• KHI: Maghrib 5:42pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:00pm Isha 6:25pm
  • ISB: Maghrib 5:00pm Isha 6:28pm
  • KHI: Maghrib 5:42pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:00pm Isha 6:25pm
  • ISB: Maghrib 5:00pm Isha 6:28pm

چینی پارلیمانی وفد کا قومی اسمبلی سیکریٹریٹ کا دورہ

شائع November 9, 2018
—فائل فوٹو
—فائل فوٹو

وائس چیئرمین اسٹینڈنگ کمیٹی آف نیشنل پیپلز کانگریس (این پی سی) ’زانگ شنزیان‘ کی سربراہی میں چین کے 15رکنی پارلیمانی وفد نے دارالحکومت اسلام آباد میں پارلیمنٹ کا دورہ کیا۔

وفد نے قومی اسمبلی سیکریٹریٹ میں اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر سے ملاقات کی جس میں دوطرفہ تعلقات سمیت اہم علاقائی و عالمی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔

اس موقع پر اسپیکر قومی اسمبلی کا کہنا تھا کہ پاکستان اور چین کے مابین مثالی دوستی، باہمی احترام و اعتماد اور مضبوط اسٹرٹیجک شراکت داری اور معاشی تعاون کی مضبوط بنیادوں پر استوار ہے۔

یہ بھی پڑھیں: چینی وزیر خارجہ کی وفد کے ساتھ پاکستان آمد

ملاقات میں چینی وفد کی جانب سے اسد قیصر کو اسپیکر قومی اسمبلی کا عہدہ سنبھانے پر چینی پارلیمنٹ اور حکومت کی جانب سے مبارکباد پیش کی گئی۔

اس موقع ہر چینی کمیٹی کے وائس چیئرمین زانگ شونزیان نے کہا کہ چین پاکستان کے ساتھ اپنے تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے اور اسے اپنا اسٹرٹیجک شراکت دار سمجھتا ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ دونوں ممالک کی قیادتیں دوطرفہ تعلقات کو نئی بلندیوں تک پہچانے کے لیے پرعزم ہیں۔

جس پر اسد قیصر کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کے مابین سدا بہار دوستی ہمیشہ ہر آزمائش پر پوری اُتری ہے، دونوں ممالک کی پارلیمانوں کے مابین رابطوں میں فروغ کے ذریعے دوستی کے اس رشتے کو مزید مستحکم بنایا جاسکتا ہے۔

مزید پڑھیں: پاکستان کو معاشی بحران سے نکالنے کیلئے مکمل تعاون کریں گے،چین

اس کے ساتھ انہوں نے اسٹینڈنگ کمیٹی آف نیشنل پیپلز کانگریس کے چیئرمین کو بھی پاکستان آنے کی دعوت دی۔

اسپیکر قومی اسمبلی نے چینی وفد سے گفتگو کے دوران وزیر اعظم عمران خان کے حالیہ دورہ چین کے دور رس نتائج برآمد ہونے کی امید کا اظہار کیا۔

پارلیمنٹ کے دورے کے موقع پر چینی وفد کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کی پارلیمانوں میں رابطوں کے فروغ سے ان ممالک کے اراکین پارلیمنٹ ایک دوسرے کے تجربات سے مستفید ہو سکتے ہیں اور دونوں اقوام کو مزید قریب لایا جا سکتا ہے۔

وزیر اعظم پاکستان عمران خان کے دورہ چین کے بارے میں بتاتے ہوئے چینی وائس چیئرمین نیشنل کانگریس کا کہنا تھا کہ ان کا حالیہ دورہ چین انتہائی کامیاب رہا اس میں دونوں ممالک کے مابین معاشی تعاون کو فروغ دینے کے کئی معاہدوں پر دستخط ہوئے۔

یہ بھی پڑھیں: ’وزیرِاعظم عمران خان کا دورہ چین، پاکستان کے لیے مثبت رہا‘

اس حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ چین کی جانب سے پاکستان میں صنعتی زونز کا قیام اور ٹیکنالوجی کی منتقلی سے روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے اور عوام کا معیار زندگی بلند ہوگا۔

اسپیکر قومی اسمبلی نے چینی وفد کو یقین دہانی کروائی کہ پاکستان سی پیک منصوبوں کی جلد تکمیل کے لیے پرعزم ہے اور چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) خطے کی ترقی اور خوشحالی میں گیٹ وے ثابت ہوگا۔

چین کی اقتصادی صلاحیت کو سراہتے ہوئے اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کا کہنا تھا کہ چین نے مختصر عرصے میں ترقی کی منازل طے کر کے دنیا میں ایک نمایاں مقام حاصل کیا ہے اس لیے پاکستان ٹیکنالوجی اور معاشی شعبوں میں چین کے تجربات سے مستفید ہونا چاہتا ہے۔

مزید پڑھیں: دورہ چین توقعات سے زیادہ کامیاب رہا، وزیراعظم عمران خان

اسپیکر اسمبلی کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان اور چین کے درمیان باہمی تجارت کے یکساں مواقع میسر آنے چاہیں جبکہ پاک۔چین فرینڈ شپ گروپ کو جلد فعال کر کے دوستی کے رشتے کو مزید مضبوط کیا جائے گا۔

وائس چیئرمین نیشنل کانگرس کمیٹی کا مزید کہنا تھا کہ چین ایک خوشحال اور ترقی یافتہ پاکستان دیکھنے کا خواہاں ہے اور اس کی معاشی اور سماجی ترقی کے لیے ہر ممکن تعاون جاری رکھے گا۔

کارٹون

کارٹون : 26 نومبر 2024
کارٹون : 25 نومبر 2024