• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

عباس نے دنیا بھر کے کرکٹرز کو اپنا گرویدہ بنا لیا

شائع October 20, 2018
محمد عباس نے آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں مجموعی طور پر 10وکٹیں حاصل کیں— فوٹو: اے ایف پی
محمد عباس نے آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں مجموعی طور پر 10وکٹیں حاصل کیں— فوٹو: اے ایف پی

آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں شاندار کارکردگی پر عظیم فاسٹ باؤلرز اور سابق کرکٹرز نے پاکستانی باؤلر محمد عباس کو داد و تحسین سے نوازتے ہوئے روشن مستقبل کی نوید سنائی ہے۔

محمد عباس نے آسٹریلیا کے خلاف سیریز میں شاندار باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے مجموعی طور پر 17وکٹیں حاصل کیں اور سیریز کے بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ لے اڑے۔

مزید پڑھیں: 'فوری کامیابیاں ملنے کے باوجود میرا دماغ خراب نہیں ہو گا'

خصوصاً آسٹریلیا کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ میں 28سالہ باؤلر نے دونوں اننگز میں پانچ، پانچ وکٹیں لیتے ہوئے میچ میں 10وکٹیں لینے کا کارنامہ انجام دیا۔

سیریز میں شاندار کارکردگی اور عمدہ لائن و لینتھ کی بدولت عباس کو دنیا بھر کے سابق و موجودہ کرکٹرز نے خوب سراہا ہے۔

جنوبی افریقی فاسٹ باؤلر ڈیل اسٹین نے کہا کہ میں نے نیا عالمی نمبر ایک ٹیسٹ باؤلر آتے ہوئے دیکھ لیا ہے جو محمد عباس ہے۔

انگلینڈ کے سابق کپتان مائیکل وان تو محمد عباس کے بہت ہی بڑے مداح نظر آتے جنہوں نے پہلے کہا تھا کہ عباس مجھے ہر مرتبہ چھ گیندوں کے اندر ہی آؤٹ کر لیتے تاہم میچ میں دس وکٹیں لینے کے بعد تو وہ پاکستانی فاسٹ باؤلر کے مزید گرویدہ ہو گئے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: 'عباس ہر بار صرف 6 گیندوں کے اندر ہی مجھے آؤٹ کر دیتے'

انہوں نے نئی ٹوئٹ میں کہا کہ میں صرف میچ دیکھ رہا ہوں اور میرے اندازے کے مطابق عباس صرف آج صبح مجھے 10مرتبہ آؤٹ کر چکے ہوتے، وہ ہر طرح کی کنڈیشنز میں ایک شاندار باؤلر ہیں۔

مائیکل وان کی زیر قیادت کھیلنے والے پال کالنگ وڈ نے بھی اپنے کپتان کی رائے سے اتفاق کرتے ہوئے کہا کہ میں نے گزشتہ ماہ عباس کا سامنا کیا تھا تو انہوں نے مجھے پہلی اننگز میں پہلی ہی گیند پر آؤٹ کردیا تھا اور دوسری اننگز میں بھی پہلی ہی گیند پر میرے خلاف ایل بی ڈبلیو کی بڑی اپیل ہوئی تھی جس پر میں بچ گیا تھا۔

سابق بھارتی کرکٹر محمد کیف نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ بہترین فاسٹ باؤلرز کھوج نکالے ہیں اور محمد عباس بھی غیریقینی حد تک باصلاحیت باؤلر ہیں۔

ضرور ریکھیں: اظہر علی مزاحیہ طریقے سے رن آؤٹ

سوئنگ کے سلطان اور قومی ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم نے بھی محمد عباس کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ عمدہ لینتھ کی بدولت انہوں نے میچ میں 10وکٹیں حاصل کیں۔ آپ کو ابھی بہت آگے جانا ہے اور مجھے یقین ہے کہ آپ بہترین باؤلنگ جاری رکھتے ہوئے دنیا کے بہترین باؤلرز میں سے ایک بنیں گے۔

اس کے علاوہ قومی ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی، اسپیڈ اسٹار شعیب اختر اور دیگر کرکٹرز نے بھی محمد عباس کو بہترین باؤلنگ پر داد دی۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024