• KHI: Fajr 5:25am Sunrise 6:42am
  • LHR: Fajr 5:00am Sunrise 6:23am
  • ISB: Fajr 5:07am Sunrise 6:31am
  • KHI: Fajr 5:25am Sunrise 6:42am
  • LHR: Fajr 5:00am Sunrise 6:23am
  • ISB: Fajr 5:07am Sunrise 6:31am

عثمان ڈار وزیراعظم یوتھ پروگرام کے چیئرمین مقرر

شائع October 10, 2018
پی ٹی آئی رہنما عثمان ڈار — فوٹو، ٹوئٹر اکاؤنٹ
پی ٹی آئی رہنما عثمان ڈار — فوٹو، ٹوئٹر اکاؤنٹ

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما عثمان ڈار کو وزیراعظم یوتھ پروگرام کا چیئرمین مقرر کردیا گیا۔

کابینہ ڈویژن کی جانب سے جاری ہونے والے نوٹیفکیشن کے مطابق وزیرِ اعظم عمران خان نے عثمان ڈار کو وزیراعظم یوتھ پروگرام کا چیئرمین مقرر کیا۔

خیال رہے کہ مسلم لیگ (ن) کے دورِ حکومت میں یہ عہدہ سابق وزیرِ اعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز کے پاس تھا۔

اپنے ایک ویڈیو پیغام میں عثمان ڈار نے اعزازی عہدہ دینے پر وزیرِ اعظم عمران خان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ’عمران خان نے جو اعتماد ظاہر کیا ہے اس پر پورا اتروں گا‘۔

مزید پڑھیں: این اے 73: عثمان ڈار نے خواجہ آصف کی انتخابی کامیابی چیلنج کردی

پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے نوجوانوں کو صحیح معنوں میں با اختیار بنانے کا ٹاسک سونپا ہے۔

عثمان ڈار نے سابق دورِ حکومت میں لیپ ٹاپ اسکیم میں کی گئی مبینہ کرپشن کے آڈٹ کا بھی اعلان کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ سابق حکومت میں جب مریم نواز اس پروگرام کی چیئرپرسن تھیں، تو اس میں اسکیم کے لیے لیپ ٹاپ مہنگے داموں خرید کر قومی خزانے کو نقصان پہنچایا گیا۔

انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پرائم منسٹر لیپ ٹاک اسکیم میں ہونے والی مبینہ کرپشن کی تحقیقات کی جائے گی اور اس کے حقائق قوم کے سامنے لائے جائیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: درخواست کے باوجود ووٹوں کی گنتی دوبارہ نہیں کی جارہی، عثمان ڈار

پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ اس ملک کے نوجوانوں کو حکومتی سرپرستی میں ترقی کے مواقع دیے جائیں گے اور مکمل تیاری کے ساتھ نوجوانوں کے لیے زبردست پالیسیاں اور اسکیمیں متعارف کروائی جائیں گی۔

عثمان ڈار نے کہا کہ نوجوانوں کو کامیاب روزگار اور بہترین تربیت مہیا کرنا بھی ان کی ترجیحات میں شامل ہوگا۔

خیال رہے کہ عثمان ڈان نے رواں برس ہونے والے عام انتخابات میں قومی اسمبلی کی نشست این اے 73 پر پی ٹی آئی کے ٹکٹ پر حصہ لیا تھا، جس میں انہیں مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما خواجہ آصف کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 5 نومبر 2024
کارٹون : 4 نومبر 2024