• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

کترینہ کیف نے تعلقات کی چہ مگوئیوں پر خاموشی توڑ دی

شائع October 9, 2018
ماضی میں اداکارہ کا نام سلمان اور رنبیر کے ساتھ جوڑا جاتا رہا ہے—فوٹو: کترینہ کیف انسٹاگرام
ماضی میں اداکارہ کا نام سلمان اور رنبیر کے ساتھ جوڑا جاتا رہا ہے—فوٹو: کترینہ کیف انسٹاگرام

اگرچہ ان دنوں بولی وڈ میں اداکارائیں اپنے ساتھ ہونے والے نامناسب واقعات اور جنسی طور پر ہراساں کیے جانے والے واقعات کو سامنے لا رہی ہیں۔

تاہم کترینہ کیف نے ان دنوں میں اپنی محبت اور نجی زندگی سے متعلق بات کرتے ہوئے پہلی بار اپنے تعلقات پر کھل کر بات کی ہے۔

ماضی میں کترینہ کیف کے حوالے سے مختلف چہ مگوئیاں ہوتی رہی ہیں کہ ان کے سلمان خان اور رنبیر کپور سمیت دیگر اداکاروں سے تعلقات رہے ہیں۔

کترینہ کیف کا زیادہ تر نام سلمان خان سے جوڑا جاتا رہا ہے اور اتفاق کی بات ہے کہ ان دنوں بھی وہ سلمان خان کے ساتھ فلم ‘بھارت’ کی شوٹنگ میں مصروف ہیں اور ایسے میں ایک بار پھر ان کے تعلقات کی خبریں گردش میں ہیں۔

سلمان خان کے علاوہ ماضی میں کترینہ کیف کا نام رنبیر کپور سے بھی جوڑا جاتا رہا ہے، تاہم بعد ازاں رنبیر کی زندگی میں دپیکا پڈوکون آنے کے بعد یہ چہ مگوئیاں ختم ہوگئیں۔

اپنے تعلقات کی خبروں پر کبھی بھی کترینہ کیف نے کھل کر بات نہیں کی، تاہم اب پہلی بار انہوں نے نہ صرف تعلقات بلکہ محبت کے حوالے سے بھی کھل کر بات کی ہے۔

ڈی این اے انڈیا کے مطابق کترینہ کیف نے اداکارہ نیہا دھوپیہ کے چیٹ ‘نوفلٹر نہیا’ میں بات کرتے ہوئے بتایا کہ وہ محبت اور شادی کے حوالے سے کیا سوچ رکھتی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: سلمان اور کترینہ کیف آج کل کیا کر رہے ہیں؟

اپنے تعلقات کے حوالے سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں کترینہ کیف نے شرارتی انداز میں کہا کہ ہاں انہیں محبت ہے اور ان کے کسی سے تعلقات بھی ہیں، تاہم وہ کوئی مرد یا خاتون نہیں بلکہ کپڑے ہیں۔

اداکارہ نے وضاحت کی کہ اہ اپنے لباس اور ڈریسنگ کے حوالے سے زیادہ فکر مند رہتی ہیں، اس وجہ سے وہ ہمیشہ کپڑوں سے متعلق سوچتی رہتی ہیں، علاوہ ازیں انہوں نے یہ بھی بتایا کہ انہیں ‘ٹریک سوٹ’ ‘ٹریک پینٹس‘ اور ‘سویٹ پینٹس’ بہت پسند ہیں۔

محبت کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کترینہ کیف نے کہا کہ انسان کی زندگی میں ہر چیز یا کام کا ایک خاص وقت ہوتا ہے اور وہ سمجھتی ہیں کہ اس وقت ان کی زندگی کا وقت صرف کام کے لیے ہے۔

کترینہ کیف کے مطابق محبت یا تعلقات ایک ایسی چیز ہے، جس کے لیے انسان کے ہاتھ میں کچھ بھی نہیں ہوتا، یہ سب اس وقت خود بخود ہوجاتا ہے، جب قدرت چاہتی ہے۔

مزید پڑھیں: کترینہ سے دوری، رنبیر کو عالیہ کے قریب لے آئی

علاوہ ازیں کترینہ کیف نے اپنی گفتگو میں اعتراف کیا کہ وہ خود کو فیشن آئیکون نہیں سمجھتیں، البتہ ان کی نظر میں سونم کپور کا فیشن سینس بہت اچھا ہے، ساتھ ہی انہوں نے انوشکا شرما کے فیشن کی بھی تعریف کی۔

خیال رہے کہ کترینہ کیف کی فلم ‘ٹھگس آف ہندوستان’ آئندہ ماہ 8 نومبر کو ریلیز ہوگی، جب کہ ان کی آنے والی فلم ‘بھارت’ آئندہ برس ریلیز ہوگی۔

کترینہ کیف نے نہیا دھوپیہ کے جس شو میں بات کی وہ آڈیو چیٹ شو ہے، جسے انٹرنیٹ پر آن لائن سنا جاسکتا ہے، اس بار ‘نو فلٹر نیہا’ کا تیسرا سیزن شروع ہوچکا ہے، جو آئندہ ماہ نومبر کے آخر تک جاری رہے گا۔

نیہا دھوپیہ اس بار یہ شو حمل کے ساتھ کر رہی ہیں، ان کے ہاں رواں برس کے آخر تک بچے کی پیدائش متوقع ہے۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024