زمبابوے نے 17سال بعد بیرون ملک پہلا ٹیسٹ میچ جیت لیا
زمبابوے نے شان ولیمز اور باؤلرز کی عمدہ کارکردگی کی بدولت بنگلہ دیش کو انہی کے ہوم گراؤنڈ پر پہلے ٹیسٹ میچ میں شکست دے کر 17سال بعد بیرون ملک پہلا ٹیسٹ میچ جیت لیا۔
سلہٹ میں کھیلے گئے میچ میں ولیمز کے 88رنز کی بدولت زمبابوے نے پہلی اننگز میں 282رنز بنائے لیکن اس کے جواب میں بنگلہ دیشی ٹیم پہلی اننگز میں 143رنز بنا کر ڈھیر ہو گئی۔
دوسری اننگز میں زمبابوے کی بیٹنگ بھی ناکامی سے دوچار ہوئی اور پوری ٹیم 181رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی لیکن پہلی اننگز کی برتری کی بدولت بنگلہ دیش کو میچ میں فتح کے لیے 321رنز کا ہدف دیا۔
میچ کے چوتھے دن بنگلہ دیش نے 26رنز بغیر کسی نقصان کے اپنی بیٹنگ دوبارہ شروع کی تو اسے میچ میں فتح کے لیے مزید 295رنز درکار تھے۔
دونوں بنگلہ دیشی اوپنرز لٹن داس اور امرالقیس نے اپنی ٹیم کو 56رنز کا اچھا آغاز فراہم کیا جس کے بعد سکندر رضا شاندار اسپیل کر کے اپنی ٹیم کو میچ میں واپس لے آئے۔
لٹن 23رنز بنا کر پویلین لوٹے جس کے بعد کائل جاروس نے مومن الحق کی وکٹیں بکھیر کر اپنی ٹیم کو دوسری کامیابی دلائی۔
لیکن بنگلہ دیشی ٹیم کو اصل دھچکا اس وقت لگا جب سکندر نے 43رنز بنانے والے امرالقیس کے بعد محموداللہ کی اننگز کا بھی خاتمہ کردیا۔
اسکور میں 9رنز کے اضافے سے ماووٹا نے نجم الحسین کو آؤٹ کیا تو 111رنز پر آدھی بنگلہ دیشی ٹیم پویلین لوٹ چکی تھی۔
اس کے بعد 38رنز بنانے والے عارف الحق کے سوا کوئی بھی بنگلہ دیشی کھلاڑی زمبابوین باؤلرز خصوصاً ماووٹا کا سامنا نہ کر سکا اور پوری ٹیم صرف 169رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔
مہمان ٹیم کی جانب سے برینڈن ماووٹا نے چار اور سکندر نے تین وکٹیں حاصل کیں۔
زمبابوے نے میچ میں 151رنز سے فتح حاصل کر کے سیریز میں بھی برتری حاصل کر لی جبکہ یہ اس کی 17سال بعد بیرون ملک پہلی فتح ہے۔
زمبابوے نے اس سے قبل بیرون ملک آخری فتح بھی بنگلہ دیش کے خلاف 2001 میں چٹاگانگ کے مقام پر حاصل کی تھی۔
شان ولیمز کو شاندار بیٹنگ پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
تبصرے (1) بند ہیں