• KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • ISB: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • ISB: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm

تنوشری دتہ نے راکھی ساونت کے’ریپ‘ الزامات پر خاموشی توڑ دی

شائع October 29, 2018
راکھی ساونت نے تنوشری دتہ پر ہم جنس پرست ہونے کا الزام بھی عائد کیا تھا—فوٹو: اسپاٹ بائے
راکھی ساونت نے تنوشری دتہ پر ہم جنس پرست ہونے کا الزام بھی عائد کیا تھا—فوٹو: اسپاٹ بائے

بولی وڈ اداکارہ تنوشری دتہ نے اگرچہ گزشتہ ماہ 26 ستمبر کو اداکار نانا پاٹیکر پر 2008 میں فلم ’ہارن اوکے پلیز’ کی شوٹنگ کے دوران جنسی طور پر ہراساں کرنے کا الزام عائد کرکے بھارت میں ‘می ٹو’ مہم کا آغاز کیا تھا۔

تاہم جلد ہی تنوشری دتہ کے خلاف اداکارہ راکھی ساونت سامنے آئیں، جنہوں نے پہلے دن سے ہی تنوشری دتہ کے الزامات کو مسترد کیا تھا۔

راکھی ساونت نے تنوشری دتہ کو جھوٹا قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ انہیں نانا پاٹیکر سمیت کسی نے جنسی طور پر ہراساں نہیں کیا، بلکہ اس دن خود تنوشری دتہ نشے میں تھیں اور فلم کی شوٹنگ کے دوران وہ سارا دن وین میں سوتی رہی تھیں۔

راکھی ساونت کی جانب سے الزامات لگانے کے بعد تنوشری دتہ نے ان کے خلاف عدالت میں 10 کروڑ روپے ہرجانے کا دعویٰ دائر کیا تھا۔

تنوشری دتہ کی جانب سے دعویٰ دائر کیے جانے کے بعد راکھی ساونت نے بھی جوابی ہرجانے کا دعویٰ دائر کرنے کا اعلان کیا تھا۔ راکھی ساونت نے کہا تھا کہ وہ تنوشری دتہ کے خلاف 50 کروڑ ہرجانے کا دعویٰ دائر کریں گی۔

تاہم راکھی ساونت نے ہرجانے کا دعویٰ دائر کرنے سے پہلے ہی ایک پریس کانفرنس کے ذریعے تنوشری دتہ پر مزید کئی الزامات لگانے سمیت ان کی شخصیت سے متعلق حیران کن انکشافات کیے تھے۔

راکھی ساونت نے تنوشری پر ریپ کا الزام بھی لگایا تھا—فائل فوٹو: مڈ ڈے
راکھی ساونت نے تنوشری پر ریپ کا الزام بھی لگایا تھا—فائل فوٹو: مڈ ڈے

راکھی ساونت نے 25 اکتوبر کو پریس کانفرنس کرتے ہوئے تنوشری دتہ پر ہم جنس پرست یعنی لیزبین ہونے کا الزام بھی عائد کیا تھا۔ راکھی ساونت نے الزام عائد کیا تھا کہ تنوشری دتہ نے انہیں 12 سال قبل ریپ کا نشانہ بنایا تھا۔

اس پریس کانفرنس کے بعد بھی راکھی ساونت نے ایک نشریاتی ادارے کو انٹرویو دیتے ہوئے بتایا تھا کہ تنوشری دتہ نے انہیں 12 سال قبل طلاق دے دی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: تنوشری دتہ نے میرا ریپ کیا، راکھی ساونت

تاہم اب راکھی ساونت کے الزامات پر تنوشری دتہ نے خاموشی توڑتے ہوئے اداکارہ کو جھوٹی اور بے وقوف قرار دیا ہے۔

ڈی این اے انڈیا کے مطابق تنوشری دتہ نے راکھی ساونت کی جانب سے لگائے جانے والے الزامات پر اپنے لمبے چوڑے بیان میں اداکارہ کے تمام الزامات کو مسترد کرتے ہوئے انہیں جھوٹا، نا سمجھ اور پاگل قرار دیا۔

تنوشری نے راکھی کے الزامات کو مسترد کردیا—فائل فوٹو: فیس بک
تنوشری نے راکھی کے الزامات کو مسترد کردیا—فائل فوٹو: فیس بک

تنوشری دتہ نے اپنے بیان میں کہا کہ وہ راکھی ساونت سے زندگی میں صرف ایک بار ملی ہیں اور وہ بھی ایک ایئرپورٹ پر، جب وہ ملک سے باہر جانے کے لیے سفر کر رہی تھیں۔

تنوشری دتہ نے اپنے بیان میں دعویٰ کیا کہ راکھی ساونت نے انہیں اپنا مذہب تبدیل کرکے عیسائیت قبول کرنے کے لیے نہ صرف دعوت دی، بلکہ ان پر دباؤ ڈال کر انہیں ڈرایا کہ اگر وہ ایسا نہیں کریں گی تو انہیں جہنم میں ڈال دیا جائے گا۔

تنوشری دتہ کے مطابق راکھی ساونت نے انہیں صرف اس لیے ہم جنس پرست قرار دیا، کیوں کہ انہوں نے اپنے سر کے بال منڈوا لیے تھے۔

مزید پڑھیں: تنوشری دتہ نے 12 سال قبل طلاق دے دی تھی، راکھی ساونت

تنوشری دتہ نے وضاحت کی کہ انہوں نے اپنے ہندو مذہب کی رسومات کی وجہ سے اپنے سر کے بال منڈوائے تھے۔

اپنے بیان میں تنوشری دتہ نے راکھی ساونت کے ریپ کے دعوے اور الزامات پر بظاہر کوئی بات نہیں کی، تاہم انہوں نے ان کے تمام الزامات کو جھوٹا قرار دیا۔

راکھی ساونت نے مذہب تبدیل کرنے کے لیے دباؤ ڈالا، تنوشری—فوٹو: ٹائمز ناؤ
راکھی ساونت نے مذہب تبدیل کرنے کے لیے دباؤ ڈالا، تنوشری—فوٹو: ٹائمز ناؤ

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024