• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

سماجی رضا کار گلالئی اسمٰعیل عبوری ضمانت پر رہا

سماجی رضا کار گلالئی اسمٰعیل عبوری ضمانت پر رہا — فائل فوٹو
سماجی رضا کار گلالئی اسمٰعیل عبوری ضمانت پر رہا — فائل فوٹو

پختونوں کے حقوق کے لیے کام کرنے والی سماجی رضا کار گلالئی اسمٰعیل، جنہیں لندن سے واپسی پر اسلام آباد ایئرپورٹ سے گرفتار کیا گیا تھا، کو عبوری ضمانت پر رہا کردیا گیا۔

ان کے والد کے مطابق سماجی رضا کار کو وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کے اسلام آباد میں قائم ہیڈکوارٹرز سے رہا کیا گیا تاہم حکام نے ان کا پاسپورٹ واپس نہیں کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ گلالئی ہم سے ابھی ملی ہیں اور ہم اپنے گاؤں (صوابی) جارہے ہیں جبکہ کل ہم گلالئی کی قبل از گرفتاری ضمانت کی درخواست دائر کریں گے۔

واضح رہے کہ سماجی رضاکار کی رہائی کے لیے کچھ دیر قبل انسانی حقوق کی تنظیم ایمنسٹی انٹرنیشنل کی جانب سے مطالبہ کیا گیا تھا۔

مزید پڑھیں: سماجی کارکن کو سوشل میڈیا کے ذریعے دھمکی دینے والا ملزم گرفتار

قبل ازیں اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے حکام اور گلالئی کے والد نے ڈان نیوز کو گلالئی حراست میں لیے جانے کی خبروں کی تصدیق کی تھی۔

گلالئی کے والد اسمٰعیل نے ڈان نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا تھا کہ وہ جب اسلام آباد واپس آئیں تو انہیں ایف آئی اے کے حکام نے اطلاع دی کہ ان کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) میں شامل ہے۔

سماجی رضا کار کا کہنا تھا کہ ’انہیں ایئرپورٹ پر حراست میں لیا گیا تھا جبکہ ایف آئی اے حکام کا کہنا تھا کہ وہ ’چند ضروری دستاویزات‘ تیار کر رہے ہیں۔

ایئرپورٹ ذرائع کا کہنا تھا کہ خاتون سماجی رضاکار کا نام ای سی ایل میں موجود تھا جس کی وجہ سے ان کے اسلام آباد پہنچنے پر ایف آئی اے نے انہیں حراست میں لیا۔

یہ بھی پڑھیں: ایک اور سماجی کارکن اسلام آباد سے لاپتہ

واضح رہے کہ صوابی پولیس نے 13 اگست کو گلالئی سمیت پشتون تحفظ موومنٹ کے 19 رہنماؤں کے خلاف صوابی میں جلسہ منعقد کرانے، جس میں پی ٹی ایم کے منطور پشتین اور گلالئی نے بھی خطاب کیا تھا، پر مقدمہ درج کیا تھا۔

پی ٹی ایم رہنماؤں کا کہنا تھا کہ انہوں نے ایف آئی آر کے خلاف پشاور ہائی کورٹ میں درخواست دائر کر رکھی ہے جس کی اگلی سماعت 25 اکتوبر کو ہوگی۔

خواتین کے حقوق کے لیے کام کرنے والی گلالئی اسمٰعیل کو 2017 میں اینا پولیٹووسکایا ایوارڈ سے نوازا گیا تھا۔

وہ غیر سرکاری تنظیم ’اویئر گرلز‘ کی شریک بانی بھی ہیں جس کا آغاز انہوں نے 2002 میں اپنی بہن صبا اسمٰعیل کے ساتھ مل کر کیا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024