ٹوئٹر نے خادم حسین رضوی کا اکاؤنٹ بند کردیا
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر نے تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) کے سربراہ خادم حسین رضوی کا اکاؤنٹ بند کردیا۔
خادم حسین رضوی کا اکاؤنٹ @KhadimRizviReal کھولنے پر لکھا آرہا ہے کہ اکاؤنٹ معطل کردیا گیا ہے۔
ٹوئٹر نے اکاؤنٹ معطل کرنے کی وجہ بتاتے ہوئے کہا ہے کہ ’اکاؤنٹ کو ٹوئٹر قواعد کی پاسداری نہ کرنے پر معطل کیا گیا‘۔
واضح رہے کہ ٹوئٹر کی جانب سے یہ اقدام وفاقی وزیر انسانی حقوق شیریں مزاری کی جانب سے معاملے پر اظہار خیال کے بعد سامنے آیا۔
شیریں مزاری کا کہنا تھا کہ متعلقہ وزیر نے جمعہ کو پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی ( پی ٹی اے ) کو سوشل میڈیا اکاؤنٹس بند کرنے کا کہا تھا میں حیران ہوں کہ یہ اب تک بند نہیں ہوئے ‘۔
انہوں نے مزید کہا تھا کہ ’ وزیر اطلاعات نے بتایا کہ انہیں اطلاع دی گئی تھی کہ ٹوئٹر اس حوالے سے ہماری درخواست قبول نہیں کررہا‘۔
خیال رہے کہ شہریوں کی جانب سے خادم حسین رضوی کے ٹوئٹر اکاؤنٹ کے خلاف متعدد شکایات کی گئی تھیں جس پر حکومت نے ٹوئٹر سے ان کا اکاؤنٹ بند کرنے کی درخواست کی تھی۔