• KHI: Zuhr 12:20pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:51am Asr 3:22pm
  • ISB: Zuhr 11:56am Asr 3:22pm
  • KHI: Zuhr 12:20pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:51am Asr 3:22pm
  • ISB: Zuhr 11:56am Asr 3:22pm

‘زرداری صاحب سیاست دانوں کے بجائے وکلا سے ملاقاتوں کو ترجیح دیں’

شائع October 23, 2018

وفاقی وزیراطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے پاکستان پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین اور سابق صدر آصف علی زرداری کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ حکومتیں قرار دادوں کے ذریعے نہیں جاتیں۔

وزیراطلاعات فوادچوہدری نے ٹویٹر میں اپنے پیغام میں کہا کہ ‘زرداری صاحب سیاست دانوں کے بجائے وکلا سے ملاقاتوں کو ترجیح دیں، اس مفت مشورے کا احساس ان کو ہفتوں میں نہیں دنوں میں ہوگا’۔

سابق صدر کو مخاطب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ‘قراردادوں سے حکومتیں نہیں جاتیں اس کے لیے ووٹ چاہئیں، زرداری صاحب کے پاس اب صرف نوٹ رہ گئے ہیں اور ووٹ وہ نوٹ کمانے کے چکر میں کھو چکے ہیں’۔

خیال رہے کہ آصف علی زرداری نے گزشتہ روز مولانا فضل الرحمٰن کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو میں کہا تھاکہ انہیں پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کے دو ماہ کے دوران جمہوری قوتیں کمزور ہوتی نظر آ رہی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت ملکی امور سنبھالنے کی اہلیت نہیں رکھتی اس لیے جمہوری قوتوں کو متحدہ ہو کر قرار داد لانے کی ضرورت ہے جو ایک جمہوری عمل ہے ۔

مزید پڑھیں:ملک میں جمہوری قوتیں کمزور ہوتی نظر آرہی ہیں، زرداری

سابق صدر نے کہا تھا کہ ہم مستقبل کے لیے حکمت عملی مرتب کر کے سب کے ساتھ مل کر آگے بڑھنا چاہتے ہیں لیکن اپوزیشن کا مقصد ہرگز حکومت کو پٹری سے اتارنا نہیں بلکہ ہم چاہتے ہیں کہ حکومت کو جمہوری اقدار کے مطابق چلایا جائے۔

انہوں نے کسی قسم کی ڈیل کے تاثر کو رد کرتے ہوئے کہا تھا کہ اگر سمجھوتہ ہی کرنا ہوتا تو مشرف کا دور موجودہ دور سے بہتر تھا اور ہم نے دوسروں کی طرح ڈیل کرنے کے بجائے جیل جانے کو ترجیح دی۔

کارٹون

کارٹون : 28 نومبر 2024
کارٹون : 27 نومبر 2024