• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

'ریاست کو انتہائی قدم اٹھانے پر مجبور نہ کریں'

شائع October 31, 2018 اپ ڈیٹ November 1, 2018

وزیراعظم عمران خان نے قوم سے کیے جانے والے اپنے چوتھے خطاب میں آسیہ بی بی کیس سے متعلق سپریم کورٹ کے فیصلے پر بات کرتے ہوئے کہا کہ سپریم کورٹ کے ججز نے آئین کے مطابق فیصلہ دیا۔

اپنے مختصر خطاب میں وزیراعظم کا کہنا تھا کہ آسیہ بی بی سے متعلق سپریم کورٹ کے فیصلے پر ملک میں ایک چھوٹے سے طبقے نے اپنا رد عمل دیا اور ججز کو قتل کرنے اور فوج اور ریاست کے خلاف بغاوت کے لیے شہریوں کو اکسانے کی کوشش کی۔

پاکستان کا قانون قرآن اور سنت کے منافی نہیں ہے، ججز نے آسیہ بی بی سے متعلق جو فیصلہ دیا وہ آئین کے مطابق ہے اور پاکستان کا آئین قرآن اور سنت کے ماتحت ہے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ مدینہ کی ریاست کے بعد پاکستان وہ واحد ملک ہے جو اسلام کے نام پر بنا اور اس کا مطلب ہے کہ عدالت نے آئین کے مطابق فیصلہ دیا اور آئین قرآن اور سنت کے مطابق ہے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان کا مقصد فلاحی ریاست ہے، اگر ہم اسے فلاحی ریاست نہیں بنائیں گے تو اس کے قیام کا مقصد فوت ہوجائے گا۔

مزید پڑھیں: سپریم کورٹ نے آسیہ بی بی کو بری کردیا

انہوں نے واضح کیا کہ ’میں بار بار یہ کہہ چکا ہوں کہ پاکستان انشا اللہ ایک عظیم ملک بنے گااور مدینہ کی ریاست کے جو اصول تھے اس کے مطابق چل کر بنے گا‘۔

ان کا کہنا تھا کہ مسلمان کا ایمان مکمل نہیں ہوتا جب تک وہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے غیر مشروط محبت نہ کرے۔

وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ ملک دشمن عناصر ججز کو قتل اور فوج سے بغاوت پر اکسا رہے ہیں، 'میں ایسے عناصر سے درخواست کرتا ہوں کہ اپنی سیاست چمکانے کے لیے ریاست سے نہ ٹکرائیں'۔

ان کا کہنا تھا کہ ایسے عناصر ریاست کو مجبور نہ کریں کہ وہ کسی انتہائی قدم اٹھانے پر مجبور ہو جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ ایک طبقہ عوام کے جذبات بھڑکا کر امن و امان کو نقصان پہنچانے کی کوشش میں ہے، آمد و رفت کے امور متاثر کیے جارے ہیں، جو ناقابل برداشت ہے۔

انہوں نے کہا کہ میں یہ سوال پوچھنا چاہتا ہوں کہ اس طرح کون سی حکومت چل سکتی ہے جہاں ایک آدمی کھڑا ہو کر ججز کو قتل اور آرمی چیف کے خلاف لوگوں کو بغاوت پر اکسائے اور عوام کو سڑکوں پر لا کر راستوں کو بند کردے۔

یہ بھی پڑھیں: مذہبی جماعتوں کے مظاہرے: پنجاب، سندھ میں دفعہ 144 نافذ

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ہماری حکومت نے عملی طور پر وہ کام کیے جو سابقہ حکومت نے نہیں کیے، جب ہالینڈ میں پارلیمنٹیرین ین نے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی شان میں گستاخی کی تو واحد پاکستان تھا جس نے ہالینڈ کے وزیر خارجہ اور سفیر سے شکایت کی تھی۔

انہوں نے کہا کہ یہ پہلی مرتبہ ہوا کہ ہم نے ہالینڈ کے پارلیمنٹیرین سے وہ خاکے دستبردار کرائے، اس سے قبل اس کی مثال نہیں ملتی جبکہ پاکستان نے پہلی مرتبہ او آئی سی کے پلیٹ فارم پر جاکر توہین رسالت کے مسئلے پر بات کی۔

