• KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm
  • KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm

’میرے اور مکی آرتھر کے درمیان اب کوئی اختلافات نہیں‘

شائع October 15, 2018
قومی ٹیم کے کوچ مکی آرتھر (دائیں) اور کپتان سرفراز احمد (بائیں) — فوٹو: فائل
قومی ٹیم کے کوچ مکی آرتھر (دائیں) اور کپتان سرفراز احمد (بائیں) — فوٹو: فائل

پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے کہا ہے کہ ان کے اور کوچ مکی آرتھر کے درمیان کوئی اختلافات نہیں ہیں۔

ابوظہبی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ پہلے ٹیسٹ میچ میں اچھی پرفارمنس کے باوجود جیت نہیں سکے۔

انہوں نے بتایا کہ آسٹریلیا کے خلاف کل سے شروع ہونے والے دوسرے ٹیسٹ میچ میں نوجوان بیٹسمین فخر زمان کو ڈیبیو کروانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

کپتان سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ ٹیم میں ایسا کھلاڑی بھی ہونا چاہیے جو تیز بیٹنگ کر سکے۔

مزید پڑھیں: پاکستان جیتی بازی ہار گیا، آسٹریلیا پہلا ٹیسٹ میچ ڈرا کرنے میں کامیاب

امام الحق کے بارے میں بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ انجری کے باعث امام الحق ٹیم کا حصہ نہیں ہوں گے، جبکہ اسپنر شاداب خان فٹ ہوگئے ہیں اور 12 کھلاڑیوں میں انہیں شامل کیا گیا ہے۔

کوچ مکی آرتھر سے اختلافات کے بارے میں بات کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ جو ہونا تھا ہوگیا ہے، اب ان کے اور مکی آرتھر کے درمیان اختلافات نہیں ہیں۔

انہوں نے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرکے اگلا میچ جیت کر سیریز اپنے نام کرنے کی کوشش کریں گے۔

واضح رہے کہ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان 2 میچوں پر مشتمل سیریز کا دوسرا مقابلہ 16 اکتوبر سے ابوظہبی میں شروع ہورہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: آسٹریلیا اور عثمان خواجہ نے متعدد ریکارڈز پاش پاش کر دیے

گزشتہ میچ میں آسٹریلیا کے عثمان خواجہ نے شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستان کو یقینی فتح سے دور کردیا اور میچ ڈرا ہوگیا تھا۔

پاکستان کو 2010 کے بعد متحدہ عرب امارات میں ٹیسٹ سیریز میں شکست نہیں ہوئی تھی، تاہم سرفراز احمد کی قیادت میں سری لنکا نے 2017 میں پہلی مرتبہ شکست سے دوچار کیا تھا۔

اگر پاکستان کو آسٹریلیا کے خلاف اس ٹیسٹ میں شکست ہوئی تو پاکستان کو یو اے ای میں پہلی مرتبہ لگاتار دو ٹیسٹ سیریز میں شکست ہوگی۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024