چہلم امام حسین: موبائل فون اور انٹرنیٹ سروس معطل رہے گی
کراچی: چہلم حضرت امام حسین رضی اللہ عنہ کے سلسلے میں اسلام آباد کے سوا ملک کے تمام بڑے شہروں میں موبائل فون سروس، انٹرنیٹ اور جی پی آر ایس سروس معطل رہے گی۔
وزارت داخلہ کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق وفاقی حکومت نے یہ فیصلہ صوبائی حکومتوں کی جانب سے چہلم امام حسین کے موقع پر سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر کی گئی درخواست پر کیا۔
بیان کے مطابق وزارت داخلہ کو چاروں صوبوں اور حکومت آزاد کشمیر کے محکمہ داخلہ کی جانب سے درخواست موصول ہوئی تھی۔
وزارت داخلہ کے مطابق موبائل فون سروس ہر شہر میں نکلنے والے تعزیتی جلوسوں کے اوقات کے مطابق معطل کی جائے گی۔
پنجاب میں جن شہروں میں سروس بند کی جائے گی ان میں لاہور، ننکانہ صاحب، گجرانوالہ، سیالکوٹ، نارووال،راوالپنڈی، اٹک، جہلم، سرگودھا، خوشاب، بھکر، ٹوبہ ٹیک سنگھ، ملتان، ساہیوال، اوکاڑا، پاک پتن اور رحیم یار خان شامل ہیں۔
سندھ میں جلوس کے اوقات کے دوران کراچی، حیدرآباد، سکھر، خیر پور، جیکب آباد اور شکار پور میں موبائل فون سروس معطل ہوگی۔
خیبر پختونخوا میں نوشہرہ، کوہاٹ، بنوں، لکی مروت، ڈیرہ اسماعیل خان، ٹانک اور ایبٹ آباد موبائل فون سروس کئ بندش سے متاثر ہوں گے۔
بلوچستان میں کوئٹہ جبکہ آزاد کشمیر میں مظفر آباد، باغ، حویلی، میر پور اور کوٹلی میں سروس بند کی جائے گی۔
یہ خبر 30 اکتوبر 2018 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی۔