• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

وہ 12 سوال جو کھانے کی میز پر بچوں سے پوچھنے چاہیئں

شائع November 13, 2018 اپ ڈیٹ December 14, 2018

تحقیق بتاتی ہے کہ خاندان کا ساتھ مل کر کھانا کھانا بچوں کے لیے کافی مددگار ہوتا ہے جس سے ان کے سماجی ہنر ترقی پاتے ہیں اور ان کی کھانے کی عادات بہتر ہوتی ہیں۔

امریکن اکیڈمی آف پیڈیاٹرکس کی ایک رپورٹ میں پایا گیا ہے کہ پورے گھرانے کے ایک ساتھ کھانا کھانے سے بچے زیادہ پھل اور سبزیاں کھاتے ہیں۔ لیکن اگر کھانے کے دوران توجہ بٹی رہے اور ہر کوئی اپنے فونز چیک کرتا رہے تو یہ فوائد کم بھی ہوسکتے ہیں۔ اس لیے والدین کو کھانے کے دوران اپنے بچوں کے ساتھ معنی خیز باتیں کرنی چاہیئں۔

ذیل میں چند ایسے سوالات دیے جا رہے ہیں جن پر والدین اپنے بچوں سے کھانے کی میز پر گفتگو کرسکتے ہیں۔

1: آج آپ نے کیا دلچسپ، مزیدار یا مشکل کام کیا؟

بچے سے دن بھر کے معمولات کے بارے میں پوچھنا ایک اہم کام ہے جس سے آپ کا اور ان کا تعلق بہتر اور مضبوط ہوتا ہے۔ اسکول جانے والے بچوں سے آپ یہ بھی پوچھ سکتے ہیں کہ انہوں نے دن میں کیا نئی اور دلچسپ چیز سیکھیں۔ بچے کے جواب سے آپ کو یہ جاننے میں مدد ملے گی کہ آپ کے بچے کو کیا چیز جوشیلا بناتی ہے اور انہیں کس جگہ زیادہ مواقع اور مدد کی ضرورت پڑ سکتی ہے۔

2: آج ذہن میں کیا چل رہا ہے؟

بچوں کو احساس دلائیں کہ وہ آپ سے ہر بات کرسکتے ہیں اور آپ ان کی بات سنیں گے۔ یہ ایک عمومی پھندا نہیں ہونا چاہیے تاکہ بچے باتیں بتائیں اور پھر آپ ان کی سرزنش کریں۔ بچوں کے لیے یہ احساس ضروری ہے کہ کوئی ان کی بات سننے اور سمجھنے والا موجود ہے۔ اگر بچہ آپ کو اپنے اسکول میں مشکلات کے بارے میں بتائے تو انہیں ان مضامین کے بارے میں بتائیں جن میں آپ کو بھی مشکلات ہوئی تھیں۔

3: آج دوپہر کو کھانا کس کے ساتھ کھایا؟

ماہرین کے مطابق والدین کو بچوں سے ایسے سوالات پوچھنے چاہیئں جن کے جوابات ہاں یا ناں میں نہ دیے جاسکیں کیونکہ ان سوالات سے آپ کو اپنے بچے کے بارے میں جاننے کا موقع نہیں ملے گا۔ اکثر بچے اپنے اسکول کے بارے میں تفصیلات والدین کو بتانا نہیں چاہتے کیونکہ یہ باتیں پریشان کن، شرمندہ کرنے والی یا ناخوشگوار ہوسکتی ہیں، اس لیے ایسے سوالات ان سے پوچھنے ضروری ہیں۔ اگر وہ کہیں کہ میں نے اکیلے کھانا کھایا، تو سوچیں کہ آپ کا بچہ تنہائی کا شکار تو نہیں؟

4: میں آپ کو اپنے دن کے بارے میں کچھ زبردست بتاؤں؟

شاید آپ کے پاس بتانے کے لیے کوئی بہت زبردست بات نہ ہو مگر بچوں کو اپنی زندگی کے بارے میں بتانا ایک اہم کام ہے کیونکہ اس سے انہیں اپنی ذات سے آگے بڑھ کر دوسروں کے بارے میں سوچنے میں مدد ملتی ہے۔ اسی طرح آپ ان سے ان کی عمر بڑھنے کے ساتھ ساتھ مختلف چیزوں میں رائے بھی طلب کرسکتے ہیں۔

