بھارت: پالتو کتے سے معافی نہ مانگنے پر نوجوان قتل
بھارت کے دارالحکومت نئی دہلی میں پالتو کتے سے معافی نہ مانگنے پر ایک شخص کو چھریوں کے وار سے قتل کردیا۔
ٹائمز آف انڈیا میں شائع رپورٹ کے مطابق پولیس کے مطابق دو بھائیوں انیک، پراس کرایہ دار دیو کے ساتھ پالتو کتے کے ہمراہ رات کو ٹہلنے نکلے کہ اسی دوران جیوندر نامی شخص اپنی گاڑی پارک کرنے لگا تو کتے کو چند خراش آگئیں ۔
یہ بھی پڑھیں: بھارت: تشدد کا شکار دلت نوجوان ہلاک
جس پر تینوں نوجوانوں نے 40 سالہ جیوندر کو گاڑی سے باہر نکال کر تشدد کا نشانہ بنایا اور کتے سے معافی کا مطالبہ کیا۔
پولیس نے بتایا کہ جیوندر نے معافی مانگنے کے بجائے کتے کو آوارہ چھوڑنے پر غصہ کیا۔
عینی شاہدین کے مطابق جیوندر تینوں سے بحث کرنے کے بعد گھر جارہا تھاکہ اچانک تینوں واپس آئے اور جیوندر کو گھسیٹتے ہوئے اسی مقام پر لے آئے جہاں لڑائی شروع ہوئی تھی۔
مزید پڑھیں: بھارت: مشتعل ہجوم نے 8 سالہ لڑکی کے ریپ میں ملوث ملزم کو قتل کردیا
عینی شاہدین کے مطابق تینوں نوجوانوں نے جیوندر کو پکڑ کر گھر کی چھری اور پیچ کس کے متعدد پے درپے وار سے قتل کردیا۔
اسی دوران جیوندر کا بڑا بھائی چیخیں سن کر باہر آیا تو تینوں نے اس پر بھی وار کرکے اسے زخمی کردیا۔
پولیس نے بتایا کہ جیوندر کو فوری اسپتال منتقل کردیا گیا لیکن اس کی موت واقع ہوگئی۔
اس حوالےسے ان کا کہنا تھا کہ ’دونوں بھائی اور ان کے کرایہ دار واقعے کے بعد فرار ہو گئے ہیں تاہم ان کی تلاش جاری ہے‘۔