پاکستان کو معاشی بحران سے نکالنے کیلئے مکمل تعاون کریں گے،چین
بیجنگ: چین نے کہا ہے کہ وہ پاکستان کو معاشی بحران سے نکالنے کے لیے مکمل تعاون کرے گا۔
چینی نائب وزیر خارجہ کونگ زوانیو نے بیجنگ میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے سے متعلق پروجیکٹس میں کوئی کمی نہیں کی جائے گی۔
امریکی خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق میڈیا سے بات چیت میں انہوں نے مزید کہا کہ سی پیک کی بدولت عوام کے دیرینہ مسائل حل اور ان کی زندگیوں میں مثبت تبدیلی رونما ہوگی۔
قبل ازیں پاکستان اور چین کے درمیان 15 نئے معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کیے گئے۔
میڈیا میں یہ بھی رپورٹس آئی تھیں کہ چین پاکستان کو 6 ارب ڈالر کا امدادی پیکیج جس میں امداد اور سی پیک کے لیے اضافی سرمایہ کاری کی رقم شامل ہے، دے رہا ہے۔
معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط وفود کی سطح پر ہونے والے مذاکرات کے دوران کیے گئے، وزیر اعظم عمران خان نے پاکستانی وفد جبکہ ان کے ہم منصب لی کی چیانگ نے چینی وفد کی قیادت کی۔
پاکستانی وفد میں وزیر خارجہ شاہ محمودقریشی، وزیر خزانہ اسد عمر، وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال، مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد اور وفاقی وزرا خسرو بختیار، شیخ رشید اور علی زیدی بھی موجود تھے۔
دوسری جانب چینی وزیر خارجہ وانگ ژی سمیت چینی کابینہ کے اراکین بھی مذاکرات کے دوران چینی وفد کا حصہ تھے۔
مزید پڑھیں: غربت،کرپشن کے خاتمے کیلئے چین کے تجربے سے فائدہ اٹھانا چاہتے ہیں،وزیراعظم
دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعاون کے 15 معاہدوں اور مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط کیے گئے۔
دونوں ممالک کے درمیان جن معاہدوں پر دستخط کیے گئے ان میں چین کی اکیڈمی آف سائنسز اور پاکستان میٹرولوجیکل ڈیپارٹمنٹ، ہائیر ایجوکیشن کمیشن پاکستان اور چین کی سائنس اکیڈمی، اسلام آباد پولیس اور بیجنگ پولیس کے درمیان تعاون، زراعت اور اقتصادی و تکنیکی تعاون سے متعلق معاہدے شامل ہیں۔
اسی طرح دونوں ممالک کے درمیان مفاہمت کی جن یادداشتوں پر دستخط ہوئے ان میں پاک ۔ چین وزرائے خارجہ کی سطح کے تزویراتی مذاکرات، پاکستان سے غربت کے خاتمے اور جنگلات، ارضیات سائنس اور الیکٹرونکس مواد کے تبادلے سے متعلق مفاہمت کی یادداشتیں شامل ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم عمران خان سرکاری دورے پر چین پہنچ گئے
ملاقات سے قبل وزیر اعظم عمران خان کو گریٹ ہال میں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا، چینی مسلح افواج کے دستے نے وزیراعظم کو سلامی پیش کی، اس موقع پر دونوں ممالک کے قومی ترانوں کی دھنیں بھی بجائی گئیں۔
چینی وزیرِ اعظم لی کی چیانگ نے وزیراعظم عمران خان کے دورہ بیجنگ کا خیرمقدم کیا، دونوں ممالک کے وزرائے اعظم نے گرم جوشی سے مصافحہ کیا۔
خیال رہے کہ وزیر اعظم عمران خان 2 نومبر کو عوامی جمہوریہ چین کے پہلے سرکاری دورے پر چین کے دارالحکومت بیجنگ پہنچے تھے۔
چین پہنچنے کے بعد وزیرِ اعظم نے چینی صدر شی جن پنگ سے ملاقات کی اور اس دوران ان کا کہنا تھا کہ چین نے جس طرح غربت اور کرپشن پر قابو پایا ہے کسی ملک نے ایسا نہیں کیا جبکہ پاکستان غربت اور کرپشن کے خاتمے کے لیے چین کے تجربے سے فائدہ اٹھانا چاہتا ہے۔