• KHI: Asr 4:12pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:04pm
  • ISB: Asr 3:26pm Maghrib 5:04pm
  • KHI: Asr 4:12pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:04pm
  • ISB: Asr 3:26pm Maghrib 5:04pm

پاکستان کے خلاف ہیٹ ٹرک کی داستانیں

شائع November 8, 2018
ٹرینٹ بولٹ پاکستانی بلے باز بابر اعظم کو آؤٹ کرنے کے بعد خوشی کا اظہار کر رہے ہیں — فوٹو: اے ایف پی
ٹرینٹ بولٹ پاکستانی بلے باز بابر اعظم کو آؤٹ کرنے کے بعد خوشی کا اظہار کر رہے ہیں — فوٹو: اے ایف پی

کرکٹ کے کھیل میں ہیٹ ٹرک کرنے کا اعزاز کم ہی باؤلرز کھلاڑیوں کے حصے میں آتا ہے جس کے لیے اپنے جذبات کے ساتھ ساتھ مسلسل 3گیندوں پر درست لائن اور لینتھ برقرار رکھتے ہوئے گیند کرنی ہوتی ہے۔

ایک روزہ کرکٹ میں سب سے پہلے ہیٹ ٹرک کرنے والے کھلاڑی پاکستان کے جلال الدین تھے، لیکن ان بعد متعدد باؤلرز یہ کارنامہ انجام دے چکے ہیں جن میں سوئنگ کے سلطان وسیم اکرم اور لاستھ ملنگا وہ کھلاڑی ہیں جنہوں نے یہ کارنامہ اپنے کیریئر میں ایک سے زائد مرتبہ انجام دیا۔

متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے شہر ابوظہبی میں کھیلے گئے تین میچوں کی سیریز کے پہلے میچ میں نیوزی لینڈ کے فاسٹ باؤلر ٹرینٹ بولٹ نے مسلسل تین گیندوں پر تین پاکستانی کھلاڑیوں کو آؤٹ کرکے اپنے کیریئر کی پہلی ہیٹ ٹرک مکمل کی۔

یہ ہیٹ ٹرک ون ڈے کرکٹ میں پاکستان کے خلاف پہلی ہیٹ ٹرک نہیں، بلکہ ان سے قبل بھی تین کھلاڑی گرین شرٹس کے خلاف یہ کارنامہ انجام دے چکے ہیں۔

اینتھنی اسٹورٹ (آسٹریلیا)

اینتھنی اسٹورٹ — فوٹو بشکریہ کرک انفو
اینتھنی اسٹورٹ — فوٹو بشکریہ کرک انفو

پاکستان کے خلاف ایک روزہ میچوں میں سب پہلے ہیٹ ٹرک کرنے والے کھلاڑی آسٹریلیا کے اینتھنی اسٹورٹ تھے جنہوں 16 جنوری 1997 کو میلبرن کے مقام پر کارلٹن اینڈ یونائیٹڈ سیریز کے ایک میچ کے دوران یہ کارنامہ انجام دیا۔

گرین شرٹس کے تین بدقسمت کھلاڑیوں میں اعجاز احمد، محمد وسیم اور وکٹ کیپیر معین خان شامل تھے۔

پاکستان نے اس میچ کے دوران پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز کھیلے اور 181 رنز بنائے اور آسٹریلیا نے اعصاب شکن مقابلے کے بعد یہ ہدف آخری اوور میں پورا کیا۔

جیمز اینڈرسن (انگلینڈ)

دوسری مرتبہ پاکستان کے خلاف ہیٹ ٹرک کرنے کا کارنامہ انگلینڈ کے جیمز اینڈرسن نے انجام دیا جنہوں نے 2003 میں قومی ٹیم کے دورہ انگلینڈ کے دوران 3 ون ڈے میچوں کی سیریز کے دوسرے میچ میں یکے بعد دیگرے تین گیندوں پر پاکستانی کھلاڑیوں پویلین بھیجا۔

عظیم انگلش فاسٹ باؤلر جیمز اینڈرسن نے اپنے کیریئر کے ابتدائی دنوں میں ہی پاکستان کے خلاف ہیٹ ٹرک کی— فائل فوٹو: اے پی
عظیم انگلش فاسٹ باؤلر جیمز اینڈرسن نے اپنے کیریئر کے ابتدائی دنوں میں ہی پاکستان کے خلاف ہیٹ ٹرک کی— فائل فوٹو: اے پی

لارڈز کے میدان میں 20 جون 2003 کو کھیلے گئے میچ میں آل راؤنڈر عبدالرزاق، محمد سمیع اور شعیب اختر وہ کھلاڑی تھے جو ایک ایک کرکے جیمز اینڈرسن کا شکار بنے۔

