• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:11pm
  • LHR: Maghrib 5:05pm Isha 6:32pm
  • ISB: Maghrib 5:05pm Isha 6:34pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:11pm
  • LHR: Maghrib 5:05pm Isha 6:32pm
  • ISB: Maghrib 5:05pm Isha 6:34pm

’اس پوری دنیا میں میری برابری کی ایک ہی تو ہے‘

شائع November 1, 2018

بولی وڈ کی رواں سال ریلیز ہونے والی فلم ’زیرو‘ کا مداحوں کو بےصبری سے انتظار ہے، جس کی ایک وجہ تو صرف یہی ہے کہ اس فلم میں شاہ رخ خان مرکزی کردار ادا کرتے نظر آئیں گے۔

فلم ’زیرو‘ میں شاہ رخ خان ایک چھوٹے قد کے آدمی (بونے) کا کردار ادا کرتے نظر آئیں گے، جس میں ان کے ہمراہ اداکارہ کترینہ کیف اور انوشکا شرما مرکزی کردار ادا کررہی ہیں۔

ویسے تو فلم میں شاہ رخ خان کا لک گزشتہ سال سامنے آئے ٹیزر اور پوسٹرز کے ذریعے ہی منظر عام پر آگیا تھا، تاہم مداحوں کو فلم میں انوشکا اور کترینہ کے لک کی جھلک دیکھنے کا انتظار تھا۔

اور اب فلم ساز نے انوشکا اور کترینہ کے کرداروں کے پوسٹرز بھی ریلیز کردیے ہیں۔

شاہ رخ خان نے اپنے ٹوئٹر پر انوشکا شرما کا پوسٹر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’اس پوری دنیا میں میری برابری کی ایک ہی تو ہے‘۔

اس پوسٹر میں انوشکا ویل چیئر پر نظر آئیں، جبکہ شاہ رخ ان کے برابر موجود ہیں، انوشکا کی تصویر دیکھ کر اس بات کا بھی اندازہ ہوگیا کہ وہ فلم میں معذور لڑکی کا کردار ادا کررہی ہیں۔

مزید پڑھیں: ’فلم زیرو کے ساتھ تیزی سے بچہ بن رہا ہوں‘

دوسری جانب شاہ رخ نے کترینہ کیف کا پوسٹر شیئر کرکے بھی مداحوں کو حیران کردیا۔

اس پوسٹر کے ساتھ اداکار نے لکھا کہ ’ستاروں کے خواب دیکھنے والوں، ہم نے تو چاند کو قریب سے دیکھا ہے‘۔

اس پوسٹر سے ایسا محسوس ہورہا ہے کہ کترینہ فلم میں یا تو کسی بڑی اداکارہ یا ماڈل کا کردار ادا کرتی نظر آئیں گی۔

ان پوسٹرز کے سامنے آتے ہی شائقین نے سوشل میڈیا پر ان کی تعریفوں کے ساتھ ساتھ ٹریلر دیکھنے کی خواہش کا بھی اظہار کیا۔

یاد رہے کہ فلم کے ہدایت کار آنند ایل رائے اور شاہ رخ خان نے ’زیرو‘ کے پہلے پوسٹر کو شاہ رخ کی سالگرہ کے موقع پر یعنی 2 نومبر کو ریلیز کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: گالیوں سے بچنے کیلئے شاہ رخ کی ڈائریکٹر سے دلچسپ درخواست

فلم زیرو کے گزشتہ سال سامنے آئے ٹیزر کو بھی شائقین کی جانب سے خوب پسند کیا گیا تھا۔

ٹیزر کی ویڈیو کے آغاز میں تیز میوزک کے ساتھ ماضی کی کئی بولی وڈ فلموں کا نام ایسے پیش کیا گیا، جیسے فلم میں یہ سب شاہ رخ کے کردار کو کہا جارہا ہو‘۔

جبکہ آخر میں شاہ رخ خان نے کہا کہ ’ہم جس کے پیچھے لگ جاتے ہیں لائف بنا دیتے ہیں‘۔

فلم میں شاہ رخ خان باؤا نامی کردار ادا کررہے ہیں۔

شاہ رخ خان نے اپنے اس کردار اور فلم کی تشہیر کے لیے ٹوئٹر پر ناؤا نامی ایک الگ اکاؤنٹ بھی بنایا، جہاں باؤا کا کردار صارفین سے بات چیت کرتا ہے جبکہ شاہ رخ خان خود بھی اس کردار سے باتیں کرتے نظر آتے ہیں۔

’زیرو‘ رواں سال 21 دسمبر کو سینما گھروں میں نمائش کے لیے پیش کی جائے گی۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024