• KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • ISB: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • ISB: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm

ایل او سی: بھارتی فوج کی بلا اشتعال فائرنگ، 8 سالہ بچہ شدید زخمی

شائع October 14, 2018
بھارتی فوج نے شہری آبادی کو نشانہ بنایا— فوٹو: آئی ایس پی آر
بھارتی فوج نے شہری آبادی کو نشانہ بنایا— فوٹو: آئی ایس پی آر

راولپنڈی: لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر چڑی کوٹ سیکٹر میں بھارتی فوج کی بلا اشتعال فائرنگ سے 8 سالہ بچہ شدید زخمی ہوگیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق بھارتی فوج نے چڑی کوٹ سیکٹر پر شہری آبادی کو نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں 8 سالہ خیام شدید زخمی ہوا، جسے فوری طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج نے بھارتی فوج کی اشتعال انگیزی کا بھرپور جواب دیا۔

مزید پڑھیں: بلا اشتعال فائرنگ، پاکستان کا بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر سے احتجاج

واضح رہے کہ 11 اکتوبر کو بھارت کی جانب سے لائن آف کنٹرول پر سکھیال سیکٹر میں بلا اشتعال فائرنگ سے ایک کاشت کار محمد حنیف شدید زخمی ہوا تھا۔

اس سے قبل گزشتہ ماہ ستمبر میں آزاد کشمیر کے ضلع بھمبر میں لائن آف کنٹرول پر بھارتی فوج کی بلا اشتعال فائرنگ سے ایک شہری جاں بحق ہوگیا تھا۔

یاد رہے کہ نومبر 2003 میں پاکستان اور بھارت کی افواج کے درمیان لائن آف کنٹرول پر ایک جنگ بندی کا تاریخی معاہدہ ہوا تھا۔

تاہم اس معاہدے کے باوجود بھارت کی جانب سے مسلسل جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کا سلسلہ جاری ہے اور آئے روز بھارتی فوج لائن آف کنٹرول پر بلا اشتعال فائرنگ کرتی ہے اور معصوم شہریوں کو نشانہ بناتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ایل او سی پر بھارتی اشتعال انگیزی، ایک شہری جاں بحق

رواں سال مئی میں دونوں ممالک کے ڈائریکٹر جنرل ملٹری آپریشنز (ڈی جی ایم اوز) کے درمیان ہاٹ لائن سطح پر خصوصی رابطہ ہوا تھا اور دونوں موجودہ صورتحال کی بہتری، امن کو یقینی بنانے اور ایل او سی اور ورکنگ باؤنڈری پر شہریوں کی مشکلات کو چھٹکارا دلانے پر متفق ہوئے تھے۔

اس کے ساتھ ساتھ دونوں ممالک کے ڈی جی ایم اوز 2003 کے جنگ بندی معاہدے پر مکمل عمل درآمد پر من و عن عمل کرنے پر راضی ہوئے تھے، ساتھ ہی یہ بھی یقین دہانی کرائی گئی تھی کہ دونوں اطراف سے جنگ بندی کے معاہدے کی خلاف ورزی نہیں کی جائے گی۔

تاہم اس ملاقات کے باوجود بھارت نے جنگ بندی معاہدے پر عمل نہیں کیا اور معاہدے کی مسلسل خلاف ورزی کا سلسلہ جاری ہے۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024