جنسی ہراساں کا الزام لگانے والی خاتون کے خلاف شکایت درج
بھارت میں جہاں ‘می ٹو’ مہم کے ذریعے اداکارائیں و خواتین اپنے ساتھ ہونے والی ناانصافی کے خلاف آواز اٹھاتی نظر آ رہی ہیں۔
وہیں اب بھارت میں مرد حضرات بھی اس حوالے سے بات کرتے نظر آ رہے ہیں اور لوگ ایسے مرد حضرات سے مطالبہ کر رہے ہیں کہ وہ بھی اپنے ساتھ ہونے والی ناانصافی پر بات کریں، جو کبھی کسی خاتون کی جانب سے ہراساں کیے گئے ہوں۔
جہاں اداکار آدھیان ثمن سے لوگوں نے ٹوئٹر پر مطالبہ کیا کہ وہ 2 سال قبل اداکارہ کنگنا رناوٹ کی جانب سے ہراساں کیے جانے کے واقعے کی تفصیل سامنے لائیں، وہیں اب بولی وڈ کی معروف میوزک اور فلم پروڈکشن کمپنی ‘ٹی سیریز’ کے مالک نے بھی اہم کارنامہ سر انجام دے دیا۔
ٹی سیریز کے مالک بشن کمار نے اس نامعلوم خاتون کے خلاف مقدمہ دائر کروادیا،جس نے ان کے خلاف جنسی طور پر ہراساں کرنے کے الزامات عائد کیے تھے۔
ہندوستان ٹائمز کے مطابق بشن کمار نے ممبئی کے امبالی پولیس تھانے میں اس نامعلوم خاتون کے خلاف شکایت درج کروادی،جنہوں نے ان پر جنسی طور پر ہراساں کرنے کے الزامات عائد کیے تھے۔
انہوں نے پولیس کو درج کرائی شکایت میں کہا کہ ٹوئٹر پر ایک نا معلوم شخص نے ‘می ٹو’مہم کے ذریعے ان پر جھوٹا الزام لگایا۔
بشن کمار نے درج کرائی گئی شکایت میں مزید کہا کہ 12 اکتوبر کو ایک نامعلوم ٹوئٹر اکاؤنٹ سے ان کے خلاف سنگین قسم کے جنسی طور پر ہراساں کیے جانے کے جھوٹے الزامات لگائے گئے،جن کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں۔
دوسری جانب بشن کمار کی اہلیہ نے بھی اپنی ٹوئیٹ کے ذریعے شوہر کا دفاع کرتے ہوئے انہیں بے قصور قرار دیا۔
دیویا بشن کمار کا اپنی ٹوئیٹ میں کہنا تھا کہ ان کے شوہر کی محنت کی وجہ سے ہی آج ٹی سیریز کمپنی اس مقام پر کھڑی ہوئی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اگرچہ ‘می ٹو’ مہم اچھی چیز ہے، تاہم اس کے ذریعے کچھ افراد اپنے غلط مقاصد کو حاصل کرنے میں مصروف ہیں،ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ الزامات تو ‘لارڈ کرشنا پر بھی لگے تھے‘۔
خیال رہے کہ 2 روز قبل ہی ایک ٹوئٹر اکاؤنٹ سے بشن کمار پر جنسی طور پر ہراساں کیے جانے کے الزامات لگائے گئے تھے۔
انڈین ایکسپریس کے مطابق ایک نامعلوم خاتون نے ٹوئٹر پر دعویٰ کیا کہ بشن کمار نے ان سے اپنی پروڈکشن کمپنی ٹی سیریز کے بینر تلے ریلیز ہونے والی تین فلموں کے گانوں کو گانے کے لیے جسمانی تعلقات کا مطالبہ کیا۔
رپورٹ کے مطابق نامعلوم خاتون نے دعویٰ کیا کہ بشن کمار نے ان سے واضح طور پر کہا کہ اگر وہ ان کے جسمانی تعلقات کے مطالبہ پورے نہیں کرتیں تو انہیں تینوں فلموں میں سانگس گانے کا موقع نہیں دیا جائے گا۔
الزامات سامنے آنے کے بعد بشن کمار نے پہلے ہی الزامات کو مسترد کرتےہوئے انہیں بے بنیاد قرار دیاتھا۔
خیال رہے کہ ٹی سیریز بھارت اور خصوصی طور پر بولی وڈ کی میوزک پروڈکشن کی سب سے بڑی کمپنی ہے، اس کمپنی کے بینر تلے ہزاروں گانے ریلیز کیے جاچکےہیں۔
اس کمپنی کے تحت نہ صرف گانے بلکہ فلمیں بھی ریلیز کی جا چکی ہیں، اس کمپنی کا شمار بولی وڈ کی سب سے معروف اور بڑی پروڈکشن کمپنیوں میں ہوتا ہے۔
’ ٹی سیریز’ کو بشن کمار کے والد گلشن کمار نے 1980 میں بنایا تھا۔
یہ کمپنی شروع سے ہی زیادہ تر فلموں کی موسیقی کی تیاری کا کام کرتی آئی ہے، تاہم گزشتہ 2 دہائیوں سے یہ فلم پروڈکشن میں بھی اچھا کام کر رہی ہے۔
گلشن کمار 1997 میں 41 برس کی عمر میں چل بسے تھے، جس کے بعد ٹی سیریز کو ان کے بھائی نے سنبھالا، بعد ازاں کمپنی کو ان کے بیٹے بشن کمار نے سنبھالا۔