• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

اسلام آباد ایئرپورٹ پر مسافروں کو جہاز میں منتقل کرنے والا پُل گر گیا

شائع October 9, 2018
نیو اسلام آباد انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر مسافروں کو جہاز تک منتقل کرنے والا پل زمین بوس ہوگیا—فوٹو:طاہر نصیر
نیو اسلام آباد انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر مسافروں کو جہاز تک منتقل کرنے والا پل زمین بوس ہوگیا—فوٹو:طاہر نصیر

راولپنڈی: اسلام آباد میں نو تعمیر شدہ ایئرپورٹ پر مسافروں کو ایئرپورٹ سے جہاز میں منتقل کرنے والا پل گرنے سے نجی ایئر لائن کا طیارہ حادثے سے بال بال بچ گیا۔

گلف ایئر لائن کی پرواز نمبر GF 771 اسلام آباد سے بحرین جارہی تھی، جہاز جیسے ہی مسافروں کے سوار ہونے کے بعد راہداری سے الگ ہوا تو مذکورہ پل گرگیا۔

یہ بھی دیکھیں: بارش سے نیو اسلام آباد ایئرپورٹ کی چھت ٹپکنے لگی

اطلاعات کے مطابق پل کو آپریٹ کرنے والا سول ایوی ایشن (سی اے اے) کا آپریٹر محمد مدثر برج کو پیچھے ہٹا رہا تھا کہ وہ زمین بوس ہوگیا، آہنی پل اور شیشے ٹوٹنے سے آپریٹر زخمی بھی ہو گیا۔

گرنے والا پل مسافروں کو ایئرپورٹ سے جہاز تک منقل کرنے کے لیے استعمال ہوتا تھا—فوٹو: طاہر نصیر
گرنے والا پل مسافروں کو ایئرپورٹ سے جہاز تک منقل کرنے کے لیے استعمال ہوتا تھا—فوٹو: طاہر نصیر

ایئر پورٹ حکام نے بتایا کہ حادثے کا شکار ہونے والے پل کا نمبر 5 ہے جبکہ حادثے کے بعد ہوائی جہاز کو بحفاظت منزل کی جانب روانہ کردیا گیا تھا۔

ایئر پورٹ حکام کا مزید کہنا تھا کہ پل کیسے گرا اور حادثے کے پیچھے کارفرما محرکات کا جائزہ لینے کے لیے تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے۔

مزید دیکھیں: نیو اسلام آباد ایئرپورٹ پر آوارہ کتوں کی بھرمار

یاد رہے اس سے قبل 6 جون کو بارشوں کے نتیجے میں ایئر پورٹ کی چھت ٹپکنے کا واقعہ بھی سامنے آیا تھا جس کے بعد ایئرپورٹ کے اندر مختلف مقامات پر پانی کھڑا ہوگیا تھا اور مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

دوسری جانب چند روز قبل ہی پاکستان کے سب سے جدید ایئرپورٹ میں آوارہ کتے داخل ہوگئے تھے جس پر وزیر مملکت برائے داخلہ شہریار آفریدی نے ایئر پورٹ حکام کی سرزنش بھی کی تھی۔

خیال رہے کہ 105 ارب روپے کی لاگت سے تیار ہونے والے اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کا افتتاح یکم مئی کو سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: مقررہ تاریخ سے دو دن قبل ہی اسلام آباد ایئرپورٹ کا افتتاح

اسلام آباد کے 35 کلومیٹر جنوب میں تعمیر کیے گئے نئے انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر پروازوں کے آغاز کے ساتھ ہی بےنظیر بھٹو انٹرنیشنل ایئر پورٹ سے تمام کمرشل اور وی آئی پی پروازیں یہاں منتقل کردی گئی تھیں۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024