مذکورہ میچ میں جمیز اینڈرسن کی شاندار باؤلنگ کی بدولت پاکستان ٹیم 185 رنز بنانے کے بعد آل آوٹ ہوگئی اور میزبان ٹیم نے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے شاہینوں کو 7 وکٹوں سے شکست دے دی۔

تھسارا پریرا (سری لنکا)

سری لنکا کے تھیسارا پریرا وہ تیسرے باؤلر ہیں جنہوں نے پاکستان کے خلاف ہیٹ ٹرک کرنے کا اعزاز اپنے نام کیا۔

تھسارا پریرا نے 16 جون 2012 کو کولمبو کے پریماداسا اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں یونس خان، شاہد آفریدی اور سرفراز احمد کو آؤٹ کرکے یہ کارنامہ انجام دیا۔

تھسارا پریرا نے بھی پاکستان کے خلاف ہیٹ ٹرک کا کارنامہ انجام دیا— فائل فوٹو: اے ایف پی
تھسارا پریرا نے بھی پاکستان کے خلاف ہیٹ ٹرک کا کارنامہ انجام دیا— فائل فوٹو: اے ایف پی

دورہ سری لنکا کے دوران سیریز کے چوتھے میچ میں میزبان ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز کھیلنے کے بعد مہمان ٹیم کو 244 رنز کا ہدف دیا جو ٹاپ آرڈر کی ذمہ دارانہ بیٹنگ سے بظاہر آسان دکھائی دے رہا تھا۔

تاہم سری لنکن باؤلر نے شاندار کم بیک کرتے ہوئے 33 رنز کے اندر آخری 8 پاکستانی بیٹسمینوں کو آؤٹ کرکے اسے ناممکن بنادیا اور یوں سری لنکا 44 رنز سے کامیاب رہا۔

ٹرینٹ بولٹ (نیوزی لینڈ)

ٹرینٹ بولٹ  — فائل فوٹو
ٹرینٹ بولٹ — فائل فوٹو

پاکستان کے خلاف ون ڈے کرکٹ میں ہیٹ ٹرک کرنے والے چوتھے باؤلر ٹرینٹ بولٹ ہیں، جنہوں نے 7 نومبر 2018 کو ابوظہبی کے شیخ زید اسٹیڈیم میں پاکستان کی ٹاپ آرڈر پر کاری وار کیا۔

ٹرینٹ بولٹ کی گیند پر آؤٹ ہونے والے کھلاڑیوں میں فخر زمان، بابر اعظم اور محمد حفیظ تھے۔

میچ کے دوران نیوزی لینڈ کی ٹیم نے مقررہ 50 اوورز میں 266 رنز اسکور کیے، تاہم 267 کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان کا ٹاپ آرڈر ہی ہیٹ ٹرک کا شکار ہوگیا۔

پاکستان کی پوری ٹیم 219 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوگئی اور یوں نیوزی لینڈ نے 47 رنز سے فتح اپنے نام کی۔

پاکستان کے خلاف ہیٹ ٹرک کے دلچسپ حقائق

  • گرین شرٹس کے خلاف ہیٹ ٹرک کرنے والے چاروں گیند باز فاسٹ باؤلر ہیں۔


  • جن میچوں میں قومی ٹیم کے خلاف حریف باؤلر نے ہیٹ ٹرک کی، ان تمام میچوں میں گرین شرٹس کو شکست کا سامنا کرنا پڑا۔


  • انگلینڈ اور سری لنکا کے خلاف سیریز میں شکست ہوئی، آسٹریلیا میں ورلڈ سیریز میں کامیابی ملی جبکہ نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز جاری ہے۔


  • چار میں سے 3 مرتبہ محمد حفیظ اور 2 مرتبہ شعیب ملک پاکستان کی ٹیم کا حصہ تھے۔


  • پاکستانی بیٹنگ لائن میں 2 سے لے کر 11 نمبر تک کے کھلاڑی ہیٹ ٹرک کا شکار ہوچکے ہیں، صرف نمبر ایک پر آنے والا کوئی کھلاڑی ہیٹ ٹرک کا شکار نہیں ہوا۔


  • چاروں ہیٹ ٹرک کے دوران پاکستانی بیٹسمین صرف ایک مرتبہ ایل بی ڈبلیو اور 2 مرتبہ بولڈ ہوئے جبکہ باقی تمام کھلاڑی کیچ آؤٹ ہوئے۔


  • پاکستان کے کپتان کبھی بھی ہیٹ ٹرک کا شکار نہیں بنے۔


  • گرین شرٹس 3 مرتبہ 200 سے کم اسکور پر آؤٹ ہوئے جبکہ ایک مرتبہ اس سے زائد رنز بنائے۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024