پاکستان نے دوسرا ٹی 20 جیت کر کئی عالمی ریکارڈ بنا دیے

شائع November 3, 2018
پاکستان کی ٹیم ٹی20 کرکٹ میں گزشتہ دو سال سے ناقابل شکست ہے— فوٹو: اے ایف پی
پاکستان کی ٹیم ٹی20 کرکٹ میں گزشتہ دو سال سے ناقابل شکست ہے— فوٹو: اے ایف پی

نیوزی لینڈ کے خلاف دوسرے ٹی 20 میچ میں فتح کے ساتھ ہی پاکستانی ٹیم نے فارمیٹ میں کئی نئے عالمی ریکارڈز قائم کر دیے۔

دبئی میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے نیوزی لینڈ کو 6 وکٹوں سے شکست دے کر اپنے ہی عالمی ریکارڈ کو بہتر کرتے ہوئے لگاتار 11ویں ٹی 20 سیریز جیتنے کا عالمی ریکارڈ قائم کردیا۔

دو سال قبل قومی ٹیم کی قیادت سنبھالنے والے سرفراز احمد کے زیر سایہ پاکستان کی ٹیم ٹی 20 کرکٹ میں اب تک ناقابل شکست ہے اور دو سال سے کوئی بھی سیریز نہیں ہاری۔

یہ پاکستان کی ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے لگاتار 11ویں ٹی 20 میچ میں فتح ہے جو ایک عالمی ریکارڈ ہے اور ہدف کے تعاقب میں آج تک کوئی بھی ٹیم لگاتار اتنی فتوحات حاصل نہیں کر سکی۔

نیوزی لینڈ کے خلاف دوسرے ٹی 20 میچ میں کامیابی پاکستان کی رواں سال ٹی 20 میں 16ویں فتح ہے اور ایک سال میں سب سے زیادہ فتوحات کا عالمی ریکارڈ بھی ہے۔

پاکستان نے اس کے ساتھ ساتھ ٹی 20 کرکٹ میں اپنا ریکارڈ مزید بہتر کرتے ہوئے لگاتار آٹھویں فتح بھی حاصل کی۔

شاہین شاہ آفریدی نے میچ میں عمدہ باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 4 اوورز میں 20 رنز دیتے ہوئے تین وکٹیں حاصل کیں اور میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔

شاہین آفریدی نے عمدہ کارکردگی سے نیا عالمی ریکارڈ قائم کردیا اور یہ ٹی 20 انٹرنیشنل میں 19سال سے کم عمر کسی بھی باؤلر کی بہترین باؤلنگ ہے۔

کارٹون

کارٹون : 5 جنوری 2025
کارٹون : 4 جنوری 2025