نہال ہاشمی کے فوج سے متعلق متنازع بیان پر پیمرا کا نوٹس
پاکستان الیکٹرونک میڈیا ریگیولیٹری اتھارٹی (پیمرا) نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سابق سینیٹر نہال ہاشمی کی جانب سے فوج کے حوالے سے متنازع بیان کو نشر کرنے والے نیوز چینلز کو قواعد کی خلاف ورزی پر نوٹس جاری کردیا۔
پیمرا کی جانب سےجاری بیان کے مطابق شوکاز نوٹس میں نہال ہاشمی کے ریاستی اداروں کے خلاف متنازع اور قابل اعتراض بیان نشر کرنے والے نیوز چینلز کو کہا گیا ہے کہ ایک ایسے شخص کو جگہ کیوں دی گئی جو ماضی میں متنازع بیانات دیتے رہے ہیں۔
نوٹس میں کہا گیا ہے کہ کیوں نہ ایسے چینلز کے خلاف کارروائی کی جائے جس کا نتیجہ جرمانہ یا چینلز کی معطلی بھی ہوسکتا ہے۔
عدلیہ کے خلاف متنازع بیان پر قید کی سزا کاٹنے اور نااہلی کا سامنا کرنے والے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سابق سینیٹر سید نہال ہاشمی نے ملکی ترقی میں سیاست دانوں کے کردار کا دفاع کرتے ہوئے مسلح افواج پر تنقید کی تھی۔
ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق نہال ہاشمی نے کراچی میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے الزام لگایا کہ مسلح افواج نے ‘ملک کی ترقی اور بہتری کے لیے کچھ نہیں کیا’ اور دفاع کی خاطر حاصل کیا گیا اسلحہ ‘محض شو پیس’ ہے۔
مزید پڑھیں: نہال ہاشمی کو ایک ماہ قید کی سزا، کسی بھی عوامی عہدے سے نااہل قرار
نیوز چینلز میں نہال ہاشمی کی سخت الفاظ میں کی گئی تقریر نشر ہوتے ہی پاکستان مسلم لیگ (ن) نے سابق سینیٹر کی جانب سے فوج کے حوالے سے دیئے گئے بیان سے لاتعلقی کا اعلان کردیا۔
پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ نہال ہاشمی کے بیان سے پارٹی کا کوئی لینا دینا نہیں اور یہ ان کے ذاتی خیالات ہیں۔
رانا ثنااللہ کا کہنا تھا کہ ‘نہال ہاشمی کو پاکستان مسلم لیگ (ن) سے خارج کردیا گیا تھا اس لیے پارٹی ان کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کرسکتی’۔
ان کا کہنا تھا کہ ‘عدلیہ کے خلاف بیان کے بعد نہال ہاشمی کو سینیٹ سے مستعفی ہونے کا حکم دیا گیا تھا لیکن انہوں نے پارٹی احکامات کی خلاف ورزی کی جس کی بنیاد پر انہیں پارٹی سے نکال دیا گیا۔
رانا ثنااللہ نے کہا کہ 'ریاستی اداروں سے ہر کوئی اختلاف کرسکتا ہے لیکن احتجاج ریکارڈ کرنے کا یہ کوئی طریقہ نہیں ہے’۔
یہ بھی پڑھیں: دھمکی آمیز تقریر: نہال ہاشمی نے سپریم کورٹ سے معافی مانگ لی
دوسری جانب لاہور میں ہائی کورٹ ک وکیل تجمل حسین نے نہال ہاشمی کے خلاف مقدمے کے اندراج کے لیے تھانہ سول لائن میں درخواست جمع کرا دی۔
درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ نہال ہاشمی توہین عدالت کیس میں سزا یافتہ ہیں اور وہ پاک فوج کے خلاف بیان دے کر اداروں کی تذلیل کے مرتکب ہوئے ہیں، اُن کے اس اقدام سے ہر پاکستانی کی دل آزاری ہوئی ہے۔
درخواست گزار نے استدعا کی ہے کہ نہال ہاشمی کے خلاف مقدمہ درج کر کے قانونی کارروائی کی جائے۔
تبصرے (1) بند ہیں