5: آج آپ کس چیز کے لیے شکر گزار ہیں؟

بچوں کو شکرگزاری سکھانا ان کی مجموعی نشونما اور ترقی کا ایک اہم حصہ ہے۔ تحقیق بتاتی ہے کہ شکرگزار محسوس کرنے اور اس کا اظہار کرنے سے مجموعی طور پر تعلقات میں بہتری آتی ہے جس سے انسان کی خوشی میں بھی اضافہ ہوتا ہے۔

6: کیا آپ کا پیٹ بھرا؟

بچوں سے اکثر پوچھنا چاہیے کہ کیا ان کا پیٹ بھرا ہے یا نہیں؟ اس سے ان کو اپنے کھانے پینے کے بارے میں محتاط رہنے میں مدد ملتی ہے۔ بچوں سے بھوک اور بھرے پیٹ کے بارے میں بات کرنے سے وہ اپنی بھوک کے بارے میں خیال رکھیں گے اور زیادہ کھانے سے پرہیز کریں گے۔

7: آپ کو حال ہی میں کس بات پر ہنسی آئی؟

بچوں سے ان کی زندگی کے بارے میں پوچھنے سے آپ کو نہ صرف یہ معلوم ہوتا ہے کہ ان کی زندگی کے تجربات کیسے رہے ہیں بلکہ یہ بھی کہ ان کی زندگی میں کیا ہو رہا ہے۔ اس کے بعد آپ یہ پتا لگا سکتے ہیں کہ ان کے احساسات کی وجہ کیا ہے۔

8: کیا آپ کے پاس خبروں میں چل رہے معاملات کے حوالے سے کوئی سوالات ہیں؟

آج کل کے انتہائی سیاسی دور میں بڑوں کے ساتھ ساتھ بچے بھی بسا اوقات اتنی معلومات حاصل کر بیٹھتے ہیں جو وہ سنبھال نہیں پاتے۔ اس سے انہیں اینگزائٹی ہوسکتی ہے۔ چنانچہ بچوں سے پوچھنا چاہیے کہ وہ ٹی وی یا اخبارات میں زیرِ بحث معاملات کے بارے میں کیا سوچ رہے ہیں اور پھر انہیں درست جواب دینے کی کوشش کریں۔

9: آپ کل کیا کرنا چاہتے ہیں؟

بچوں کو خاندان کے منصوبوں میں شامل کریں۔ ان سے پوچھیں کہ وہ اگلے 24 گھنٹے کیسے گزارنا چاہتے ہیں۔ اس سے آپ کو ان کی دلچسپیوں کے بارے میں جاننے میں مدد ملے گی۔

10: آپ کے دوست اور ہم جماعت کیسے ہیں؟

کیا آپ کا بچہ کلاس اور دوستوں کے گروپ میں مشکلات کا شکار تو نہیں؟ کہیں ایسا تو نہیں کہ کوئی اسے چھیڑ رہا ہو اور آپ اس بات سے ناواقف ہوں؟ یہ سوال پوچھنے سے آپ کو یہ جاننے میں مدد ملے گی کہ ان کے اپنے دوستوں اور ہم جماعتوں سے کیسے تعلقات ہیں۔

11: آپ نے اردو، انگلش، تاریخ (یا کسی بھی مضمون) کی کلاس میں کیا سیکھا؟

کسی خاص مضمون کے بارے میں پوچھنے سے آپ اپنے بچے کی معلومات کے بارے میں زیادہ بہتر طور پر جان سکتے ہیں، برعکس اس عمومی سوال کے کہ ان کا اسکول میں دن کیسا گزرا۔ آپ ان سے یہ بھی پوچھ سکتے ہیں کہ انہوں نے اسکول میں کھانے کے وقفے میں دوسرے بچوں سے کیا بات کی۔ ایسے سوال پوچھیں جن کا جواب بچوں کو کئی جملوں میں دینا پڑے۔

12: آج کے دن کی سب سے اچھی (یا بُری) بات کیا رہی؟

بچے کی زندگی کے بارے میں جاننے کا ایک اور اچھا طریقہ یہ ہے کہ آپ ان سے ان کی کامیابی یا ناکامی کے بارے میں پوچھیں۔ جب آپ ایسا کوئی سوال کریں گے مثلاً "کیا آپ کسی چیز کے متعلق پریشان ہیں؟" تو آپ کو اپنے بچے سے کوئی نہ کوئی تفصیلی کہانی ضرور سننے کو ملے گی۔ اس سے آپ کا اپنے بچے کی زندگی سے تعلق مضبوط ہوگا اور آپ کے بچے کو تحفظ کا احساس ہوگا۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024