اٹک: شادی سے انکار پر دلہن قتل
راولپنڈی: صوبہ پنجاب کے علاقے اٹک میں شادی سے انکار پر لڑکے نے فائرنگ کرکے دلہن کو قتل کردیا۔
تھانہ صدر اٹک میں گولڑہ گاؤں کی حدود میں شادی کی خوشیاں غم میں تبدیل ہوگئیں اور شادی سے انکار کرنے پر محمد حبیب نامی نوجوان نے دلہن بنی لڑکی عظمیٰ کو قتل کردیا۔
مزید پڑھیں: لاہور میں نوبیاہتا دلہن حرا کا قتل
پولیس کے مطابق دلہن پر فائرنگ کرنے والا نوجوان دلہا بلال کا کزن ہے اور اس نے رخصتی کی تقریب میں فائرنگ کی۔
پولیس کا کہنا تھا کہ فائرنگ کا واقعہ اس وقت پیش آیا، جب دلہن کی رخصتی میں کچھ دیر ہی باقی تھی۔
پولیس کے مطابق فائرنگ کے بعد ملزم حبیب موقع سے فرار ہوگیا، جس کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جارہے ہیں۔
واقعے کے بعد لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے ہسپتال منتقل کردیا گیا۔
ادھر مقتولہ عظمیٰ کی والدہ شہناز کی مدعیت میں نامزد ملزم حبیب کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: بیوٹی پارلرکے باہر دلہن قتل
والدہ شہناز نے ڈان نیوز سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ ملزم حبیب نے ان کی بیٹی کا رشتہ مانگا تھا لیکن عظمیٰ نے اس سے انکار کردیا تھا، جس کا بدلہ لینے کے لیے اسے قتل کیا گیا۔
انہوں نے بتایا کہ عظمیٰ کے والد کا انتقال ہوچکا ہے اور اس کی شادی بلال سے طے کی گئی تھی۔