• KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm
  • KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm

پہلا ٹی20: نیوزی لینڈ کو سنسنی خیز مقابلے میں 2رنز سے شکست

شائع October 31, 2018 اپ ڈیٹ November 1, 2018
پاکستان کی جانب سے محمد حفیظ 45رنز بنا کر سب سے کامیاب بلے باز رہے— فوٹو: اے ایف پی
پاکستان کی جانب سے محمد حفیظ 45رنز بنا کر سب سے کامیاب بلے باز رہے— فوٹو: اے ایف پی

باؤلرز کی عمدہ کارکردگی کی بدولت پاکستان نے نیوزی لینڈ کو تین ٹی20 میچوں کی سیریز کے پہلے میچ میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد دورنز سے شکست دے دی۔

ابوظہبی میں کھیلے گئے سیریز کے پہلے میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو اننگز کا آغاز کچھ اچھا نہ تھا اور 10رنز پر دونوں اوپنرز صاحبزادہ فرحان اور بابر اعظم پویلین لوٹ چکے تھے۔

اس موقع پر بیٹنگ آرڈر میں ترقی پانے والے آصف علی اور محمد حفیظ وکٹ پر اکٹھا ہوئے اور تیسری وکٹ کی شراکت میں 67رنز جور کر ابتدائی نقصان کا ازالہ کرنے کی کوشش کی۔

اس شراکت کا خاتمہ اس وقت ہوا جب حفیظ 45رنز بنانے کے بعد ایڈم ملنے کی وکٹ بن گئے۔

آصف علی نے 10اوورز سے زائد دیر تک وکٹ پر قیام کیا لیکن 21 گیندوں پر 24رنز بنانے کے بعد ان کی ہمت بھی جواب دے گئی۔

کپتان سرفراز احمد اچھی فارم میں نظر آئے اور 34رنز کی اننگز کھیلی لیکن اش سودھی کو ایک چھکا مارنے کے بعد اگلی ہی گیند پر دوبارہ اسی کوشش میں وکٹ گنوا بیٹھے۔

اختتامی اوورز میں فہیم اشرف اور عماد وسیم کے چند بڑے شاٹس کی بدولت پاکستان نے مقررہ اوورز میں 6وکٹوں کے نقصان پر 148رنز بنائے۔

ہدف کے تعاقب میں نیوزی لینڈ کے اوپنرز نے جارحانہ انداز میں اننگز کا آغاز کیا اور پاور پلے میں اپنی ٹیم کی نصف سنچری مکمل کرادی۔

اس خطرناک شراکت کا خاتمہ پاور پلے کی آخری گیند پر حسن علی نے گلین فلپس کی وکٹیں بکھیر کر کیا۔

پاور پلے کے اختتام اور پاکستانی اسپنرز کی عمدہ باؤلنگ کے سبب نیوزی لینڈ کی ٹیم کے رنز بنانے کی رفتار کم ہو گئی جس کے سبب مطلوبہ رن ریٹ بتدریج بڑھتا گیا۔

کولن منرو نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے اپنی نصف سنچری مکمل کی لیکن ان کی 3 چھکوں اور 6 چوکوں سے مزین 58رنز کی اننگز شاداب خان کی گیند پر اختتام پذیر ہوئی۔

نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن بھی بڑھتے رن ریٹ کا دباؤ برداشت نہ کر سکے اور 16گیندوں پر صرف 11رنز بنانے کے بعد عماد وسیم کی گیند پر کیچ ہوئے جبکہ شاداب کی براہ راست تھرو نے کولن ڈی گرینڈ ہوم کو بھی پویلین لوٹنے پر مجبور کردیا۔

89رنز پر 4وکٹیں گرنے کے بعد روس ٹیلر اور کوری اینڈرسن کی جوڑی کی وکٹ پر آمد ہوئی اور دونوں کھلاڑیوں نے 34رنز کی شراکت قائم کر کے میچ جیتنے کی امید برقرار رکھی۔

حسن علی نے میچ کے 19ویں اوور میں کوری اینڈرسن کو آؤٹ کرنے کے بعد ٹم سیفرٹ کی وکٹیں بکھیر دیں اور آخری اوور میں نیوزی لینڈ کو فتح کے لیے 17رنز کا ہدف ملا۔

روس ٹیلر نے شاہین آفریدی کی جانب سے کرائے گئے میچ کے آخری اوور میں دو چوکے لگائے لیکن اس کے باوجود وہ اپنی ٹیم کو فتح نہ دلا سکے۔

نیوزی لینڈ کی ٹیم مقررہ اوورز میں 6وکٹوں کے نقصان پر 146رنز بنا سکی، روس ٹیلر نے ناقابل شکست 42رنز کی اننگز کھیلی۔

پاکستان نے میچ میں 2 رنز سے کامیابی حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ تین ٹی20 میچوں کی سیریز میں 0-1 کی برتری بھی حاصل کر لی۔

قومی ٹیم کی جانب سے حسن علی نے عمدہ باؤلنگ کرتے ہوئے 3وکٹیں حاصل کیں جبکہ عماد وسیم اور شاداب خان نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

45رنز کی عمدہ اننگز کھیلنے کے بعد نپی تلی باؤلنگ کرنے پر محمد حفیظ کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

میچ کے لیے دونوں ٹیمیں ان کھلاڑیوں پر مشتمل تھیں۔

پاکستان: سرفراز احمد(کپتان/وکٹ کیپر)، صاحبزادہ فرحان، بابر اعظم، محمد حفیظ، شعیب ملک، آصف علی، شاداب خان، فہیم اشرف، حسن علی، عماد وسیم اور شاہین شاہ آفریدی۔

نیوزی لینڈ: کین ولیمسن(کپتان)، گلین فلپس، کولن منرو، روس ٹیلر، کولن ڈی گرینڈ ہوم، کوری اینڈرسن، ٹم سیفرٹ(وکٹ کیپر)، ٹم ساؤدھی، ایڈم ملنے، اش سودھی اور اعجاز پٹیل۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024