• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

وزیر تعلیم سندھ نے تاریخ رقم کردی، بیٹی کا داخلہ سرکاری اسکول میں کرادیا

شائع October 12, 2018

وزیر تعلیم سندھ سید سردار شاہ نے تاریخ رقم کرتے ہوئے اپنی بیٹی کا داخلہ حیدر آباد کے میراں گرلز گورنمںٹ اسکول میں کروا دیا۔

سید سردار شاہ نے ڈان نیوز سے بات کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اپنی بیٹی کے علاوہ بھائی کی دو بیٹیوں کا داخلہ بھی سرکاری اسکول میں کروایا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ 'میں نے بیٹی کا داخلہ سرکاری اسکول میں کروا کر اپنا فرض پورا کیا ہے کوئی کارنامہ نہیں کیا، جبکہ اس کا مقصد عوام کا سرکاری اسکولوں پر اعتماد بحال کرانا ہے۔'

مزید پڑھیں: خطیر رقم خرچ کرنے کے باوجود اسکول چھوڑنے والے بچوں کی تعداد میں اضافہ

وزیر تعلیم سندھ کا کہنا تھا کہ 'میں نے شروعات اپنے گھر سے کی ہے تاکہ سرکاری اسکولوں کے معیار پر عوام کااعتماد بڑھایا جاسکے اور یہ اس سلسلے میں پہلا قدم ہے۔'

انہوں نے کہا کہ 'اگر میں اپنی بیٹی کا داخلہ کروا کے خود سے آغاز نہیں کرتا تو کوئی اس بات پر یقین نہیں کرتا کہ ہمیں اپنے بچوں کو سرکاری اسکول میں پڑھانا ہے۔'

سید سردار شاہ کا کہنا تھا کہ یہ ضمیر کی آزمائش ہے کہ اپنے بچوں کو اس اسکول میں پڑھایا جائے جہاں پوری قوم کے بچے زیر تعلیم ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ ابھی یہ معاملہ زیرِ غور آئے گا کہ شعبہ تعلیم میں ایسے کتنے افراد موجود ہیں جو اپنے بچوں کو سرکاری اسکولوں میں پڑھائیں گے، اس کے بعد اس حوالے سے محکمہ جاتی کارروائی کی جائے گی۔

یہ بھی پڑھیں: سندھ حکومت کا سرکاری سطح پر ’او لیول‘ تعلیم متعارف کرانے کا فیصلہ

سید سردار شاہ نے سندھ اسمبلی کے اجلاس میں بیٹی کا داخلہ سرکاری اسکول میں کروانے کا اعلان کیا تھا اور چند روز قبل کراچی میں یومِ اساتذہ کے موقع پر ایک تقریب سے خطاب میں انہوں نے اپنے اس فیصلے کو دہرایا تھا۔

واضح رہے کہ خیبر پختونخوا میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے گزشتہ دور حکومت میں صوبے میں تعلیم کو فروغ دینے اور عوام کے سرکاری اسکولوں پر اعتماد کو بحال کرنے کے لیے کئی صوبائی وزرا کی جانب سے اپنے بچوں کا سرکاری اسکولوں میں داخلہ کرانے کی اطلاعات سامنے آئی تھیں۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024