• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

ڈاکٹر طاہر القادری طبیعت خراب ہونے پر ہسپتال میں داخل

شائع October 22, 2018
— فائل فوٹو
— فائل فوٹو

لاہور: پاکستان عوامی تحریک (پی اے ٹی) کے سربراہ ڈاکٹر طاہرالقادری علالت کے باعث ہسپتال میں داخل ہوگئے۔

ترجمان عوامی تحریک شاہد مرسلین کی جانب سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق ڈاکٹر طاہر القادری گزشتہ چند روز سے علیل تھے۔

انہوں نے بتایا کہ عوامی تحریک کے سربراہ کو آج صبح لاہور کے ایک نجی ہسپتال میں داخل کروایا گیا ہے۔

مزید پڑھیں: ڈاکٹر طاہر القادری کا ہائیکورٹ کا فیصلہ چیلنج کرنے کا اعلان

انہوں نے مزید کہا کہ ڈاکٹر طاہرالقادری کی ہسپتال میں میجر سرجری بھی ہوئی جس کے بعد وہ روبصحت ہیں۔

انہوں نے قوم سے طاہر القادری کی جلد صحتیابی کے لیے دعا کی درخواست بھی کی۔

واضح رہے کہ ڈاکٹر طاہر القادری سانحہ ماڈل ٹاؤن میں شہید ہونے والے افراد کو انصاف دلانے کے لیے کیس لڑ رہے ہیں۔

اس حوالے سے لاہور ہائی کورٹ میں ان کی درخواست مسترد ہونے کے بعد انہوں نے گزشتہ ماہ کے آخر میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سپریم کورٹ میں جانے کا بھی اعلان کیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: توہین عدالت: عمران خان اور طاہر القادری کے خلاف نیا فل بینچ تشکیل

17 جون 2014 کو لاہور کے علاقے ماڈل ٹاون میں تحریک منہاج القران کے مرکزی سیکریٹریٹ اور پاکستان عوامی تحریک (پی اے ٹی) کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری کی رہائش گاہ کے سامنے قائم تجاوزات کو ختم کرنے کے لیے آپریشن کیا گیا تھا۔

آپریشن کے دوران پی اے ٹی کے کارکنوں کی مزاحمت کے دوران ان کی پولیس کے ساتھ جھڑپ ہوئی تھی جس کے نتیجے میں 14 افراد ہلاک ہو گئے تھے جبکہ 90 کے قریب زخمی بھی ہوئے تھے۔

یاد رہے کہ لاہور ہائی کورٹ کے حکم پر 5 دسمبر 2017 کو صوبائی حکومت نے سانحہ ماڈل ٹاؤں کی 132 صفحات پر مشتمل جسٹس باقر نجفی رپورٹ جاری کی تھی۔

خیال رہے کہ 12 اپریل کو انسدادِ دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے سانحہ ماڈل ٹاؤن استغاثہ کیس میں 115 ملزمان پر فرد جرم عائد کردی تھی۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024