• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

ازبکستان، شنگھائی تعاون تنظیم کے تحت پاک-بھارت مفاہمت کا خواہاں

شائع October 12, 2018
ازبکستان کے صدر اگلے ماہ بھارت کا دورہ کریں گے، —فائل/فوٹو:ڈان
ازبکستان کے صدر اگلے ماہ بھارت کا دورہ کریں گے، —فائل/فوٹو:ڈان

ازبکستان کے صدر شوکت مرزیووف کے اگلے ہفتے نئی دہلی کے دورے کے دوران بھارت کو، افغانستان کے ساتھ ریلوے نظام کے قیام کے لیے تعاون کی درخواست کی جائے گی۔

بھارتی اخبار دی ہندو کی رپورٹ کے مطابق ازبک صدر کے قریبی ساتھی پاکستان اور بھارت کے درمیان شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے تحت مفاہمت کے خواہاں ہیں۔

اخبار نے ازبک صدر کے قریبی ساتھی کے حوالے سے کہا کہ افغان شہر مزار شریف اور ہیرات کو ملانے والا مجوزہ ریلوے منصوبہ 650 کلو میٹر طویل ہوگا، جسے بعد ازاں کابل شہر تک توسیع دی جائے گی۔

اس اہم منصوبے پر افغان صدر اشرف غنی اور ازبک صدر شوکت میرزیووف نے گزشتہ برس اتفاق کیا تھا اور اس حوالے سے کئی ابتدائی سروے بھی مکمل کیے جاچکے ہیں۔

ازبک صدر کے دورے کے آغاز سے قبل دہلی میں موجود خارجہ امور کے خصوصی معاون الہوم نعمتوف نے دی ہندو کو بتایا کہ ‘ہم وسطی ایشیا میں بھارت کی بھرپور موجودگی کی حمایت کرتے ہیں اور افغانستان کے فائدے کے لیے امید رکھتے ہیں’۔

یہ بھی پڑھیں: شنگھائی تعاون تنظیم اجلاس: ممنون حسین اور نریندر مودی کا گرم جوشی سے مصافحہ

ان کا کہنا تھا کہ ‘مجھے امید ہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی کے ساتھ مذاکرات ہمارے دوطرفہ تعلقات میں نئے باب کا اضافہ کریں گے’۔

ازبک عہدیدار نے کہا کہ ‘اگر بھارت ریلوے کے اس منصوبے کی تعمیر میں شامل ہوا تو ہم اسے خوش آمدید کہیں گے، کیونکہ یہ بھارت کا ریکارڈ، تجربہ اور افغانستان میں امن کی بحالی کے لیے اس کی کوششوں کا باعث ہے’۔

ان کا کہنا تھا کہ ازبکستان کو ‘بحیرہ ہند کے ذریعے ’کھلی تجارت اور رابطوں میں دلچسپی ہے۔

رپورٹ کے مطابق ازبکستان اس منصوبے میں 50 کروڑ ڈالر کی سرمایہ کاری پر اتفاق کرچکا ہے جو افغانستان میں زرنج -دلارام ہائی وے اور ایران کے چاہ بہار میں شاہد بہشتی بندرگاہ کے بعد خطے کا اہم ترین منصوبہ ہوگا۔

مزید پڑھیں: پاکستان شنگھائی تعاون تنظیم کا مستقل رکن بن گیا

مزید کہا گیا ہے کہ بھارت، ایران - افغان سرحد پر چاہ بہار سے زاہدان تک ایک اور ریلوے منصوبے کی تعمیر کے لیے پرعزم ہے اور ازبکستان کے صدر بھارت، افغانستان اور ایران کے تجارتی معاہدے میں شامل ہونے کے خواہاں ہیں۔

ہیرات کا ریلوے منصوبہ، کابل تک توسیع کی صورت میں بھارت کے ‘ایئر کوریڈور’ سے بھی منسلک ہوگا جس سے خاص کر ڈرائی فروٹ اور زرعی اجناس کی تجارت کی اجازت ہوگی اور اس کے علاوہ بھارت سے وسطی ایشیا تک سفر کا دورانیہ بھی بہت کم رہ جائے گا۔

ازبکستان نے ایران، ایشین انفراسٹرکچر بینک (اے آئی آئی بی) اور چین کے ساتھ بھی مذاکرات کیے تھے جہاں 'بیلٹ اینڈ روڈ' منصوبے کے تحت ریل منصوبہ چل رہا ہے۔

پاکستان اور بھارت کے درمیان مذاکرات کی فضا ہموار کرتے ہوئے نعمتوف نے کہا کہ 'ازبکستان جنوری 2019 میں شنگھائی تعاون تنظیم کی صدارت سنبھال لے گا اور اس سے خطے کی سلامتی میں ازبکستان کا کردار متوقع طور پر زیادہ اہم ہوگا۔'


یہ خبر 12 اکتوبر 2018 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024