وزیراعظم عمران خان کاکہنا تھا کہ ہمارے وزیر خارجہ نے پہلی مرتبہ اقوام متحدہ کے اجلاس میں توہین رسالت اور مذہب کا معاملہ اٹھایا اور اس کے نتیجے میں یورپی کورٹ آف ہیومن رائٹس نے فیصلہ کیا کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی شان میں گستاخی کرنا آزادی اظہار رائے میں نہیں آتا۔

ان کا کہنا کہ ہم نے صرف باتیں نہیں کیں بلکہ عملی طور پر اس کا مظاہرہ کیا کہ ہم واقعی نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی شان میں گستاخی برداشت نہیں کریں گے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ہم انتہائی مشکل معاشی بحران سے نکل رہے ہیں، ہماری کابینہ نے ایک دن کی بھی چھٹی نہیں کی اور دن و رات جدوجہد کررہے ہیں کہ قوم کو معاشی اور سماجی مشکلات سے نکالیں تاکہ نچلی سطح کا مزدور بہتر حالات میں روزگار حاصل کر سکے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم دنیا کے دوست اور برادر ممالک سے پاکستان میں سرمایہ کاری لانے کی کوشش کررہے ہیں تاکہ بیروزگاری ختم اور غربت کم ہو۔

خیال رہے کہ سپریم کورٹ آف پاکستان نے توہین مذہب کیس میں مسیحی خاتون آسیہ بی بی کی سزائے موت کو کالعدم قرار دیتے ہوئے انہیں بری کرنے کا حکم دیا تھا۔

چیف جسٹس میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں جسٹس آصف سعید کھوسہ اور جسٹس مظہر عالم پر مشتمل 3 رکنی بینچ نے8 اکتوبر کو محفوظ کیا گیا فیصلہ سنایا تھا۔

مزید پڑھیں: آسیہ بی بی کی بریت پر مذہبی جماعتوں کا احتجاج

عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا کہ اگر آسیہ بی بی کسی اور کیس میں مطلوب نہیں ہیں تو انہیں فوری رہا کیا جائے۔

سپریم کورٹ کی جانب سے توہین مذہب کیس کا سامنا کرنے والی آسیہ بی بی کی رہائی کے حکم کے بعد کراچی سمیت ملک کے دیگر حصوں میں مذہبی جماعتوں نے احتجاج شروع کردیا۔

واضح رہے کہ سپریم کورٹ کے فیصلے سے قبل ہی تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) نے اپنے کارکنان کو جمع ہونے کی کال دیتے ہوئے کہا تھا کہ اگر آسیہ بی بی کو رہا کیا جائے تو اس کے خلاف احتجاج ریکارڈ کروائیں۔

عدالتِ عظمیٰ کے فیصلے کے بعد مذہبی جماعت کے کارکنان اسلام آباد اور راولپنڈی کے سنگم فیض آباد پر جمع ہونا شروع ہوگئے اور وہاں روڈ کو بلاک کردیا، علاوہ ازیں اسلام آباد میں آبپارہ کے علاقے کو بھی بند کروادیا گیا۔

اس کے ساتھ ساتھ اہلِ سنت والجماعت نے بھی آبپارہ کے علاقے میں احتجاج شروع کردیا اور حکومت مخالف نعرے بازی کی جبکہ سپریم کورٹ کے فیصلے کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا۔

بعد ازاں مذہبی جماعتوں کے احتجاج کے پیشِ نظر سندھ اور پنجاب میں آئندہ 10 روز کے لیے دفعہ 144 نافذ کردی گئی۔

محکمہ داخلہ سندھ کی جانب سے جاری ہونے والے نوٹیفکیشن کے مطابق 10 روز کے لیے ڈبل سواری اور عوامی اجتماعات منعقد کرنے پر مکمل پابندی ہوگی۔

اس کے ساتھ دفعہ 144 کے نفاذ کے بعد جلسے و جلوس، ریلیوں اور 4 سے زائد افراد کے اجتماع پر بھی 10 روز کے لیے پابندی ہوگی۔

