• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:11pm
  • LHR: Maghrib 5:05pm Isha 6:32pm
  • ISB: Maghrib 5:05pm Isha 6:34pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:11pm
  • LHR: Maghrib 5:05pm Isha 6:32pm
  • ISB: Maghrib 5:05pm Isha 6:34pm

’زندگی کاٹنی کسے تھی؟ ہمیں تو جینی تھی‘

شائع November 2, 2018 اپ ڈیٹ November 24, 2018
بولی وڈ کی رواں سال کی سب سے بڑی فلم ’زیرو‘ کا ٹریلر آخر کار سامنے آگیا /فوٹو اسکرین شاٹ
بولی وڈ کی رواں سال کی سب سے بڑی فلم ’زیرو‘ کا ٹریلر آخر کار سامنے آگیا /فوٹو اسکرین شاٹ

بولی وڈ بادشاہ شاہ رخ خان کی رواں سال ریلیز ہونے والی فلم ’زیرو‘ یقیناً باکس آفس پر بلاک بسٹر ہٹ ثابت ہوگی، جس کی ایک وجہ یہ ہے کہ اس فلم کا پہلا ٹریلر بھی سامنے آتے ہی بلاک بسٹر ہٹ ثابت ہوگیا۔

شاہ رخ خان نے اپنی 53ویں سالگرہ کے موقع پر تحفہ لینے کے بجائے مداحوں کو اپنی اس فلم کے ٹریلر کو ریلیز کرکے تحفہ دیا، جس کا شائقین کو بےصبری سے انتظار تھا۔

مزید پڑھیں: ’اس پوری دنیا میں میری برابری کی ایک ہی تو ہے‘

فلم ’زیرو‘ میں شاہ رخ خان کے ساتھ ساتھ انوشکا شرما اور کترینہ کیف نے اہم کردار ادا کیا ہے۔

اس فلم میں شاہ رخ خان نے ایک چھوٹے قد کے آدمی (بونے) کا کردار ادا کیا، کترینہ کیف فلم میں کامیاب اداکارہ بنی جبکہ انوشکا شرما کو امیر گھرانے سے تعلق رکھنے والی معذور لڑکی کے روپ میں دکھایا گیا۔

فلم کے 3 منٹ 14 سیکنڈ دورانیے پر مبنی ٹریلر میں شاہ رخ خان کو ایک 38 سالہ بونے کے کردار میں دکھایا گیا جو اپنے لیے ایک دلہن کی تلاش میں سرگرم ہیں، جس کے بعد ایک میٹریمنی آفس میں انہیں انوشکا کی تصویر پسند آجاتی ہے تاہم وہ یہ نہیں جانتے کہ انوشکا معذور ہیں اور دماغی فالج کا شکار ہیں۔

شاہ رخ اور انوشکا ایک دوسرے کو پسند تو کرتے ہیں تاہم بعدازاں ٹریلر میں کترینہ کیف کی انٹری ہوتی ہے جو فلم اسٹار بنی ہیں، جنہیں دیکھ کر شاہ رخ کو ان سے بھی محبت ہوجاتی ہے، تاہم یہ محبت بھی کامیاب نہیں ہوتی ٹریلر کے آخر میں یہ بھی دکھایا کہ شاہ رخ ایک اسپیس شٹل میں چاند پر بھی جائیں گے، جب ان کا یہ ڈائیلاگ ’کہانیوں میں سنا تھا عاشق محبت میں چاند تک لے آتے ہیں، ہم نے یہ بات سنجیدگی سے لے لی‘، سنایا گیا۔

فلم میں شاہ رخ خان باؤا سنگھ، انوشکا شرما عافیہ اور کترینہ کیف ببیتا نامی کردار نبھاتی نظر آئیں گی۔

زیرو کے ٹریلر لانچ کی شاندار تقریب ممبئی میں منعقد ہوئی، جہاں فلم کے مرکزی اداکار شاہ رخ خان، کترینہ کیف اور انوشکا شرما نے میڈیا سے بات چیت کی۔

ٹریلر کو اب تک 4 لاکھ 57 ہزار 933 ویوز مل چکے ہیں۔

یاد رہے کہ یہ تینوں اس سے قبل ایک ساتھ فلم ’جب تک ہے جاں‘ میں کام کرچکے ہیں۔

گزشتہ ماہ 31 اکتوبر کو شاہ رخ خان نے فلم کے چند نئے پوسٹرز بھی ریلیز کیے تھے جن میں انوشکا اور کترینہ کے کرداروں کو متعارف کروایا گیا تھا۔

یاد رہے کہ فلم کے ہدایات آنند ایل رائے دے رہے ہیں۔

فلم زیرو کے گزشتہ سال سامنے آئے ٹیزر کو بھی شائقین کی جانب سے خوب پسند کیا گیا تھا۔

ٹیزر کی ویڈیو کے آغاز میں تیز میوزک کے ساتھ ماضی کی کئی بولی وڈ فلموں کا نام ایسے پیش کیا گیا، جیسے فلم میں یہ سب شاہ رخ کے کردار کو کہا جارہا ہو‘۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024