• KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:54am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:20am Sunrise 6:47am
  • KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:54am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:20am Sunrise 6:47am

وزیر اعظم کے دورہ چین سے حکومت کو کچھ نہیں ملا، شہباز شریف

شائع November 5, 2018
مسلم لیگ (ن) کے صدر پارلیمانی پارٹی کے اجلاس کی صدارت کر رہے ہیں — فوٹو بشکریہ ٹوئٹر
مسلم لیگ (ن) کے صدر پارلیمانی پارٹی کے اجلاس کی صدارت کر رہے ہیں — فوٹو بشکریہ ٹوئٹر

قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر اور مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم عمران کے دورہ چین سے حکومت کو کوئی فائدہ نہیں ہوا۔

شہباز شریف نے، جو قومی احتساب ادارے (نیب) کی حراست میں ہیں، پارلیمنٹ ہاؤس میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس کی صدارت کی۔

مسلم لیگ (ن) نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر بیان جاری کرتے ہوئے بتایا کہ شہباز شریف کو اجلاس کے دوران گزشتہ دنوں میں امن و امان کی صورتحال بحال رکھنے کے لیے کیے گئے اقدامات کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ اپوزیشن نے دھرنوں میں مثبت کردار ادا کیا۔

مزید پڑھیں: نواز شریف کی شہباز شریف سے ملاقات، ملکی صورتحال پر تبادلہ خیال

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی حکومت نے وزیر اعظم عمران خان کے دورہ چین سے کچھ بھی حاصل نہیں کیا۔

ن لیگ کی ترجمان مریم اورنگزیب کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا کہ اجلاس میں ملک کی تمام سیاسی، معاشی اور داخلی سیکیورٹی کے امور اور مستقبل کے لیے لائحہ عمل تیار کرنے پر بات کی گئی۔

’معاشی نظریات کا بحران‘

اجلاس کے شرکا نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ملک سنگین معاشی گرداب میں ہے جس سے نکلنے کی کوئی صورت دکھائی نہیں دے رہی، کیونکہ حکومت کے پاس کوئی معاشی وژن نہیں اور نہ ہی کوئی حکمت عملی موجود ہے۔

مسلم لیگ (ن) کا کہنا تھا کہ ’یہ صورتحال ملک و قوم کے مفاد میں نہیں اور اس کے قومی سلامتی پر بھی سنگین اثرات مرتب ہوسکتے ہیں‘۔

یہ بھی پڑھیں: ’حکومت کی ناکامی ہے کہ وہ ریاست و قانون کی حفاظت نہ کرسکی‘

انہوں نے کہا کہ خراب معاشی صورتحال اور گیس، بجلی اور دیگر اشیا کے بعد پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی وجہ سے معاشی، زرعی، تجارتی، صنعتی سرگرمیوں میں بتدریج کمی آرہی ہے، مہنگائی کے ساتھ ساتھ بیروزگاری میں اضافے نے صورتحال کو بدترین بنادیا ہے اور یہ تمام عوامل مجموعی قومی پیداوار کو بری طرح سے متاثر کریں گے۔

پارلیمنٹ ہاؤس میں شہباز شریف کی آمد

قومی اسمبلی کے اجلاس کے لیے نیب کی ٹیم شہباز شریف کو پارلیمنٹ ہاؤس لے کر آئی جہاں انہوں نے سابق اسپیکر اسمبلی ایاز صادق، مسلم لیگ (ن) کے صدر سندھ شاہ محمد شاہ اور رکن قومی اسمبلی کھئل داس سے ملاقات کی اور ملک بھر میں پارٹی کی تنظیم نو سے متعلق امور پر بات چیت کی۔

مسلم لیگ (ن) کے ذرائع کا کہنا تھا کہ شہباز شریف سے ان کے وکیل امجد پرویز نے بھی اپنی ٹیم کے ہمراہ ملاقات کی۔

مزید پڑھیں: نیب نے حمزہ اور سلمان شہباز کو طلب کرلیا

ذرائع کے مطابق ملاقات میں رہنماؤں میں نیب کیسز کی صورتحال اور آئندہ کی حکمت عملی پر مشاورت کی گئی۔

واضح رہے کہ شہباز شریف کا 7 نومبر کو جسمانی ریمانڈ ختم ہورہا ہے۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024