• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:11pm
  • LHR: Maghrib 5:05pm Isha 6:32pm
  • ISB: Maghrib 5:05pm Isha 6:34pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:11pm
  • LHR: Maghrib 5:05pm Isha 6:32pm
  • ISB: Maghrib 5:05pm Isha 6:34pm

خاشقجی کا بھیانک قتل امریکا کے لیے ناقابل برداشت ہے، پینٹاگون چیف

شائع October 27, 2018
جم میٹس نے بحرین میں فورم سے خطاب کرتے ہوئے عرب رہنماؤں کو خاشقجی کے کیس پر خبردار کیا
جم میٹس نے بحرین میں فورم سے خطاب کرتے ہوئے عرب رہنماؤں کو خاشقجی کے کیس پر خبردار کیا

پینٹاگون کے چیف جم میٹس نے عرب رہنماؤں کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ استنبول میں سعودی عرب قونصل خانے کے اندر سعودی صحافی جمال خاشقجی کے قتل پر ‘ہم سب کو تشویش ہونی چاہیے’۔

بحرین کے دارالحکومت منامہ میں عرب فورم کے ایک اجلاس میں جم میٹس نے کہا کہ ‘امریکا صحافی خاشقجی کو اس قدر بے رحمی اور مجرمانہ طریقے سے خاموش کرنے کو برداشت نہیں کرتا’۔

ان کا کہنا تھا کہ ‘کسی ملک کی عالمی اقدار کی پیروی میں ناکامی سے خطے کا استحکام مجروح ہوتا ہے جبکہ ایک ایسے وقت میں جب خطے کو اس کی اشد ضرورت ہے’۔

میٹس کا کہنا تھا کہ ‘ہم سیکریٹری آف اسٹیٹ مائیک پومپیو کے بیان کے مطابق امریکا کا تحفظ کرتے ہوئے اور قتل کے ذمہ داروں کو کٹہرے میں لانے کے دونوں اقدامات پر قائم رہیں گے’۔

مزید پڑھیں:جمال خاشقجی کے قتل پر سعودی عرب کے بیان سے مطمئن نہیں، ٹرمپ

فورم میں اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ ‘ہمارے سیکریٹری آف اسٹیٹ پہلے ہی ویزوں کو منسوخ کر چکے ہیں، مزید اضافی اقدامات بھی کریں گے’۔

سینٹرل انٹیلی جنس ایجنسی (سی آئی اے) نے دو روز قبل ترکی کے دورے کے بعد امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو اس حوالے سے ہونے والی تفتیش پر تازہ صورت حال سے آگاہ کیا تھا۔

ترک میڈیا کا کہنا تھا کہ انٹیلی جنس افسران کو خاشقجی کے قتل کے حوالے سے قونصل خانے سے حاصل کیا گیا آڈیو اور ویڈیو ریکارڈ دکھایا گیا۔

خیال رہے کہ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے سخت ناقد تصور کیے جانے والے جمال خاشقجی کے قتل سے عالمی طور پر سعودی عرب کے خلاف ردعمل دیا گیا تھا اور ریاض سے تعلقات میں کشیدگی پیدا ہوئی ہے جبکہ امریکا خطے میں ایران کو محدود کرنے کے لیے سعودی عرب کا اتحادی ہے۔

یہ بھی پڑھیں:خاشقجی کا قتل سنگین غلطی تھی، سعودی وزیر خارجہ

دوسری جانب محمد بن سلمان نے قتل کے حوالے سے تمام الزامات کو مسترد اور کسی طرح سے ملوث ہونے کے امکان کو بھی رد کردیا ہے اور سعودی قیادت نے اس کی تمام تر ذمہ داری کئی عہدیدار پر منتقل کردیا ہے۔

امریکی صدر پہلے ہی اس واقعے کو بدترین قرار دے چکے ہیں اور سعودی عرب کے کردار پر بھی شبہات کا اظہار کیا تھا۔

رواں ہفتے ہی امریکا نے کئی سعودی باشندوں کے پاسپورٹ منسوخ کردیے جس کے بعد برطانیہ نے بھی اس پر عمل کیا تھا۔ یاد رہے کہ سعودی صحافی جمال خاشقجی 2 اکتوبر کو استنبول میں قائم سعودی قونصل خانے کے اندر چلے گئے تھے جس کے بعد وہ لاپتہ ہوگئے تھے، بعد ازاں ترک پولیس نے ان کے قتل کا انکشاف کیا تھا۔

مزید پڑھیں:جمال خاشقجی کو ماورائے عدالت قتل کیا گیا، اقوامِ متحدہ

سعودی عرب نے ابتدا میں اس حوالے سے لاعلمی کا اظہار کیا تھا تاہم بعد میں اس قونصل خانے کے اندران کی ہلاکت کا اعتراف کیا تھا۔

اقوامِ متحدہ کی نمائندہ خاص نے بھی سعودی صحافی جمال خاشقجی کے قتل کو ماورائے عدالت قتل قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ جنہوں نے یہ منصوبہ بندی کی تھی ’وہ ریاست کی نمائندگی کرنے والے اعلیٰ سطح کے افراد ہیں‘۔۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ پہلے ہمیں یہ پتا چلا کہ ان کا قتل سعودی قونصل خانے میں کیا گیا، جس کے بعد یہ اطلاعات سامنے آئیں کہ موقع واردات پر موجود افراد ریاست کے اعلیٰ عہدیدار تھے۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024