• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:14am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:41am Sunrise 7:10am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:14am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:41am Sunrise 7:10am

ریئل اسٹیٹ کے 16 ہزار ٹیکس نادہندہ گان کی فہرست تیار

شائع October 14, 2018
کراچی میں بنے ہوئے اپارٹمنٹ بلاک — فوٹو، فائل
کراچی میں بنے ہوئے اپارٹمنٹ بلاک — فوٹو، فائل

اسلام آباد: فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے ریئل اسٹیٹ کے کاروبار میں سرمایہ کاری کرنے والے ٹیکس نادہندہ گان کی فہرست مرتب کی ہے جنہوں نے گزشتہ 2 سال کے دوران اربوں روپے کی سرمایہ کاری کرنے کے باوجود ٹیکس ادا نہیں کیا۔

ایف بی آر کی جانب سے 16 ہزار افراد کی نشاندہی کی گئی ہے جنہوں نے ریئل اسٹیٹ کے بزنس میں سرمایہ کاری کی لیکن ایف بی آر کے ٹیکس نیٹ میں شامل نہیں ہیں، جبکہ ان ہی میں سے کچھ ایسے بھی ہیں جن کے پاس نیشنل ٹیکس نمبر (این ٹی این) بھی نہیں ہے۔

اعداد وشمار کے مطابق گزشتہ 2 سال کے دوران 80 ہزار لین دین ہوئیں، جن کی کل مالیت ڈپٹی کمشنر ریٹ کے مطابق 8 سو ارب روپے ہے جبکہ اس کی حقیقی قیمت اس سے کہیں زیادہ ہے۔

مذکورہ اعداد و شمار ایف بی آر کے ذیلی ادارے پاکستان ریونیو آٹومیشن لمیٹڈ کی جانب سے مرتب کیے گئے ہیں جو 40 لاکھ سے زائد کی سرمایہ کاری کو ایف بی آر نظام میں ریکارڈ کر دیتا ہے۔

مزید پڑھیں: رئیل اسٹیٹ میں وسیع پیمانے پر تبدیلیوں کے امکانات

ریئل اسٹیٹ سیکٹر کے دستاویزات کو درست رکھنے کے لیے حکومت کی جانب سے اپنے بجٹ اعلان میں جولائی کے بعد سے ہونے والی ٹرانزیکشنز کو ٹیکس ریٹرن سے مشروط کردیا تھا۔

ایف بی آر ذرائع نے ڈان سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ ادارہ ایسے افراد کو رجسٹرڈ کرنے کے لیے پہلے ہی نوٹس جاری کر چکا ہے، جو ٹیکس نیٹ میں شامل نہیں ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ ایسے افراد جو ایف بی آر میں رجسٹرڈ ہیں لیکن اپنے ٹیکس گوشوارے جمع نہیں کروارہے، انہیں بھی نوٹس جاری کیے جائیں گے۔

ذرائع نے بتایا کہ اب تک ملک بھر میں 200 افراد کو نوٹس جاری کیے جاچکے ہیں، اور یہ سلسلہ جاری رہے گا۔

یہ بھی پڑھیں: ایف بی آر پاکستانیوں کے بیرونِ ملک اکاؤنٹس تک رسائی کیلئے تیار

خیال رہے کہ حکومت کی جانب سے ایف بی آر سے مطالبہ کیا گیا تھا کہ وہ ایسے افراد جن کی جائیدادیں بہت زیادہ ہیں اور وہ ٹیکس نیٹ میں شامل نہیں ہیں انہیں ٹیکس نیٹ میں لانے کے لیے اقدامات کیے جائیں۔

اپنا نام نہ ظاہر کرنے کی شرط پر ایف بی آر حکام نے ڈان کو بتایا کہ مختلف ذرائع سے ایسے افراد کا ڈیٹا جمع کرنے کے باوجود ابھی تک وزیرِ خزانہ اسد عمر کی جانب سے ان کے خلاف کارروائی کرنے کی اجازت نہیں دی گئی۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ایف بی آر نے ٹیکس چوروں کے خلاف کارروائی کا پورا منصوبہ تیار کرچکا ہے۔

ایف بی آر نے ایسے ایک ہزار افراد کو بھی نوٹس جاری کیا ہے جنہوں نے دبئی اور برطانیہ میں جائیدادیں خریدیں، جبکہ ایف بی آر نے ایسے افراد کی بھی نشاندہی کی ہے جنہوں نے این ٹی این نمبر نہ ہونے کے باوجود لگژری گاڑیاں خریدیں۔


یہ خبر 14 اکتوبر 2018 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی

کارٹون

کارٹون : 24 دسمبر 2024
کارٹون : 23 دسمبر 2024