• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

جمال خاشقجی کی گمشدگی: آئی ایم ایف سربراہ نے دورہ سعودی عرب ملتوی کردیا

شائع October 17, 2018
آئی ایم ایف سربراہ کرسٹین لاگارڈے —  فوٹو: اے ایف پی/فائل
آئی ایم ایف سربراہ کرسٹین لاگارڈے — فوٹو: اے ایف پی/فائل

واشنگٹن: بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کی سربراہ کرسٹین لاگارڈے نے معروف صحافی کی مبینہ گمشدگی کے بعد مشرق وسطیٰ کا دورہ اور سعودی عرب میں سرمایہ کاری کانفرنس میں شرکت ملتوی کردی۔

آئی ایم ایف کے ترجمان نے بیان میں کہا کہ 'مینیجنگ ڈائریکٹر کا مشرق وسطیٰ کا طے شدہ دورہ ملتوی کردیا گیا ہے۔'

تاہم انہوں نے اس حوالے سے مزید کوئی تفصیل نہیں دی۔

کرسٹین لاگارڈے کو سعودی عرب میں منعقد ہونے والی 'فیوچر انویسٹمنٹ انیشیٹو' کانفرنس میں شرکت کرنا تھی۔

استنبول میں سعودی قونصلیٹ میں 2 اکتوبر کو آخری بار دیکھے جانے والے صحافی جمال خاشقجی کے مبینہ قتل کے بعد عالمی کاروباری اور میڈیا کے رہنماؤں نے اس کانفرنس کا بائیکاٹ کردیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: لاپتہ صحافی کو سعودی قونصل خانے میں قتل کردیا گیا، ترک پولیس

ہفتہ کو بالی میں آئی ایم ایف کے سالانہ اجلاس کے دوران کرسٹین لاگارڈے کا کہنا تھا کہ وہ آئندہ ہفتے کانفرنس میں شرکت کے لیے ریاض جائیں گی۔

اس وقت ان کا صحافیوں سے گفتگو کے دوران کہنا تھا کہ 'انسانی حقوق اور معلومات کی آزادی ضروری حقوق ہیں اور وہ صحافی کے مبینہ قتل کے واقعے پر خوفزدہ ہیں۔'

ان کا کہنا تھا کہ انہیں دنیا بھر میں آئی ایم ایف کے معاملات چلانے کے لیے ایسے واقعات کو ایک طرف رکھ کر آگے بڑھنا ضروری ہے۔

خیال رہے کہ امریکا میں مقیم سعودی صحافی جمال خاشقجی گزشتہ 2 ہفتے سے لاپتہ ہیں جن کے بارے میں خیال کیا جارہا ہے کہ انہیں ترکی میں سعودی قونصل خانے میں قتل کر دیا گیا ہے۔

سعودی عرب سے خود ساختہ جلا وطنی اختیار کرنے والے جمال خاشقجی امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ سے وابستہ تھے جبکہ ادارے نے بھی ان کی گمشدگی کی تصدیق کی تھی۔

مزید پڑھیں: ’جمال خاشقجی شاہی خاندان کی کرپشن، دہشتگردوں کےساتھ تعلقات سے آگاہ تھے‘

صحافی کی گمشدگی پر ترک حکومت نے فوری ردعمل دیتے ہوئے استنبول میں تعینات سعودی سفیر کو وزارت خارجہ میں طلب کیا جس کے بعد دونوں ممالک کے درمیان تعلقات میں کشیدگی کا خدشہ پیدا ہوا تھا۔

سعودی سفیر نے صحافی کے لاپتہ ہونے کے حوالے سے لاعلمی کا اظہار کرتے ہوئے تفتیش میں مکمل تعاون کی پیش کش کی تھی۔

سعودی صحافی جمال خاشقجی کی گمشدگی کے معاملے پر گزشتہ روز امریکی سیکریٹری خارجہ مائیک پومپیو نے سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز سے براہِ راست ملاقات بھی کی تھی۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024