنز بناکر جیک لیچ کی گیند پر ایل بی ڈبلیو قرار پائے جبکہ کرونارتنے آئوٹ ہونے والے دوسرے کھلاڑی تھے جو 26 رنز بناکر معین علی کی وکٹ بنے۔

اسکور 98 تک پہنچا تو دھننجیا ڈی سلوا سری 21رنز بنانے کے بعد بین اسٹوکس کی وکٹ بن گئے۔

اس موقع پر کوشل مینڈس اور اینجلو میتھیوز نے 46رنز جوڑے لیکن مینڈس 44رنز بنانے کے بعد جیک لیچ کی گیند پر معین علی کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہوگئے لیکن سری لنکا کو سب سے بڑا دھچکا اس وقت لگا جب اسکور میں 11رنز کے اضافے سے جیک لیچ نے حریف کپتان دنیش چندیمل کی وکٹیں بکھیر دیں۔

اس کے بعد اینجلو میتھیوز نے 51 اور دلرووان پریرا نے 30 رنز بنا کر کچھ مزاحمت کی لیکن اس کے باوجود پوری سری لنکن ٹیم 462رنز کے ہدف کے تعاقب میں 250 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔

انگلینڈ نے میزبان ٹیم کو پہلے ٹیسٹ میچ میں 211 رنز سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز میں 1-0 کی برتری بھی حاصل کرلی۔

انگلینڈ کی جانب سے معین علی نے چار اور جیک لیچ نے تین وکٹیں حاصل کیں۔

کیریئر کا پہلا ٹیسٹ میچ کھیلنے والے بین فوکس کو پہلی اننگز میں مشکل حالات میں سنچری اسکور کرنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024