وزیراعظم کے خطاب سے متعلق وزیر اطلاعات کا ٹوئٹ

اس سے قبل وفاقی وزیر اطلاعات نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر انتہائی مختصر ٹوئٹ کیا تھا کہ 'وزیراعظم جلد قوم سے خطاب کریں گے'۔

واضح رہے کہ وزیر اطلاعات نے یہ نہیں بتایا تھا کہ وزیراعظم کس موضوع پر خطاب کریں گے۔

خیال رہے کہ وزیراعظم کا عہدہ سنبھالنے کے بعد عمران خان 3 مرتبہ قوم سے خطاب کرچکے ہیں، جس میں انہوں نے متعدد موضوعات پر تبادلہ خیال کیا تھا۔

وزیراعظم کا عہدہ سنبھالنے کے بعد اپنے پہلے خطاب میں عمران خان نے کارکنوں کا شکریہ ادا کیا تھا اور معاشی صورت حال پر بات کی اور پاکستان کو ریاست مدینہ کے طرز پر چلانے کے عزم کا اظہار کیا۔

مزید پڑھیں: اقتدار کے 3 ماہ اور وزیر اعظم کے قوم سے 3 خطاب

انہوں نے کہا کہ میں آپ سب کا شکر گزار ہوں کیونکہ آپ کے بغیر میں یہاں تک نہیں پہنچ سکتا تھا۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ قائداعظم نے ایک مشن کے طور پر سیاست کا آغاز کیا تھا اور میں نے پاکستان کو علامہ اقبال کے خواب کے مطابق بنانے کے لیے سیاست کاآغاز کیا لیکن سیاست کو کبھی کیرئیر نہیں سمجھا۔

اپنے دوسرے خطاب میں وزیراعظم عمران خان نے پاکستانیوں سے ڈیم بنانے کے لیے اپنا حصہ ڈالنے پر زور دیتے ہوئے بیرون ملک پاکستانیوں سے اپیل کی کہ وہ ڈیم بنانے کے لیے فنڈ میں ڈالرز بھیجیں۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ میں نے وعدہ کیا تھا کہ ملک کے سارے مسائل آپ کے سامنے لاؤں گا اور ہر چیز سے آپ کو آگاہ کروں گا کہ مسائل کیا ہیں اور ان کا حل کیا ہے۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ 'اس میں کوئی شک نہیں کہ ہمارے سامنے بڑے چیلنج ہیں، ہم قرض میں ڈوبے ہوئے ہیں، پاکستان کا 10 سال قبل قرض 6 ہزار ارب روپے تھا اور آج ہمیں پتہ چلا کہ 30 ہزار ارب روپے تک قرض پہنچ چکا ہے اسی طرح گردشی قرضوں کا مسئلہ ہے، توانائی کا مسئلہ ہے لیکن میری نظر میں سب سے بڑا مسئلہ پانی کا ہے'۔

یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم ہاؤس کو یونیورسٹی بناؤں گا، وزیراعظم عمران خان کا قوم سے خطاب

اپنے تیسرے خطاب میں وزیراعظم عمران خان نے کہا تھا کہ سعودی عرب کی جانب سے اچھا اقتصادی پیکج مل جانے پر اللہ کا شکر ادا کرتا ہوں تاہم اب اگر ہم عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کے پاس جائیں گے تو قرض اور شرائط کا بوجھ زیادہ نہیں ہوگا۔

عمران خان نے خوش خبری دی کہ ’مزید اقتصادی پیکج کے حصول کے لیے دیگر 2 دوست ممالک سے مسلسل رابطے میں ہیں‘۔

ان کا کہنا تھا کہ ’اللہ کا شکر ہے کہ ہمیں سعودی عرب کی جانب سے اچھا پیکج مل گیا جس کی وجہ سے اب آئی ایم ایف کے پاس جائیں گے تو قرضے کا بوجھ زیادہ نہیں پڑے گا‘۔

تبصرے (2) بند ہیں

Malik USA Oct 31, 2018 08:05pm
You are right Mr. PM
Talha Nov 01, 2018 12:14pm
IK hamesha IK hiee rahay ga........

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024