سکھر: مکان کی دیوار گرنے سے 8 بچے جاں بحق، 3 زخمی
صوبہ سندھ کے شہر سکھر کے نواحی علاقے میں مکان کی دیوار گرنے سے 8 بچے جاں بحق جبکہ 3 زخمی ہوگئے۔
ضلع سکھر کی تحصیل صالح پٹ کے گاؤں غلام سرور شنبانی میں گھر کی دیوار اچانک بچوں پر آگری جس کے نتیجے میں ملبے تلے دب کر 8 بجے جاں جاں بحق ہوگئے۔
مذکورہ حادثے کے وقت بچے گھر میں کھیل رہے تھے جبکہ اہلِ خانہ قریبی کھیتوں میں کام کررہے تھے۔
مزید پڑھیں: باجوڑ ایجنسی: دو مکانات کی چھت گرنے سے 7 افراد جاں بحق
واقع کے بعد سے علاقے کی فضا سوگوار ہے جبکہ جاں بحق ہونے والے بچوں کے لواحقین غم سے نڈھال ہیں۔
جس گھر میں مذکورہ حادثہ پیش آیا وہاں 3 خاندان مقیم ہیں، اس گھر کی دیوار ایک عرصے سے خستہ حال تھی تاہم مرمت نہ کرنے کی وجہ سے حادثہ پیش آیا۔
دیوار کے ملبے تلے دب کر جاں بحق ہونے والے بچوں میں 6 لڑکیاں اور 2 لڑکے شامل ہیں، جن کی شناخت 7 سالہ رخسانہ، 4 سالہ یعقوب، 12 سالہ فرو، 12 سالہ رخسانہ، 9 سالہ غلام اکبر، 6 سالہ منظوراں، 4 سالہ ستارا کے ناموں سے ہوئی۔
واقعہ میں زخمی ہونے والے 3 بچوں میں 2 سالہ دلشاد، 9 سالہ سخی ڈنو اور 12 سالہ رضیہ زخمی شامل ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: مظفرگڑھ: اسکول وین میں سیلنڈر دھماکا، 2 بچے جاں بحق
امدادی ٹیموں کی آمد سے قبل ہی علاقہ مکینوں نے اپنی مدد آپ کے تحت جاں بحق ہونے والے بچوں اور زخمیوں کو ملبے سے نکال کر فوری طور پر قریبی ہسپتال منتقل کیا تھا۔
علاقہ مکینوں نے فوری طور پر امدادی ٹیموں کو اطلاع دی لیکن ریگستانی علاقہ ہونے کی وجہ سے امدادی ٹیموں کو جائے حادثہ پر پہنچنے میں تاخیر ہوئی۔