• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:12pm
  • LHR: Zuhr 12:01pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:26pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:12pm
  • LHR: Zuhr 12:01pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:26pm

’پنجاب اسمبلی کے دروازے بند کرنا آمرانہ رویہ ہے‘

شائع October 10, 2018
حمزہ شہباز پنجاب اسمبلی کے باہر اپوزیشن احتجاج سے خطاب کررہے ہیں —فوٹو : ڈان نیوز
حمزہ شہباز پنجاب اسمبلی کے باہر اپوزیشن احتجاج سے خطاب کررہے ہیں —فوٹو : ڈان نیوز

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کے صاحبزادے حمزہ شہباز کا کہنا ہے کہ پنجاب اسمبلی کے دروازوں پر لگایا جانے والا تالا دراصل جمہوری نظام پر لگایا گیا ہے۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) نے پارٹی قائد شہباز شریف کی گرفتاری کے خلاف آج سہ پہر اپوزیشن کا اجلاس طلب کیا تھا لیکن اسپیکر پنجاب اسمبلی کی ہدایت پر خار دار تاریں لگا کر پنجاب اسمبلی تک جانے والا راستہ احتجاجی اراکین کے لیے بند کردیا گیا۔

اس موقع پر اپوزیشن اراکین کا کہنا تھا کہ ہم شہباز شریف کی گرفتاری کے خلاف پنجاب اسمبلی کی سیڑھیوں پر پُرامن احتجاج کرنا چاہتے تھے۔

علاوہ ازیں اپوزیشن جماعت کے اراکین صوبائی اسمبلی نے پنجاب اسمبلی میں داخل ہونے کے لیے دورازہ توڑنے کی کوشش کی اور حکومت مخالف نعرے بازی بھی کی۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے احتجاج میں حمزہ شہباز، خواجہ سعد رفیق، خواجہ عمران نذیر، حنا پرویز بٹ، بشریٰ انجم بٹ، عظمیٰ بخاری سمیت دیگر وزرا نے شرکت کی۔

پنجاب اسمبلی کے باہر احتجاج سے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف کے صاحبزادے اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ قوم کے سامنے حکمران بے نقاب ہو چکے ہیں۔

حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ عمران خان کہتے تھے آئی ایم ایف سے قرضہ نہیں لوں گا ورنہ خود کشی کر لوں گا اور اب قرضہ لے لیا جبکہ وزیر خزانہ کہتے تھے گیس بجلی مہنگی نہیں ہو گی، اگلے دن مہنگی ہو جاتی ہے۔

مزید پڑھیں : نیب نے شہباز شریف کے اثاثوں کی چھان بین کا آغاز کردیا

مسلم لیگ (ن) کے رہنما کا کہنا تھا کہ ڈالر مہنگا ہونے سے قوم پر 9 سو ارب روپے کا قرضہ چڑھ گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کنٹینر پر کھڑے ہو کر پارلیمنٹ کو گالیاں دینے والے ہزاروں لاکھوں ووٹ لے کر آئے تو اب پنجاب اسمبلی کے دروازے پر تالا لگا ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ نیازی صاحب آپ نے زندگی میں کبھی سچ نہیں بولا، حوصلہ ہوتا تو بتا دیتے کہ کس شخص کو عوام کا نمائندہ بنانا ہے۔

حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ آپ کے ساتھ وہ لوگ بیٹھے ہیں جو قبضہ گروپ سے تعلق رکھتے ہیں، جنہوں نے اربوں روپے کا غبن کیا وہ سینئر وزیر بنا دیئے گئے ہیں۔

صوبائی اسمبلی کے دروازے بند کرنا آمرانہ رویہ، سعد رفیق

مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور سابق وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم کا لب و لہجہ ناقابل قبول اور ناقابل برداشت ہے۔

انہوں نے کہا کہ صوبائی اسمبلی کے دروازے بند کردیے گئے ہیں ان کا جمہوریت سے کوئی تعلق نہیں ہے یہ آمرانہ رویہ ہے۔

سعد رفیق کا کہنا تھا کہ قائد حزب اختلاف شہباز شریف کو گرفتار کرنے کا ایک ہی مقصد ہے کہ عمران خان کے پاس کوئی ایجنڈا نہیں۔

یہ بھی پڑھیں : اپوزیشن جماعتوں نے قومی اسمبلی کے باہر احتجاجی اجلاس طلب کرلیا

ان کا کہنا تھا کہ عمران خان ملک چلانے کی ناکام کوشش کررہے ہیں، عمران خان چاہتے ہیں کہ اپوزیشن کے ساتھ الجھیں یہ انوکھے حکمران ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم کنٹینر پر نہیں چڑھ رہے تم چڑھانا چاہتے ہو، اگر یہ رویہ جاری رہا تو آمرانہ رویے کے خلاف اپوزیشن کے پاس سڑکوں پر احتجاج کے علاوہ کوئی راستہ نہ ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ مہنگائی سے غریب کی چیخیں نکل گئی ہیں، مسلم لیگ (ن) کے رہنما کا کہنا تھا کہ شہباز شریف جب جیل کی سلاخیں توڑ کر باہر آئیں گے تو پھر آپ کو پتہ چلے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ آج کا احتجاج بڑھتی ہوئی مہنگائی اور غیر قانونی گرفتاری کے خلاف ہے۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024